ٹی آرایس قائدین اپنے قائد کی سالگرہ منانے والا جوش و خروش تانڈور کی سڑکوں کی بہتری کے لیے بھی دکھائیں

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

ٹی آرایس قائدین اپنے قائد کی سالگرہ منانے والا جوش و خروش تانڈور کی سڑکوں کی بہتری کے لیے بھی دکھائیں
تانڈور میں بی جے پی کی احتجاجی پدیاترا،سڑکوں کی فوری مرمت کا مطالبہ، بی جے پی قائدین گرفتار

وقارآباد/تانڈور:28۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)

سدانند ریڈی صدر بھارتیہ جنتا پارٹی ضلع وقارآباد نے الزام عائد کیا ہے کہ رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی اور سابق وزیر پی۔مہندرریڈی تانڈور کی انتہائی ابتر اور خراب سڑکوں کی مرمت کرنے کے بجائے اپنے قائد کی سالگرہ دھوم دھام کے ساتھ منانے میں مصروف ہیں اور انہیں تانڈور کے عوام کو ہونے والی تکالیف سے کوئی غرض نہیں ہے۔

تانڈورسے حیدرآباد اور محبوب نگر کے علاوہ تانڈور کی سڑکوں کی خراب حالت کے خلاف آج یہاں بی جے پی کی جانب سے شیواجی چوک تا بس اسٹانڈ احتجاجی مہاپدیاترا نکالی گئی۔

اس پدیاترا کی شیواجی چوک واپسی کے دوران تانڈور پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے بی جے پی قائدین اور کارکنوں کو اندراچوک پر روک دیا اور اپنی تحویل میں لے لیا جس کے خلاف بی جے پی قائدین اور کارکنوں نے پولیس اسٹیشن پر احتجاج منظم کیا۔

اس موقع پر صدر بھارتیہ جنتاپارٹی ضلع وقارآباد سدانند ریڈی اور جنرل سیکریٹری یو۔رمیش کمارنے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تانڈور کے بلدی حدود میں موجود اور تانڈور سے کرناٹک ، ظہیرآباد ، محبوب نگر اور حیدرآباد کو جوڑنے والی سڑکوں کی حالت انتہائی ابتر ہوگئی ہے۔

لیکن برسر اقتدار ٹی آر ایس پارٹی اور اسکے قائدین کو کوئی فکر نہیں ہے انہوں نے کہا کہ اپنے وزیر کی سالگرہ کے موقع پر کی گئی دھوم دھام اگرسڑکوں کی مرمت کے لیے بھی کی جاتی تو عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔

ان بی جے پی قائدین نے سوال کیا کہ رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی اور رکن قانون ساز کونسل و سابق وزیر ٹرانسپورٹ پی۔مہندرریڈی کیوں تانڈور کی سڑکوں کو بہتر بنانے کے اقدامات نہیں کررہے ہیں؟

بی جے پی کے ضلعی قائدین نے کہا کہ خراب سڑکوں کے باعث ہونے والے حادثات میں قیمتی جانیں ضائع ہورہی ہیں لیکن پھر بھی سڑکوں کی مرمت کے اقدامات نہیں کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ ا نتہائی خراب حالت میں موجود تانڈور کی سڑکوں کی بڑے پیمانے پر مرمت کے بجائے سمنٹ کے ذریعہ لیپاپوتی کی وجہ کیا ہے؟

صدر بھارتیہ جنتاپارٹی ضلع وقارآباد سدانند ریڈی اور جنرل سیکریٹری یو۔رمیش کمارنے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر تانڈور کی سڑکوں کی حالت بہتر بنائی جائے۔

اس موقع پر رکن ریاستی بی جے پی مہیلا مورچہ انتارام للیتا نے بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انتخابات کے موقع پر تانڈور کی فضائی آلودگی کو ختم کرنے اور سڑکوں کی حالت بہتر بنانے کا وعدہ کرتے ہوئے ووٹ حاصل کرنیوالے عوام کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔

اس احتجاج میں جنرل سیکریٹری ضلع بی جے پی بنٹارم بھدریشور،بی جے پی کے سینیئر قائد پجاری پانڈو،بی جے پی کے ارکان بلدیہ بنٹارام لاونیہ،بالپا، صدر ضلع بی جے پی مہیلا مورچہ ساہو شری لتا،ضلع نائب صدرہنمنتو مدیراج،صدر منڈل بی جے پی انجنیئلو،صدر یالال منڈل بی جے پی مہیپال کے علاوہ بی جے قائدین سدرشن گوڑ،ناراسری کانت،رجنی کانت،سری کانت ریڈی،تانڈرا نریش،کوٹلہ نریندرریڈی کے علاوہ دیگر اس احتجاج میں شریک تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے