چرنجیت سنگھ چنّی ہونگے پنجاب کے نئے چیف منسٹر، کل لیں گے حلف

چرنجیت سنگھ چنّی ہونگے پنجاب کے  نئے چیف منسٹر
کل لیں گے حلف،ٹوئٹر پر راہول گاندھی نے دی مبارکباد

چندی گڑھ: 19۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

چیف منسٹر پنجاب کی حیثیت سے کل کیپٹن امریندرسنگھ کے استفیٰ کے بعد بحران کا شکار کانگریس پارٹی کی جانب سے آج چیف منسٹر پنجاب کی حیثیت سے چرنجیت سنگھ چنّی کے نام کا قرعہ فال نکالا گیا ہے۔

کانگریس پارٹی ہائی کمان اور پنجاب کانگریس کے درمیان ایک دن کے وقفہ اور کافی تگ و دود کے بعد چرنجیت سنگھ چنّی کا بحیثیت چیف منسٹر پنجاب انتخاب عمل میں لایا گیا ہے۔کانگریس کے سینئر لیڈر ہریش راوت نے ٹوئٹر پر یہ اعلان کیا تھا۔

چرنجیت سنگھ چنّی 49 سالہ،دلت طبقہ سے ان کا تعلق ہے جو کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہونگے۔وہ کیپٹن امریندرسنگھ کی وزارت میں ٹیکنیکل ایجوکیشن منسٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔

RahulGandhi And New Elected CM Of Punjab #CharanjitSinghChanni, -Photo Courtesy:- @TS_Singhdeo,Twitter#

کل بحیثیت چیف منسٹر پنجاب اپنے عہدہ کا حلف لینے والے چرنجیت سنگھ چنّی پنجاب کے حلقہ اسمبلی چمکاؤر صاحب سے مسلسل تین مرتبہ کامیاب ہوتے آئے ہیں۔

چرنجیت سنگھ چنّی نے صدر پنجاب کانگریس نوجوت سنگھ سدھو اور دیگر کانگریسی قائدین کے ساتھ ریاستی راج بھون پہنچ کر گورنر بنواری لال پروہت سے ملاقات کی اور پارٹی کے ارکان اسمبلی کے دستخطوں پر مشتمل مکتوب حوالے کرتے ہوئے چیف منسٹر کی دعویداری پیش کی۔

کل پیر 20 ستمبر کو 11 بجے دن چیف منسٹر پنجاب کی حیثیت سے چرنجیت سنگھ چنّی اپنے عہدہ کا حلف لیں گے۔جنہیں ٹوئٹر پر راہو گاندھی نے نئی ذمہ داریوں کی مبارکباد دی ہے۔

اس طرح اس مانا جارہا ہے کہ اس عہدہ کے مضبوط دعویدار مانے جانے والے پنجاب کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو کو مات ہوئی ہے اور اس کی اہم وجہ مستعفی ہونے والے چیف منسٹر پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ کی وہ دھمکی تھی کہ وہ کسی بھی حالت میں نوجوت سنگھ سدھو کو پنجاب جیسے حساس پاکستانی سرحدی ریاستی کا چیف منسٹر نہیں بننے دیں گے۔

ساتھ ہی کل میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیپٹن امریندرسنگھ نے کہا تھا کہ کانگریسی ارکان اسمبلی کا اجلاس اور چیف منسٹر کی تبدیلی کے مطالبہ سے انہیں توہین محسوس ہوئی ہے۔ یہی وجہ رہی تھی کہ کیپٹن امریندر سنگھ نے  کل ہفتہ کو اچانک راج بھون پہنچ کر ریاستی گورنر بنواری لال پروہت سے ملاقات کرکے اپنے استعفیٰ کا مکتوب حوالے کردیا تھا۔

کیپٹن امریندر سنگھ نے استعفیٰ کے بعد بتایا تھا کہ انہوں نے صبح ہی صدر کانگریس سونیا گاندھی سے فون پر کہہ دیا تھا کہ وہ اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے رہے ہیں انہوں نے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس پر سونیا گاندھی نے کسی بھی ردعمل کا اظہار تک نہیں کیا اور نہ ہی انہیں کوئی تیقن دیا۔

اپنے سیاسی مستقبل کے بارے میں کیپٹن امریندر سنگھ نے اشارہ دیا تھا کہ وہ اپنے حامیوں سے بات کرنے کے بعد ہی اس کا اعلان کریں گے۔

کیپٹن امریندر سنگھ نے کل این ڈی ٹی وی کو بتایا تھا کہ انہوں نے اپنی ساڑھے چار سالہ چیف منسٹر کے عہدہ کی معیاد کے دؤران صدر کانگریس سونیا گاندھی سے صرف دو مرتبہ ملاقات کی اور گزشتہ سال مارچ میں کورونا وبا کے آغاز کے بعد سے آج 18 ماہ بعد بھی راہول گاندھی یا پرینکا گاندھی سے ملاقات نہیں کی تھی۔

یاد رہے کہ 117 رکنی پنجاب اسمبلی میں کانگریس کے 80 ارکان اسمبلی ہیں۔

 کئی دنوں سے پنجاب کانگریس میں چیف منسٹر کیپٹن امریندرسنگھ اور نوجوت سنگھ سدھو کے گروپس کے درمیان خلفشار واضح تھی۔بعدازاں نوجوت سنگھ سدھو کو پنجاب کانگریس کا صدر بنایا گیا تھا تاہم اس کے بعد بھی ان دونوں میں اختلافات کے مناظر وقفہ وقفہ سے سامنے آتے رہے ہیں۔