وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کے جلسہ میں صدرنشین بلدیہ تانڈور سواپنا پریمل کانگریس میں شامل
بی آر ایس پارٹی کو ایک اور جھٹکا، سابق وزیراعلیٰ و پارٹی سربراہ کے سی آر کو مکتوب استعفیٰ روانہ
وقارآباد/تانڈور: 21؍فروری
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
وقارآباد ضلع اور اس کے حلقہ اسمبلی تانڈور میں بی آر ایس پارٹی کو آج رات اس وقت شدید جھٹکا لگا جب صدر نشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے کوسگی میں منعقدہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کے جلسہ میں باقاعدہ کانگریس پارٹی میں شامل ہوگئیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے انہیں پارٹی کھنڈوا پہناکر کانگریس میں شامل کرلیا۔اس موقع پر صدرنشین ضلع پریشد وقارآباد مسز پی۔سنیتا مہندر ریڈی اور رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہر ریڈی بھی موجود تھے۔
دوسری جانب آج شام دیر گئے کانگریس میں شامل ہونےسے عین قبل صدرنشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل کی جانب سے بی آر ایس پارٹی اور اس کی ابتدائی رکنیت سے استعفیٰ کا مکتوب مقامی میڈیا کو روانہ کیا گیا تھا۔ جسے انہوں نے سابق وزیراعلیٰ و پارٹی سربراہ کے سی آر کو روانہ کر دیا ہے۔
تاٹی کونڈا سواپنا پریمل کی زیر صدارت اور رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہرریڈی کی موجودگی میں 19 فروری کوہی 36 رکنی بلدیہ تانڈور کاسالانہ بجٹ برائے 2024-2025 پیش کرتے ہوئے ارکان بلدیہ سے منظوری حاصل کی گئی تھی۔
تاٹی کونڈا سواپنا پریمل 2020ء میں منعقدہ بلدی انتخابات میں بلدی حلقہ 27 سے نتخب ہوئی تھیں۔سواپنا پریمل کا تعلق سابق وزیر و موجودہ رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی کے گروپ سے ہونے کے باعث جنوری 2020ء میں صدرنشین بلدیہ کے انتخاب کے موقع پر اس عہدہ کےلیے تاٹی کونڈا سواپنا پریمل اور پٹلولا دیپا نرسملو مضبوط دعویدار بن کر ابھرے تھے۔ پٹلولا دیپا نرسملو جوکہ اس وقت کےرکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کے گروپ سے تعلق رکھتی ہیں اس عہدہ کے لیے زبردست رسہ کشی دیکھی گئی تھی۔
بعد ازاں پارٹی ہائی کمان کی مداخلت اور افہام و تفہیم کے بعد یہ طئے کیا گیا تھا کہ پہلے ڈھائی سال تاٹی کونڈا سواپنا پریمل صدرنشین بلدیہ تانڈور کے عہدہ پر فائز ہونگی بعد ازاں پٹلولا دیپا نرسملو ڈھائی سال یہ عہدہ سنبھالیں گی۔ تاہم ڈھائی سال مکمل ہوجانے کے بعد سواپنا پریمل نے اس عہدہ سے سبکدوش ہونے اور دیپا نرسملو کو صدرنشین بلدیہ کا عہدہ حوالے کرنے سے انکار کر دیا تھا۔اس کے بعد سے بی آر ایس کے دونوں گروپس میں شدید رسہ کشی جاری تھی۔

اس طرح تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے جنوری 2024ء میں اپنے عہدہ کے چار سال مکمل کرلیے ہیں۔کئی ماہ سے ان دونوں گروپس اور صدرنشین و نائب صدر نشین بلدیہ کے درمیان اقتدار کی منتقلی کے لیے جنگ جاری ہے۔جبکہ حالیہ اسمبلی انتخابات کےموقع پر بی آر ایس کے چند ارکان بلدیہ اور چند اہم قائدین جو ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی گروپ کے تھے انہوں نے بی آر ایس چھوڑ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔
وہیں حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس امیدوار و رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کو کانگریسی امیدوار بویانی منوہر ریڈی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔گزشتہ دنوں صدرنشین ضلع پریشد مسز پی۔سنیتا مہندر ریڈی اور ان کے فرزند کے کانگریس میں شامل ہوجانے کے بعد قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ صدرنشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل اور چند بی آر ایس ارکان بلدیہ بھی کانگریس میں شامل ہوسکتے ہیں۔! یاد رہے کہ اسمبلی انتخابات کے موقع پر صدرنشین بلدیہ وقارآباد سی۔منجولہ رمیش بھی بی آر ایس پارٹی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہوگئی تھیں۔
" یہ بھی پڑھیں ”

