کینیڈا میں مذہبی تعصب کا معاملہ،مسلم خاندان کو ٹرک سے رؤند دیا گیا،چار جاں بحق،ملزم گرفتار

بین الاقوامی خبریں

 کینیڈا میں مذہبی تعصب کا معاملہ

مسلم خاندان کو ٹرک سے رؤند دیا گیا،چار جاں بحق،20 سالہ ملزم گرفتار

اونٹاریو/کینیڈا :8،جون(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

کینیڈا کے اونٹاریو کے شہر لندن میں کل پیر کو پیش آئے ایک المناک واقعہ میں ایک ہی مسلم پاکستانی نژاد کینیڈین خاندان کے پانچ افراد کو ایک پک اپ ویان ٹرک نےاس وقت رؤند ڈالا جب وہ ایک انٹرسیکشن کراس کرنے کے لیے کھڑے تھے۔اس المناک حادثہ میں چار افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک 9 سالہ لڑکا شدید زخمی ہوگیا۔

مذکورہ خاندان کو ٹرک سے روندنے والا دہشت گرد ناتھانیئل ویلٹمین مذہبی تعصب میں مبتلا بتایا گیا ہے مسلم پاکستانی خاندان کے چارافراد کو گاڑی سے رؤندکر ہلاک کرنے کے واقعہ میں پولیس نے ملزم ناتھانیئل ویلٹمین 20 سالہ کو گرفتار کرتے ہوئے آج لندن اونٹاریو کی مقامی عدالت میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ پیش کیا عدالت میں ملزم پر فرسٹ ڈگری قتل کے چار اور اقدامِ قتل کا ایک الزام عائد کیا گیاہے۔

میڈیا اطلاعات کے مطابق ملزم کو جمعرات کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔پولیس نے 20 سالہ مشتبہ کینیڈین نوجوان کو اونٹاریو کے شہر لندن کے انٹرسیکشن کراس واک سے سات کلومیٹر دور ایک مال سے گرفتار کیا ہے۔

کینیڈا میں دہشت گردی کا شکار ہونے والے پاکستانی خاندان کا تعلق لاہور سے ہے۔اس واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد میں عمر رسیدہ ماں، ان کے فزیوتھراپسٹ فرزند، بہو اور کمسن پوتی شامل ہیں جبکہ 9 سالہ پوتا شدید زخمی ہوا ہے جو اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔

اس افسوسناک واقعہ کے بعد کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں سمیت تمام مسلم کمیونٹی تشویش میں مبتلاء ہے۔ وہیں مقامی شہری بھی اس واقعہ کو بربریت قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کرتے ہوئے جاں بحق خاندان کو خراج پیش کررہے ہیں۔

اس واقعہ کے بعدوزیراعظم کینیڈا کےجسٹن ٹروڈو نے کہا کہ اونٹاریو واقعہ نے انہیں دہلا کر رکھ دیا ہےساتھ ہی اس واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں اسلامو فوبیا کے لیے کوئی جگہ نہیں،اس نفرت کو ختم کرنے کی شدید ضرورت ہے۔

 

اس واقعہ میں ملوث کینیڈین نوجوان کے متعلق پولیس کو یقین ہے کہ یہ ٹکر منصوبے کے تحت ماری گئی ہے،پولیس نے اسے نفرت پر مبنی جرم قرار دیا ہے، ڈٹکٹیو سپرنٹنڈنٹ پال وائٹ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایسا مانا جا رہا ہے کہ ان افراد کو مسلمان ہونے کی وجہ سے نشانہ بنایا گیاہے انہوں نے کہا کہ پولیس اس مقدمہ میںملزم کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کو شامل کرنے پر غور کر رہی ہے۔

اس واقعہ پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہاکہ کینیڈاکے شہر لندن میں پاکستانی نژاد خاندان کی ہلاکت مغربی ممالک میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کو واضح کرتا ہے۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے آج کیے گئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ اونٹاریو کے شہر لندن میں مسلمان پاکستانی نژاد کینیڈین خاندان کی ہلاکت پر افسوس ہوا ہے۔ دہشت گردی کی یہ قابل مذمت حرکت مغربی ممالک میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کی نشاندہی کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ’عالمی برادری کی جانب سے اسلامو فوبیا کا مکمل مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے