بابری مسجدکی شہادت کا فخرکے ساتھ اعتراف کیوں عدالت میں نہیں کیا؟
مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر سے اسدالدین اویسی کا سوال! بیان پرسخت تنقید
حیدرآباد ۔26۔جنوری (سحر نیوزڈاٹ کام )
صدر کل ہندمجلس اتحاد المسلمین و رکن لوک سبھابیرسٹر اسدالدین اویسی نے مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر کی جانب سے بابری مسجدکی شہادت کے معاملہ میں کیے گئے تبصرہ کواپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان سے سوال کیا کہ تو پھرکیوں بابری مسجد کی شہادت کا عدالت میں فخر کے ساتھ اعتراف نہیں کیا گیا؟
مرکزی وزیراطلاعات و نشریات پرکاش جاوڈیکرنے دہلی کے بی جے پی دفتر میں ایک تقریب کے دؤران کہاہے کہ 6 دسمبر 1992 ء کو ایودھیا میں ایک تاریخی غلطی کی اصلاح کی گئی تھی۔اس کے علاوہ پرکاش جاوڈیکر نے یہ بھی کہا تھا کہ غیر ملکی حملہ آوروں نے ایودھیا میں رام مندر کو توڑ کر متنازعہ ڈھانچہ تعمیر کیا تھا۔

جس پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسد الدین اویسی نے پرکاش جاوڈیکر کے اس بیان کوشرمناک قرار دیتے ہوئے سوال کیا کہ کیوں انہوں نے اس بات کو عدالت میں قبول نہیں کیا؟ اویسی نے کہا کہ بی جے پی کے تمام سینئرقائدین بابری مسجدکی شہادت کیس میں عدالت میںخودکوبے قصوربتاتے رہے ۔یہی وجہ ہے کہ لال کرشن اڈوانی،مرلی منوہرجوشی اوراومابھارتی سمیت ملزمان کوعدالت نے بابری مسجدکی شہادت پربے قصورقراردیاتھا۔
بی جے پی قائد و مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے حال ہی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے دہلی دفتر میں منعقدہ ایک تقریب میں کہا تھا ہے کہ غیر ملکی حملہ آور آئے تو انہوں نے رام مندر کیوں توڑا؟ملک میں لاکھوں مندرہیں لیکن ان غیر ملکی حملہ آوروں کو معلوم تھا کہ اس ملک کی زندگی رام مندر میں ہے ، رام مندر پر حملے کے بعد وہاں ایک متنازعہ ڈھانچہ تعمیر کیا گیا تھا۔مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ کوئی مسجد نہیں تھی کیونکہ جہاں عبادت نہیں ہوسکتی وہ مسجد نہیں ہے۔
مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر کے اس بیان پرصدر اے آئی ایم آئی ایم ورکن لوک سبھابیرسٹر اسد الدین اویسی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ عدالت نے اپنے فیصلہ کے وقت کہا ہے کہ ایسا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ ماضی میں مندر کو توڑ کر بابری مسجدتعمیر گئی تھی اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ مسجد کو منہدم کرنا قانون کو توڑنا ہے۔
اسد الدین اویسی نے استفسار کیا کہ جو بات آپ اب کہہ رہے ہیں اسی بات کو آپ لوگوں نے عدالت میں فخریہ طورپر کیوں قبول نہیں کیا ؟اور کیوں بی جے پی کے تمام سینئرقائدین بابری مسجدکی شہادت کیس میں عدالت میں خودکوبے قصوربتاتے رہے؟؟

