وقار آباد ضلع : تانڈور کے مذہبی مقامات، ریلوے اسٹیشن، بس اسٹانڈ
اور دیگر مقامات پر بموں کو ناکارہ بنانے والی ٹیم کی اچانک تلاشی مہم
وقار آباد/ تانڈور: 04۔مارچ
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) وقارآبادضلع مسٹر این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس کی ہدایت پر بموں کو ناکارہ کرنے والی ٹیم (بم ڈسپوزل ٹیم BD) نے آج ضلع کے تانڈور ٹاؤن کی مساجد،منادر،دیگر مذہبی مقامات،ریلوے اسٹیشن،بس اسٹانڈ،سینما تھیٹرس،شاپنگ مالس،مارکیٹس اور کلورٹس میں اچانک تلاشی مہم منظم کی۔
پولیس ذرائع نے اس تلاشی مہم کو پولیس کی جانب سے اچانک کی جانےوالی حسب معمول کارروائی قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس طرح کی اچانک منظم کی جانے والی تلاشی مہم کا مقصد امن و امان کی فضا کو مکدر کرنے کی کوشش کرتے ہوئے غیر سماجی عناصر کی جانب سے کہیں دھماکہ خیز مادہ یا مشتبہ اشیا اگر رکھی گئیں ہوں یا منتقل کی جارہی ہوں تو انہیں ضائع کرناہوتا ہے۔اور ساتھ ہی عوام میں اس اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ہوتا ہے کہ محکمہ پولیس ہمیشہ مستعد و چوکس ہے۔آج وقارآباد ضلع کے تانڈور میں منظم کی گئی اس تلاشی مہم کے دؤران ایسی کوئی دھماکو یا مشتبہ اشیاء دستیاب نہیں ہوئیں۔
بعد ازاں ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے بتایا کہ اس ٹیم میں خصوصی تربیت یافتہ پولیس عہدیداران اور دھماکہ خیز اشیاء کا پتہ لگاکر انہیں ناکارہ کرنے والے تربیت یافتہ ارکان شامل تھے۔جن کی خدمات اسی غرض سے حاصل کی جاتی ہیں۔اور یہ ٹیمیں ضلع کےمختلف مقامات پر اسی طرح اچانک تلاشی مہم انجام دیتے ہوئے عوام کے تحفظ و امن وامان کی برقراری میں اہم رول ادا کرتی ہیں۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وقارآبادضلع مسٹر این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے کہاکہ ضلع میں امن و امان کی برقراری اورعوام کا تحفظ ہی محکمہ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہوتا ہے۔ساتھ ہی ضلع ایس پی مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی نے ضلع کے عوام سےخواہش کی ہے کہ اگر وہ دھماکہ خیز اشیاء اور نشیلی اشیاء کی خرید و فروخت،مختلف غیر قانونی سرگرمیوں اور مشتبہ افراد کی اطلاع رکھتے ہوں تو لازمی طور پر فوری پولیس کو اطلاع دیں۔اور ایسی اطلاع دینے والوں کی شناخت محکمہ پولیس کی جانب سے پوشیدہ رکھی جاتی ہے۔