الہ آباد ہائیکورٹ نے یوپی حکومت کو لکھنو سمیت پانچ شہروں میں 26 اپریل تک لاک ڈاؤن کے نفاذ کا حکم دیا
الہ آباد: 19۔اپریل(سحر نیوزڈا ٹ کام)
ریاست اتر پردیش میں کورونا وائرس کے معاملات میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے الہ آباد ہائیکورٹ نے آج پیر کے دن حکومت اتر دیش کو حکم دیا ہے کہ وہ اترپردیش کے دارالحکومت لکھنو سمیت ریاست کے دیگر چار شہروں میں 26اپریل تک لاک ڈاون نافذ کرے۔
اور اس لاک ڈاؤن کا آج 19 اپریل کی رات سے نفاذ ہوگا جن میں لکھنو ، پریاگ راج (سابقہ الہ آباد)، واراناسی ،کانپورنگراور گورکھپور شامل ہیں۔
ساتھ ہی اس لاک ڈاؤن کے دؤران تمام ہاکرس ،ترکاری فروش،بریڈ فروش اور دودھ فروخت کرنے والوں کے علاوہ دیگر اشیائے ضروریہ کے فروخت کرنے والوں کو 26اپریل تک نافذ کردہ اس لاک ڈاون کے دؤران روزآنہ 11بجے دن تک چھوٹ ہوگی اور یہ اپنا کاروبار کرسکتے ہیں۔
تاہم حکومت اتر پردیش نے الہ آباد ہائیکورٹ کے اس حکم کے بعد کہا ہے کہ وہ مکمل لاک ڈاؤن نافذ نہیں کرے گی تاہم وباء کی روک تھام کیلئے مزید سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری (انفارمیشن) حکومت اترپردیش نے کہا ہے کہ اس سلسلہ میں حکومت عدالت میں اس سے متعلق جواب داخل کرے گی۔
اس لاک ڈاؤن کے دؤران لکھنو ، پریاگ راج( سابقہ الہ آباد)، واراناسی ،کانپور نگراور گورکھپورمیں تمام مالس اور شاپنگ کامپلیکس بند رہیں گے جبکہ میڈیکل شاپس کو چھوڑ کر تین ملازمین سے زیادہ کے حامل اشیائے ضروریہ کی دُکانات بھی بند رہیں گی۔
ساتھ ہی ان پانچوں شہروں میں لاک ڈاؤن کے دؤران ریسٹورنٹس ، ہوٹلس کے بشمول تمام چھوٹے بڑے غذائی اشیاء فروخت کرنے والے سنٹرس کو بھی بند رکھنا ہوگا۔
اسی دؤران چیف منسٹر آفس اور ضلع مجسٹریٹ پریاگ راج نے الہ آباد ہائیکورٹ کو تیقن دیا ہے کہ ریاست میں کوویڈ متاثرین کیلئے ادویات ، بہتر طبی سہولتوں اور آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنایا جائےگا۔
الہ آباد ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ مذکوہ بالا پانچ شہروں میں مالیاتی اداروں ، طبی اور صحت کی خدمات ، صنعتی اور سائنسی اداروں ، بلدیاتی کاموں اور عوامی نقل و حمل سمیت ضروری خدمات کو مستثنیٰ رکھا جائے گا۔
جبکہ اس لاک ڈاؤن کے دؤران لکھنو ، پریاگ راج، واراناسی ،کانپور نگراور گورکھپورمیں مذہبی سرگرمیاں اور شادی بیاہ کی تقاریب معطل رہیں گی۔ تاہم پہلے سے طئے شدہ شادی کی صورت میں ، متعلقہ ضلع کے ضلع مجسٹریٹ سے اجازت حاصل کرنے کی ضرورت ہوگی۔اور ایسی اجازت یافتہ شادیوں کی تقاریب صرف 25 افراد تک محدود رہیں گی۔
یاد رہے کہ ریاست اتر پردیش کے کئی اضلاع میں گزشتہ ہفتہ سے ہی ہفتہ کی رات 8بجے سے پیر کی صبح 7 بجے تک لاک ڈاؤن نافذ کیا جارہا ہے جو کہ 15 مئی تک نافذ العمل رہے گا۔
اترپردیش میں ماسک نہ پہننے پرایک ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا جارہا ہے جبکہ دوسری مرتبہ ماسک نہ پہنے ہوئے پکڑے جانے پر اس شخص پر دس ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا جارہا ہے۔
میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ہیلتھ) امیت موہن پرساد نے بتا یا کہ اتر پردیش میں گشتہ 24 گھنٹوں کے دؤران 30,596 کورونامتاثرین کے نئے کیس درج ہوئے ہیں اور 9,041 متاثرین صحتیاب ہوئے ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ اتر پردیش میں جملہ 6,50,333 کورونا وائرس متاثرین اب تک صحتیاب ہوچکے ہیں۔
یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ آج پیر کے دن ہی ریاست میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے معاملات کے پیش نظر تلنگانہ ہائیکورٹ نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے ریاست میں لاک ڈاؤن یا کرفیو کے نفاذ کیلئے اندرون 24 گھنٹے فیصلہ کرنے ورنہ ہائیکورٹ خود کوئی اقدام کرے گا۔
اپ ڈیٹ : 20 اپریل : الہ آباد ہائیکورٹ کے پانچ شہروں میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے اس حکم پر 20 اپریل کو سپریم کورٹ نے روک لگاتے ہوئے حکومت اتر پردیش کو راحت دی ہے۔