چیف منسٹر تلنگانہ چندراشیکھرراؤ نے گوداوری کے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی معائنہ کیا
ملک اور گوداوری ندی کے قریب بادل پھٹنے اورسیلاب جیسی صورتحال ایک سازش ہوسکتی ہے!
سیلاب متاثرین کے لیے فی کس دس ہزار روپئے،دو ماہ تک فی کس 25 کلو چاول
متاثرین سے ملاقات،عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد:17۔جولائی (سحرنیوزڈاٹ کام)
چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ آج اتوار کو بھدراچلم سے ایٹور ناگارام تک سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی معائنہ(ایئریل سروے) کیا۔ چیف منسٹر نے سیلابی پانی سے لبریز گوداوری ندی اور اس کے اطراف سیلابی پانی میں محصور کئی مواضعات کا مشاہدہ کیا۔اس فضائی معائنہ کے موقع پر ہیلی کاپٹر میں ان کےساتھ ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار،حکومت کی صلاح کار محترمہ سمیتا سبھروال آئی اے ایس اور ریاستی ڈی جی پی ڈاکٹر ایم۔مہیندرریڈی بھی تھے۔
بعدازاں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے شبہ ظاہر کیا کہ چند بیرونی ممالک ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں بادل پھٹنے اور اس کے ذریعہ سیلابی صورتحال پیدا کرنے کی سازش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے انکشاف ماہرین اور سائنسدانوں نے بھی کیے ہیں کہ باد ل پھٹنے کا کوئی نیا طریقہ ایجاد کیا گیا ہے!انہوں نے یاد دلایا کہ بادل پھٹنے کے واقعات کشمیر کے لداخ کے لیہہ اور اتراکھنڈ میں بھی پیش آئے تھے۔چیف منسٹر نے شبہ ظاہر کیا کہ انہیں گوداوری ندی کے قریب بھی ایسی ہی کسی سازش کا شبہ ہے!!۔

چیف منسٹرکے۔چندراشیکھرراؤ نےاعلان کیاکہ ان علاقوں کے سیلاب زدہ متاثرین جو کہ ریلیف کیمپوں میں مقیم ہیں کو فی کس دس ہزار روپئے کی مالی مدد کی جائے گی اور ساتھ ہی ان متاثرین کو حکومت کی جانب سے دو ماہ تک فی کس 25 کلو چاول مفت فراہم کیا جائے گا۔
چیف منسٹر نے بھدراچلم شہر کو گوداوری سیلاب سےمستقل تحفظ فراہم کی غرض سے ایک منظم منصوبہ تیار کرتے ہوئے 1,000 کروڑ روپئے مختص کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ سیلاب زدہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے لیے اونچائی والے مقامات پر ر ہائشی کالونیوں کی تعمیر کا آغاز کرے گی۔اس سلسلہ میں انہوں نےضلع کلکٹر کو ایسے محفوظ مقامات کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے کیڈیم پراجیکٹ کا خطرہ ٹل گیا ورنہ بہت بڑا حادثہ پیش آتا۔
چیف منسٹرکے۔چندراشیکھرراؤ نے مزید کہاکہ انہیں اطلاع ہے کہ چند بیرونی ممالک دریائے گوداوری کے طاس میں بادل پھٹنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں اور ضرورت ہے عہدیدار ان علاقوں پر گہری نظر رکھیں۔

بعدازاں چیف منسٹرکے۔چندراشیکھرراؤ نے ایٹورناگار م میں آئی ٹی ڈی اے دفتر میں ضلع میں بارش اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر ایک جائزہ اجلاس بھی منعقد کیا۔جس میں ریاستی وزرا ٹی۔ہریش راؤ،ایرابیلی دیاکرراؤ،محترمہ ستیہ وتی راتھوڑ،چیف سیکریٹری سومیش کمار،حکومتی صلاح کار سمیتا سبھروال آئی اے ایس،ریاستی ڈی جی پی ڈاکٹر ایم۔مہیندر ریڈی،ضلع کلکٹر ایس کرشنا آدتیہ، آئی ٹی ڈی اے پی۔ او انکت کے علاوہ مقامی عہدیدار،عوامی نمائندے شریک تھے۔بعدازاں چیف منسٹرکے۔چندراشیکھرراؤ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرنے والے ہیں۔
TelanganaFloods #TelanganaRains #TelanganaCM#

