وقارآباد ضلع : تانڈور میں برہم کسانوں نے جے سی بی کے ذریعہ سمنٹ فیکٹری تک جانے والی ریلوے ٹریک کو اکھاڑ دیا

وقارآباد ضلع : تانڈور میں برہم کسانوں نے جے سی بی کے ذریعہ
سمنٹ فیکٹری تک جانے والی ریلوے ٹریک کو اکھاڑ دیا

وقارآباد/تانڈور: 14/اگست
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)

تلنگانہ: وقارآبادضلع کے حلقہ اسمبلی تانڈور میں کرناٹک کی سرحد پر تانڈور منڈل میں موجود چیٹی ناڈو سمنٹ فیکٹری تک جانے والی ریلوے ٹریک کو آج موضع کے برہم کسانوں نے جے سی بی کے ذریعہ اکھاڑکر الگ کر دیا۔جس کے بعد کسانوں کےخلاف سمنٹ فیکٹری انتظامیہ نے اور فیکٹری انتظامیہ  کے خلاف کسانوں نے پولیس میں شیکایت درج کر وائی ہے۔

اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق تانڈور منڈل کےموضع سنگم کلاں جو کہ تلنگانہ اور کرناٹک کا سرحدی علاقہ ہے میں چند سال قبل کرناٹک کے علاقہ میں چیٹی ناڈو سمنٹ فیکٹری قائم کی گئی۔

چند سال قبل اس سمنٹ فیکٹری سےسمنٹ کی روانگی کے لیے ریلوے ٹریک بچھائی گئی تھی اور اس ریلوے ٹریک کو بچھانے کے لیے تلنگانہ کے تانڈور منڈل میں موجود مواضعات کوٹا باسپلی،گبتہ باسپلی،سنگم کلاں کے کسانوں کےعلاوہ موضع ملکا پور جوکہ پتھر کی معدنیات کاعلاقہ ہے کے سروے نمبرات 15 اور 116 میں موجود معدنیاتی اراضی بھی چیٹی ناڈوسمنٹ فیکٹری انتظامیہ نے خریدی تھی۔جس کے بعد کنٹراکٹر پرساد نے ان اراضیات میں ریلوے ٹریک بچھانے کا کام بھی مکمل کر لیا تھا۔

ریلوے ٹریک بچھانے کےلیے اراضی کےحصول سے چند کسان اپنی اراضیات سے محروم ہوگئے تھے جنہیں سمنٹ فیکٹری انتظامیہ نے معاوضہ ادا کیا تھا۔تاہم ملکاپور معدنیات کی یونین کو اور چند کسانوں کو چیٹی ناڈو سمنٹ فیکٹری انتظامیہ نے ان اراضیات کا معاوضہ ادا نہیں کیا۔جس کےخلاف کسان اور معدنیات کی یونین کے ذمہ داران چند سال سے وقفہ وقفہ سے رقمی ادائیگی کےلیےسمنٹ فیکٹری انتظامیہ کے خلاف احتجاج بھی منظم کرتے آ رہے ہیں۔ساتھ ہی سمنٹ فیکٹری انتظامیہ نے کنٹراکٹر پرساد کا بل بھی ادا نہیں کیا ہے۔

آج پیر کے دن اچانک کوٹا باسپلی کے ساکن برہم کسان اس ریلوے ٹریک پر پہنچ گئے اور سروے نمبر 68 میں موجود ریلوے ٹریک کو جے سی بی مشین کے ذریعہ اکھاڑ کر پھینک دیا۔

اس واقعہ سے پریشان چیٹی ناڈو سمنٹ فیکٹری کے انتظامیہ نے کرنکوٹ پولیس پولیس اسٹیشن (گوتاپور)  پہنچ کر ان کسانوں کے خلاف شکایت درج کروائی۔جس کے بعد ان کسانوں نے بھی اسی پولیس اسٹیشن میں اراضی کا معاوضہ ادا نہ کرنے اور معاوضہ کی ادائیگی میں تاخیر و تساہلی کا الزام عائد کرتے ہوئے چیٹی ناڈو سمنٹ فیکٹری انتظامیہ کے خلاف شکایت درج کروائی ہے۔اب یہ معاملہ تانڈور کے رورل پولیس اسٹیشن (گوتاپور) تک پہنچ گیا ہے۔پولیس اس معاملہ میں تحقیقات میں مصروف ہے۔