کرناٹک کے نئے چیف منسٹر کی حیثیت سے بسواراج بومائی کا انتخاب،کل لیں گے عہدہ کا حلف

بین ریاستی خبریں قومی خبریں

کرناٹک کے نئے چیف منسٹر کی حیثیت سے بسواراج بومائی کا انتخاب

کل لیں گے اپنے عہدہ کا حلف،مرکزی وزرا نے دی مبارکباد

بنگلور :27۔جولائی (سحرنیوزڈاٹ کام)

کرناٹک کی موجودہ ایڈی یورپا کابینہ میں وزیر داخلہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے بسواراج بومائی کا آج شام دیر گئے بی جے پی لیجسلیچر پارٹی نے بحیثیت چیف منسٹر کرنا ٹک انتخاب کرلیا ہے۔

بسواراج بومائی کو اس عہدہ کے لیے مضبوط دعویدار مانا جارہا تھا۔

بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کے اجلاس میں چیف منسٹر کرناٹک کے عہدہ کے لیے سابق چیف منسٹر کرناٹک بی ایس ایڈی یورپا نے بسواراج بومائی کا نام پیش کیاجس کی تائید کرجول اشوک ایشوراپا اور دیگر ارکان اسمبلی نے کی۔

یاد رہے کہ چیف منسٹر کرناٹک بی ایس ایڈی یورپا نے کل پیر کے دن اپنی حکومت کے دوسال کی تکمیل کے موقع پر منعقدہ تقریب میں جذبات سے مغلوب ہوتے ہوئے اپنے عہدہ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

اور ریاستی گورنر تھاور چند گہلوٹ سے ملاقات کرکے اپنا مکتوب استعفی حوالے کیا تھا جسے قبول کرلیا گیا تاہم ایڈی یورپا کو نئے چیف منسٹر کے انتخاب تک اپنی ذمہ داری نبھانے کی ہدایت دی گئی تھی۔

کرناٹک کے سبکدوش چیف منسٹر بی ایس ایڈی یورپا کی طرح نومنتخب چیف منسٹر بسواراج بومائی کا تعلق بھی لنگایت طبقہ سے ہے۔جو کرناٹک کی سیاست میں بہت زیادہ اثر ورسوخ کا حامل مانا جاتا ہے۔

کرناٹک میں اب تک جملہ 22 وزرائے اعلیٰ میں سے صرف 3 وزرائے اعلیٰ نے اپنے عہدہ کی پانچ سالہ مدت مکمل کی ہے۔

کل اپنے عہدہ سے مستعفی ہونے والے چیف منسٹر کرناٹک بی ایس ایڈی یورپا نے اب تک چار مواقع پر چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالا مگر وہ ان چار معیادوں کے دؤران صرف 1,901 دن ہی چیف منسٹر کے عہدہ پر رہ پائے۔زیادہ سے زیادہ 9 مواقع پر کرناٹک کے وزرائے اعلیٰ اپنے عہدہ کا ایک سال بھی مکمل نہیں کرپائے۔

کرناٹک کے چیف منسٹرس کے عہدہ کی معیاد کی بات کی جائے تو دیوراج ارس نے 2،790 دن، ایس۔ نجلنگپا نے 2،729 دن،راما کرشنا ہیگڈے نے 1،967 دن، بی ایس ایڈی یورپا نے 1،901 دن، سدرامیا نے 1،828 دن ، ایس ایم کرشنا نے 1،691 دن، کے۔ چینگلاریاریڈی نے 1،681 دن، کے۔ ہنومنتیا نے 1،603 دن،بی ڈی جٹی نے 1،393 دن اور ویریندر پاٹل نے 1،337 دن تک چیف منسٹر کرناٹک کا عہدہ سنبھالا تھا۔

آج شام دیرگئے بسواراج بومائی کے بحیثیت چیف منسٹر کرناٹک انتخاب کے بعد مرکزی وزراء و کرناٹک کے آبزرورس دھرمیندرا پردھان اور جی۔ کشن ریڈی نے انہیں گلدستہ دیکر مبارکباد پیش کی۔

گورنر کرناٹک تھاور چند گہلوٹ کی جانب سے راج بھون سے جاری کردہ مکتوب میں کیا گیا ہے کہ نومنتخب چیف منسٹر کرناٹک بسواراج بومائی کل 28 جولائی بروز چہارشنبہ 11 بجے دن ریاستی راج بھون کے گلاس ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں اپنے عہدہ کا حلف لیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے