وزیر اعلیٰ کے سی آر نےعرس کے موقع پر اجمیرشریف کوخصوصی چادر روانہ کی
ریاست کی ترقی ،امن و امان کی برقراری اور عوام کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعاء
حیدرآباد۔18۔ فروری (سحر نیوزڈاٹ کام)
حضرت خواجہ غریب نواز رحمتہ اللہ علیہ ، اجمیر شریف کے 809ویں عرس شریف کے موقع پرآج وزیر اعلی تلنگانہ کے۔ چندراشیکھر راؤ (کے سی آر) نے انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ خصوصی چادر(غلاف ) روانہ کیا۔

اجمیر شریف درگاہ کو چادر کی روانگی سے قبل منعقدہ تقریب میں ریاست کی ترقی ،عوام کی خوشحالی، امن ا مان کی برقراری اور وزیر اعلیٰ کے سی آر سمیت انکے افراد خاندان کا ہر طرح سے تحفظ کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔ اجمیر شریف کی تاریخی درگاہ کے عرس کی وزیر اعلیٰ کے سی آر نے مبارکبادی پیش کی۔

اس تقریب میں ریاستی وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی ،صدر نشین ریاستی وقف بورڈ جناب محمد سلیم ، ارکان قانون ساز کونسل جناب فاروق حسین ،جناب محمد فریدالدین ، رکن اسمبلی بودھن جناب محمد شکیل احمد ، صدر ٹی آر ایس اقلیتی سیل جناب خواجہ مجیب الدین ، مفتی سید یوسف صاحب اور کارپوریٹر بابا فصیح الدین کے علاہ دیگر پارٹی قائدین بھی شریک تھے ۔

