تھائی لینڈ میں گڑھے سے ہاتھی کے بچے کو بچالیا گیا، بچہ کو نکالنے کی کوشش میں ماں بھی پھنس گئی تھی : ویڈیو وائرل

تھائی لینڈ میں گہرے گڑھے سے ہاتھی کے بچے کو بچالیا گیا
بچہ کو نکالنے کی کوشش میں ماں بھی پھنس گئی تھی
ماں کو بیہوش کرکے ہٹانے کے بعد بچہ کے لیے راستہ بنایا گیا
تین گھنٹوں کی سخت مشقت،ویڈیو وائرل

حیدرآباد: 17۔جولائی
(سحرنیوزڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)

انسان ہوں یا جانور یا پھر چرند پرندسب کی ماں آخر ماں ہوتی ہے۔جو کسی بھی حال اپنی اؤلاد کو مصیبت میں نہیں دیکھ سکتی اور اپنے بچوں کے تحفظ کے لیے ساری دنیا اور سارے خطرات سے لڑجاتی ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک مادہ ہاتھی کا ایسا ہی جذباتی ویڈیو وائرل ہواہے کہ کیسے ایک گڑھے میں گرے ہوئے اپنے بچہ کو بحفاظت نکالنے کے لیے ہر طریقہ اپناتے ہوئے خود بھی اس گڑھے میں نصف حد تک پھنس گئی تھی۔پہلے اس ماں کو گڑھے کے پاس سے نکالنے اور پھر گڑھے میں گرے اس کے بچہ کو بحفاظت نکالنے کے لیے بچاؤ ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا بالآخر اس گڑھے میں گرے ہوئے ہاتھی کے بچہ کو اور اس کی ماں کو زندہ بچالیا گیا جس پر وہاں موجود تمام لوگوں نے بچاؤ ٹیموں میں خوشی کی لہر دؤڑگئی۔

یہ ویڈیو ان انسان نما بھیڑیوں کے لیے ایک پیغام ہے کہ مذہبی جنونیت اور مخصوص طبقہ سے نفرت کی افیون چکھ کر وہ جس طرح بے گناہ اور معصوم لوگوں کی جانیں لیتے ہیں اورایسے درندوں کی جوپشت پناہی یا تائیدکرتے ہیں انہیں معلوم ہوکہ انسان ہویا جانور اس زمین پر سب کو پرسکون اور اپنے طور سے زندگی جینے کا یکساں حق حاصل ہے!!اور ہر جان کی حفاظت کرنا مصیبت میں ان کی مدد کرنا ہی انسانی میراث ہے۔
ویسے بھی تاریخ کے اوراق گواہ ہیں کہ ظلم اور نفرت کی عمر بہت چھوٹی ہوتی ہے۔ایک وقت ایسابھی آتا ہے جب نہ کسی کااقتدار قائم رہتا ہے اور نہ اس سے اندھی عقیدت رکھنے والوں کا وجود ہی بچتا ہے!! اور یہ بھی سیاہ تاریخ کے دؤر کا ایک حصہ بن جاتے ہیں!!۔

خیر یہ واقعہ ہے تھائی لینڈ کا۔جہاں ایک ہاتھی کا بچہ جنگل میں موجود ایک ڈھائی فیٹ گہرے گڑھے میں گرگیا تھا۔سی بی ایس نیوز کے مطابق
تھائی لینڈ کے صوبہ ناکھون نائوک میں رائل ہلز گولف کورس کے مضافات میں ایک ڈھائی فیٹ کے گڑھے میں ایک ہاتھی کا بچہ گرگیا تھا۔
ماں نے اس بچہ کو باہر نکالنے کے لیے ہر ممکنہ کوشش کی اور بالآخر وہ بھی نصف حد تک اس گڑھے میں پھنس گئی۔

بتایا جارہا ہے کہ یہ ماں اور بچہ ہاتھیوں کے جھنڈ میں شامل تھے بچہ کے گڑھے میں گرجانے کے بعد ماں وہیں رک گئی اور ہاتھیوں کا جھنڈ وہاں سے چلاگیا۔وہاں سے گزرنے والے ایک مقامی رہائشی نے یہ منظر دیکھ کر وائلڈ لائف اور کھاویی نیشنل پارک کے عہدیداروں کواطلاع دی۔جس کے فوری بعدبچاؤ ٹیمیں جائے مقام پر پہنچ گئیں۔

اس ویڈیو میں یہ منظر دیکھ کر رؤنگھٹے کھڑے ہوجاتے ہیں کہ گڑھے میں گرا ہوا بچہ جو پہلے خود کو باہر نکالنے کےلیے کوشش کررہا تھا بھوک کی شدت کے باعث اپنی بیہوش ماں کا اسی حالت میں دودھ بھی پی رہاہے۔اس بچاؤ آپریشن کی ویڈیو کو کئی بین الاقوامی خبررساں اداروں کے علاوہ تھائی لینڈ کے تعلقات عامہ نیشنل پارکس،جنگلی حیات اور پودوں کے تحفظ کے محکمہ نے بھی اس ویڈیو کوسوشل میڈیا پلیٹ فارمز انسٹا گرام اور فیس بک پر شیئر کیا ہے۔

” اس پورے واقعہ کا دو منٹ 23 سیکنڈ پر مشتمل مکمل ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے "

https://www.facebook.com/prhotnews02/videos/597285795160297

کھاو یائی نیشنل پارک کے ماہر حیوانات ڈاکٹر چنانیا کنچناسرک نے بتایا کہ”بچے کے قریب پہنچنا ناممکن تھا جب کہ ماں قریب ہی تھی،اس لیے ہم نے اسے تین بیہوشی کی خوراک دیں لیکن وہ کھلے مقام پر جانے کے بجائے اس گڑھے کی جانب بڑھ گئی جس میں اس کا بچہ گرا ہوا تھا اور وہ بھی اس گڑھے کے نصف حصہ میں گرکر بیہوش ہوگئی۔بارش کے دؤران اس پورے بچاؤ کام میں پورے تین گھنٹے صرف ہوئے۔

بعد ازاں گڑھے میں نصف پھنسی ہوئی بیہوش ماں کو بھاری کرین کی مدد سے وہاں سے ہٹایا گیا۔پھر بھاری مشینوں کی مدد سے اس گڑھے سے ایک راستہ بنایا گیا۔جس کے بعد ہاتھی کا بچہ خود چل کراس راستے سے باہر نکل آیا۔اس کے بعد بچاؤ ٹیموں نے اس بیہوش ماں کو ہوش میں لایا۔

اس کے بعد اس مصیبت سے چھٹکارہ پانے والی ماں اور اس کا بچہ وہاں سے روانہ ہوگئے۔اس منظر کو دیکھ کروہاں موجودلوگوں کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے۔جنہوں نے بچاؤ ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔بعدازاں ماں اور اس بچہ کا جنگل میں روانہ ہوگئے۔