جاوید خان نے اپنی بیوی کا زیور بیچ کر آٹورکشا کو ایمبولنس بنادیا، مفت خدمات انجام دینے میں مصروف
بھوپال :30۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام)
موجودہ کورونا وائرس کے قہر کے دؤران ہر دردمند انسان اپنی استطاعت کے مطابق بلاء کسی مذہبی تفریق کورونا وائرس متاثرین کی امداد میں مصروف ہے ۔
ایسے میں مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کے ایک آٹو ڈرائیور جاوید خان نے اس سماج کے دؤلتمند طبقہ کو پیغام دیا ہے کہ انسانی خدمت کیلئے صرف روپیہ پیسہ یا دیگر ذرائع لازمی نہیں ہیں بلکہ اس کے لیے صرف ایک دردمند دل اور انسانی خدمت کے جذبہ کا موجود ہونا لازمی ہے۔
ایسے میں جبکہ ملک کی کئی ریاستوں اور خود مدھیہ پردیش میں آکسیجن اور ریمیڈیسور کیساتھ ساتھ دیگر ادویات، ایمبولنس اور ہسپتالوں میں بیڈس کی قلت کی اور خانگی ایمبولنس مالکین کی جانب سے من مانی کرایہ وصول کرنے کی اطلاعات ہیں تو بھوپال کے ساکن جاوید خان نے اپنے تین پہیوں والے آٹو رکشا کو ہی آکسیجن سے لیس ایمبولنس میں تبدیل کردیا اور وہ کورونا وائرس کے متاثرین کو اپنے اس ایمبولنس نماء آٹو رکشا کے ذریعہ مکمل طورپر مفت میں ہسپتالوں تک منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔
جاوید خان کا یہ ایمبولنس نما آٹورکشاء تمام ضروری طبی سہولتوں سے لیس ہے جس میں آکسیجن سیلنڈر ، پی پی کِٹ ، آکسی میٹر اور سینی ٹائزر شامل ہے۔ اور ختم ہوجانے پر آکسیجن سیلنڈر بھی جاوید خان اپنے پیسوں سے بھرواتے ہیں۔
اس سلسلہ میں جاوید خان نے میڈیا کو بتا یا کہ انہوں نے وہاٹس اپ، فیس بک ، نیوز چینلس پر جب دیکھا کہ کورونا وائرس متاثرین کو ہسپتالوں تک پہنچانے کیلئے انکے رشتہ داروں کو ایمبولنس کے بشمول دیگر سواریاں دستیاب نہیں ہیں تو یہ مجبور اور پریشان لوگ اپنے رشتہ داروں کو کاندھوں پر اٹھاکر ہسپتالوں تک پہنچا رہے ہیں۔
جاوید خان نے بتایا کہ یہ پریشان کن اور ناقابل برداشت حالات دیکھ کر انہوں نے ٹھان لیا کہ وہ ایسے پریشان حال لوگوں کی کسی بھی طریقہ سے مدد کریں گے۔
جاوید خان کی اس سے زیادہ انسانی خدمت کے جذبہ کی اور کیا ستائش کی جاسکتی ہے کہ اس انسان نماء مسیحا نے اپنی بیوی کا زیور بیچ کر 5000 روپئے میں ایک آکسیجن سیلنڈر خریدلیا اور اپنے آٹو رکشا میں نصب کرتے ہوئے اس کو ایمبولنس میں تبدیل کردیا اور ساتھ ہی پی پی ای کِٹ،آکسی میٹر، سینی ٹائزر اور دستانے بھی خرید کر اپنے اس تین پہیوں والے ایمبولنس میں رکھ دئیے۔
اس طرح جاوید خان بھوپال میں بلاء کسی مذہبی تفریق امیر، غریب تمام کوروناوائرس متاثرین کو دؤران سفر آکسیجن کی سہولت پہنچاتے ہوئے ہسپتالوں کو مفت منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔ جاوید خان کے اس انسانی جذبہ کو سلام!