صدر بی جے پی بنڈی سنجے جھوٹ سے بازآجائیں، مرکزی فنڈس کی تفصیلات عوام کے سامنے پیش کریں
ہندو۔ مسلم منافرت کیلئے تلنگانہ میں کوئی جگہ نہیں ، وقارآباد ضلع کے ایم ایل سی اور ایم ایل ایز کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔21۔جنوری (سحرنیوز) ضلع وقارآباد سے تعلق رکھنے والے پی۔ مہندرریڈی ایم ایل سی متحدہ ضلع رنگاریڈی و سابق وزیر ٹرانسپورٹ رکن اسمبلی حلقہ جات تانڈور، وقارآباد اور پرگی کے ارکان اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی ، ڈاکٹر ایم۔ آنند اور مہیش ریڈی نے تلنگانہ بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہیکہ ریاست میں جاری مشن بھاگیرتا ، مشن کاکتیہ ، گرام پنچایتوں اور دیگر ترقیاتی کاموں کے علاوہ مختلف اسکیمات پر ریاستی فنڈس خرچ کیے جارہے ہیں انہوں نے صدر تلنگانہ بھارتیہ جنتا پارٹی و رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے کو چیلنج کیا کہ وہ مرکزی فنڈس کی تفصیلات واضح کریں یا عوام میں جھوٹ پھیلانا بند کردیں ۔
یادرہیکہ 18جنوری کو وقارآباد میں منعقدہ بی جے پی کے جلسہ عام اور سابق وزیر کی بی جے پی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ریاستی صدر بی جے پی و رکن پارلیمان بنڈی سنجے نے ریاستی حکومت کیخلاف مختلف الزامات عائد کیے تھے اور ساتھ ہی وزیر اعلیٰ کے سی آرپر سخت ذاتی حملے بھی کیے جس پر ٹی آرایس پارٹی سے تعلق رکھنے والے ان ایم ایل سی اور ایم ایل ایز نے اس پریس کانفرنس میں صدر ریاستی بی جے پی بنڈی سنجے کو چیلنج کیا بھی کہ اس مسئلہ پر کھلے مباحثہ کیلئے وہ تیار ہیں ساتھ ہی بنڈی سنجے اور دیگر بی جے پی قائدین کو یہ انتباہ بھی دیا کہ وہ اپنی حدود میں رہیںاور وزیر اعلیٰ کے ۔ چندراشیکھر راواور ریاستی وزیر و کارگزار صدر ٹی آرایس کے ۔تارک راما راو کیخلاف اہانت آمیز اورناقابل برداشت الفاظ کے استعمال سے گریز کریں ورنہ انہیں مناسب موقع پر سبق سکھایا جائے گا۔ ایم ایل سی پی۔ مہندرریڈی نے اس پریس کانفرنس میںریمارک کیا کہ بنڈی سنجے اپنی حیثیت کو بھول کر گھمنڈ اور غرو ر کیساتھ غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کرنے میں مصروف ہیں اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بنڈی سنجے ہندو۔ مسلم منافرت پیدا کرنے اور خود کوہندوؤں کا چمپین ثابت کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں جو کہ تلنگانہ میں ناممکن ہے۔ اس پریس کانفرنس میںایم ایل ایز ڈاکٹر ایم۔ آنند اور مہیش ریڈی نے کہا کہ کے ٹی آر میں وزیر اعلیٰ بننے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیںاور بنڈی سنجے کو یہی خوف ستارہا ہے