تانڈور کےعوام کوروناوائرس کے بڑھتے معاملات پر چوکس رہیں: ڈی ایس پی اور سرکل انسپکٹران پولیس کا مشورہ
تانڈور:19۔اپریل (سحرنیوزڈاٹ کام)
اب جبکہ ملک کی کئی ریاستوں میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کی دہشت جاری ہے وہیں ریاست تلنگانہ کیساتھ ساتھ ضلع وقارآباد اور تانڈور ٹاؤن میں بھی دن بہ دن کورونا وائرس کے متاثرین میں تشویشناک حد تک اضافہ ریکارڈ ہورہا ہے۔
کل 18 اپریل سے ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ ضلع وقارآباد کی جانب سے روزآنہ میڈیا کو دی جانے والی کوروناوائرس متاثرین کی تعداد کے اعداد وشمار پرمشتمل میڈیکل رپورٹ کی اجرائی بھی بند کردی گئی ہے۔ شاید اس کی وجہ عوام میں پھیل رہے خوف وہراس کو کم کرنا ہے!
اب عوام کیلئے لازمی ہوگیا ہے کہ وہ کوروناوائرس سے بچنے کی غرض سے طبی ماہرین اور حکومت کی جانب سے دئیے گئے مشوروں پرسختی کیساتھ عمل کریں۔
گزشتہ دنوں سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن)روی کمار نے سوشیل میڈیا کیلئے جاری کیے گئے اپنے ویڈیو پیغام میں انکشاف کیا تھا کہ تانڈور میں چند کورونا وائرس متاثرین آزادانہ طورپر گھوم رہے ہیں اور یہ ایک حد تک درست انکشاف بھی ہے!
ایسے متاثرین کو چاہئے کہ وہ اس طرح آزادانہ گھوم کر دیگر معصوم لوگوں،اپنے رشتہ داروں،دوستوں اور احباب کیلئے مشکلات پیدا نہ کریں بلکہ خود کو دو ہفتوں کیلئے ہوم قورنطین کرلیں یہ انکے لیے بھی بہتر عمل ہوگا اور ان سے ملنے جلنے والوں پر بھی ان کا احسان ہوگا!!

کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی وباء کے دؤران آج ڈی ایس پی تانڈورمسٹرلکشمی نارائنا،سرکل انسپکٹرپولیس تانڈور(اربن)مسٹر روی کماراورسرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(رورل،کرنکوٹ) مسٹرجلندھر ریڈی نے میڈیا سے عوام میں شعور بیدار کرنے کی غرض سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالخصوص تانڈور کے عوام ساری دنیا،ملک،ریاست،ضلع اور تانڈور میں قہر برپا کرنے والے کورونا وائرس سے بچنے کیلئے تمام ضروری احتیاطی اقدامات کو خود پر لازمی کرلیں اور کورونا وائرس سے متعلق کبھی بھی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ ہرگز نہ کریں۔

ڈی ایس پی تانڈور مسٹر لکشمی نارائنا،سرکل انسپکٹرپولیس تانڈور(اربن)مسٹر روی کماراور سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(رورل،کرنکوٹ) مسٹر جلندھر ریڈی نے کہا کہ ماہِ رمضان،شری رام نومی کے علاوہ عام دنوں میں بھی سماجی فاصلہ کا خاص خیال رکھیں،سینی ٹائزر کا ضروراستعمال کریں وہیں ہر حال میں ماسک پہننے کو خود پر لازمی کرلیں۔اسی طرح بلاء ضرورت عوامی بھیڑ بھاڑ والے مقامات پر نہ جائیں اور اپنے مکانات سے باہرنہ نکلیں۔

ڈی ایس پی تانڈور مسٹرلکشمی نارائنا،سرکل انسپکٹرپولیس تانڈور(اربن)مسٹر روی کمار اور سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(رورل،کرنکوٹ) مسٹر جلندھر ریڈی نے مشورہ دیا ہے کہ اگر ممکن ہو تو شادیوں اور دیگر تقاریب کو ملتوی کردیں اور اگر اتنا ہی ضروری ہے تو ان تقاریب کو انتہائی کم مدعوئین کی موجودگی میں تمام احتیاطی اقدامات کیساتھ کرلیں۔
ڈی ایس پی تانڈور مسٹر لکشمی نارائنا کا ویڈیو پیغام یہاں دیکھا جاسکتا ہے:
ساتھ ہی ان پولیس عہدیداروں نے عوام کے مفاد میں جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغامات میں فنکشن ہال مالکین کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ تقاریب میں زیادہ افراد کی شرکت کی ہرگز اجازت نہ دیں۔