تلنگانہ کے کئی اضلاع میں آج 6 اکتوبر کو شدید اور موسلادھار بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد،ورنگل اور وقارآباد کے بشمول دیگر اضلاع میں شدید بارش کا سلسلہ جاری
حیدرآباد: 06۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ میں مزید کمی آگئی ہے۔اس سے منسلک ہوا کی سطحی کی گراوٹ ساحلی آندھراپردیش کے ساحل سے ریاست چھتیس گڑھ اورمشرقی مدھیہ پردیش تک پھیلی ہوئی ہے اور سطح سمندر سے 3.1 کلومیٹر تک پھیلی ہوئی ہے۔
اس سلسلہ میں حیدرآباد کے محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث آج 6 اکتوبر،بروز جمعرات ریاست تلنگانہ کے اضلاع عادل آباد، نرمل، نظام آباد، جگتیال، وقارآباد، سنگاریڈی، میدک، کاماریڈی،محبوب نگر،ناگرکرنول۔کومرم بھیم آصف آباد ،سدی پیٹ،منچریال،میں شدید اورموسلادھار بارش کا امکان ہے۔جبکہ دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے 9 اکتوبر تک ریاست تلنگانہ میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش قیاسی بھی کی ہے۔
اسی دؤران اضلاع ورنگل اور ہنمکنڈہ میں چہارشنبہ کی شام سےرات دیرگئے تک زبردست اور موسلادھار بارش ہوئی۔ورنگل شہر کے ارسو رنگیلا میدان میں دسہرہ کی تقاریب میں شریک لوگوں کو اس بارش کی وجہ سے شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔گزشتہ ماہ ہونے والی بارشوں کی وجہ سے اضلاع کے تالاب کی سطح پہلے ہی بھر چکی ہے۔تمام ذخائر آب لبریز ہوگئے ہیں۔وہیں زیر زمین پانی کی سطح میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے اس بارش سے کپاس،مونگ پھلی اور مکئی کی فصلوں میں جان آئی ہے۔وہیں کسانوں کو خدشہ ہےکہ اگر مزیدبارش ہوئی توکپاس کی فصل کو شدید نقصان پہنچے گا۔
دوسری جانب حیدرآباد کےمختلف مقامات پر چہارشنبہ کی رات 11 بجے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا۔رات دیڑھ بجے سے شدید بارش کا آغاز ہوا۔جبکہ شام کے اؤقات میں حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں شدید بارش ہوئی۔جس کے باعث سڑکیں اور نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔پرانے شہر کے کئی علاقوں کے علاوہ سکندرآباد، پنجہ گٹہ،امیر پیٹ،ملک پیٹ،ملکاجگیری،حمایت نگر میں بھی شدید بارش ہوئی ہے۔
اسی دؤران وقار آباد ضلع میں بھی چہارشنبہ کی رات دیرگئے نصب شب کے بعد سے گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا آغاز ہوا اور پھر شدید گرج چمک کے ساتھ رات دیڑھ بجے سے دھواں دھار بارش کے جاری رہنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔حیدرآباد میں آج 6 اکتوبر کی صبح 3 اور 4 بجے کے درمیان شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔


