کوویڈویکسین اندازی کے بعد ہوگی سی اے اے پر عمل آوری : امیت شاہ
ملک کی اقلیتوں پر کوئی اثر نہیں ہوگا ، اپوزیشن پر گمراہ کرنے کا الزام
ٹھاکرگنج/کوچ بہار۔مغربی بنگال۔11۔فروری
(ایجنسیاں/سحرنیوزڈیسک)
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ کوویڈویکسین اندازی کے اختتام کے بعد شہریت ترمیمی قانون( سی اے اے) پر عمل آوری کا آغاز ہوگا ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ سی اے اے پر عمل آوری سے ملک کی اقلیتوں کے موقف پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن جماعتیں اقلیتوں کواس معاملہ میں غلط باور کروارہی ہیں۔
مرکزی وزیر داخلہ آج مغربی بنگال کے ضلع 24 پرگنہ کے ٹھاکرگنج میں ایک جلسہ سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ سی اے اے قانون میں مغربی بنگال کی متواکمیونٹی کو بھی شامل کیا جائے گا۔

امیت شاہ نے کہا کہ نریندر مودی نے 2018ء میں کہا تھا کہ اگر بی جے پی 2019ء میں دوبارہ اقتدار پر آئی تو سی اے اے نافذ کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ2020ء میں کوورونا وباء کے باعث سی اے اے پر عمل آوری ممکن نہیں ہوپائی۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ ممتا دیدی نے کہا تھا کہ ہم نے جھوٹا وعدہ کیا ہے اور انہوں نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مغربی بنگال میں سی اے اے نافذ نہیں کریں گی انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہم نے ہمیشہ اپنے وعدوں کو پورا کیا ہے اور ہم نے اس قانون کو لایا جس سے پناہ گزینوں کو شہریت حاصل ہوگی۔
اور کوویڈ ویکسین اندازی کے اختتام کے فوری بعد سی اے اے پر عمل آوری کے ذریعہ شہریت دی جائے گی۔ وزیر داخلہ امیت شاہ نے اس جلسہ سے اپنے خطاب میں کہا کہ ممتابنرجی سی اے اے پر عمل آوری نہ کرنے کے موقف میں نہیں ہوں گی وہ وزیر اعلیٰ کے عہدہ پر نہیں رہیں گی کیونکہ جاریہ سال اپریل میں مغربی بنگال کے اسمبلی انتخابات کے انعقاد کا امکان ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے مغربی بنگال کے ہی کوچ بہار میں منعقدہ پریورتن ریالی سے اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو ایک ناکام وزیر اعلیٰ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں آنیوالے اسمبلی انتخابات نریندر مودی کے ترقی ماڈل بنام ممتا کا تباہی ماڈل ہونگے۔
امیت شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ترنمول کانگریس کے غنڈوں نے اب تک مغربی بنگال میں 130 سے زیادہ بی جے پی کارکنوں کا قتل کیا ہے اور ان کے خلاف ممتابنرجی حکومت نے کوئی کارروائی نہیں کی امیت شاہ نے اعلان کیا کہ ہماری حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد ہم ان تمام قاتلوں کو جیل میں ڈالیں گے۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اپنے خطاب میں ممتابنرجی سے سوال کیا کہ جئے شری رام کے نعرے سے اتنی نفرت کیوں ؟ کیا یہ نعرہ پاکستان میں لگایا جائے ؟ اور انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب مغربی بنگال میں انتخابات کا عمل ختم ہوگا ممتا بنرجی بھی جئے شری رام کا نعرہ لگائیں گی امیت شاہ نے کہا کہ پریورتن ریالی وزیر اعلی ، وزراء یا ارکان اسمبلی کا پریورتن (بدلاؤ)نہیں ہے بلکہ مغربی بنگال کی موجودہ صورتحال کی تبدیلی ہے۔
امیت شاہ نے مغربی بنگال کے رائے دہندگان سے اپیل کی کہ وہ آنیوالے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو اقتدار پر لائیں اور غیر قانونی تارکین وطن کو ریاست سے باہر نکالنے میں بی جے پی کی مدد کریں ۔
مغربی بنگال کے انتخابات کے تناظر میں بی جے پی مغربی بنگال میں پریورتن یاترا منعقد کررہی ہے۔