جوبائیڈن نے 46 ویں امریکی صدر کی حیثیت سے حلف لے لیا
امریکہ،20؍جنوری ( سحرنیوزڈیسک ) مسٹر جوبائیڈن نے آج امریکہ کے 46ویں صدر کی حیثیت سے حلف لے لیا۔جسٹس جان جی رابرٹس جونی چیف جسٹس آف سپریم کورٹ آف دی یونائیٹیڈ اسٹیٹس امریکہ نے جوزف آر بائیڈن جونیئرکو عہدہ کا حلف دلایا۔
امریکی پارلیمنٹ کی عمارت کیپٹل ہل کی وسیع و عریض بالکونی میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں امریکہ کے کئی سابق صدور بشمول جارج بش ،بل کلنٹن، بارک اوباما اور دیگر نے شرکت کی۔ نو منتخب صدر جو بائیڈن کی آج منعقدہ حلف برداری کی تقریب پر انتہائی سخت سکیورٹی کے انتظامات کی سابق میں نظیر نہیں ملتی جبکہ واشنگٹن شہرمیں زائد از 25ہزار نیشنل گارڈز تعینات کیے گیے جن میں پولیس، خفیہ سروس اور دوسرے اداروں کا حفاظتی عملہ شامل ہے۔
وہیں کورونا وائرس کی جاریہ وبا کے باعث اس تقریب کے شرکا کی تعداد کو محدودکیا گیا تھا تاہم کیپٹل ہل کے سبزہ زار پرحلف برداری کی تقریب کا نظارہ کرنے کی غرض سے ہزاروں افراد کا مجمع بھی دیکھا گیا تقریب حلف برداری میں امریکہ کے 45ویں صدر ڈونالڈ ٹرمپ شریک نہیں ہوئے تاہم ان کے نائب مائیک پینس تقریب میں موجود تھے اب مکمل طورپر جوبائیڈن انتظامیہ کے عہدیداروں نے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
وہیں کملا ہیرس نے اسی تقریب حلف برداری میں بحیثیت نائب صدر امریکہ اپنے عہدہ کا حلف لیا ۔ جوبائیڈن اور کملا ہیرس کے صدر و نائب صدر حلف لینے کے بعد مختلف ممالک کے سربراہان نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے ۔وزیر اعظم ہند مسٹر نریندر مودی نے بھی اپنے ٹوئٹس کے ذریعہ جوبائیڈن اور کملا ہیرس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس ایقان کا اظہار کیا ہیکہ ہند۔ امریکہ تعلقات کے مزید استحکام کیلئے ہم ملکر کام کریں گے ۔