مسلمان اپنے عقیدہ اورتوحید سے ایک اِنچ بھی دستبردار نہیں ہوسکتا،مسلکی اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت
تانڈور میں جمعیۃ علماء کے خصوصی اجلاس سے حافظ پیر شبیر احمد،مولانا محمد عبدالقوی اور مولانا محمد مصدق القاسمی کے خطابات
تانڈور۔18۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)
صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھرا پردیش حافظ پیر شبیر احمدصاحب نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ موجودہ حالات میں جمعیۃ علماء کو مزیدمضبوط کرنا پوری ملت کے مفاد میں ہے کیونکہ اس کی سو سالہ روشن تاریخ دیکھیں تو یہ بات صاف سمجھ میں آئیگی کہ موافق اور ناموافق دونوں حالات میں جمعیۃ علماء ہند نے ملک وملت کی صحیح رہنمائی کی ہے۔
وہ گزشتہ رات جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی جانب سے موجودہ حالات کے تناظر میں یہاں کے وائٹ پیالس فنکشن ہال میں منعقدہ ضلع کے علماءکرام، دانشواران،لکچرارس،ڈاکٹرس صحافیوں اورسماجی قائدین کے ایک خصوصی اجلاس سے صدارتی خطاب کررہے تھے جس میں صرف 400؍خصوصی مدعوئین مدعو کیا گیا تھا۔

اس خصوصی اجلاس سے اپنے خطاب میں حافظ پیر شبیر احمدصاحب صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھرا پردیش نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کی قیادت کی باگ ڈور ہمیشہ خدا رسیدہ اور انسانیت کا درد رکھنے والے افراد کے ہاتھ میں رہی ہے اور اس تنظیم کا سو سالہ وجود اور اس کی متنوع خدمات اس کی عظمت کو بیان کرنے کے لئے کافی ہے انہوں نے زور دیکر کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہیکہ ہم اس تنظیم سے دور رہ کر تبصرہ کرنے کے بجائے اس تنظیم کے ڈھانچے اور اس کے مقاصد وخدمات کو قریب آکر گہری نظر سے دیکھیں۔
حافظ پیر شبیر احمدصاحب صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھرا نے اپنے صدارتی خطاب میں جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی مختصر عرصہ میں کی گئی مثالی دینی ورفاہی خدمات کی بھرپور سراہنا کرتے ہوئے مستقبل کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس خصوصی اجلاس کا آغاز حافظ محمد عبدالقادر کی قرآت کلام مجید اور مولانا محمد کاشف الدین تبریز قاسمی کی نعت شریف سے عمل میں آیا۔

اس خصوصی اجلاس سے مہمان خصوصی مولانا محمد عبدالقوی صاحب صدر دینی تعلیمی بورڈ تلنگانہ وآندھرا پردیش نے اپنے جامع خطاب میں جدید تعلیمی پالیسی پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے جہاں اس کے فوائد کا تذکرہ کیا وہیں بالخصوص مسلمانوں کو اس جدید تعلیمی پالیسی سے ہونے والے نقصانات اور دور رس نتائج سے آگاہ کرتے ہوئے علماء کرام،مسلم دانشواران اور مسلم ماہرین تعلیم سے اپیل کی کہ وہ بحیثیت مسلم اپنی قوم کے بچوں کی مضبوط عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کے عقیدہ توحید کے تحفظ کی فکر کرنے کے لئے سر جوڑ کر بیٹھیں اور جدید تعلیمی پالیسی پر غور کرنے اور مسلمان بچوں کو اس کے مضراثرات سے بچانے کی راہوں پر غور وخوض کریں۔
مولانامحمد عبدالقوی صاحب نے اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مسلمان کسی بھی قیمت پراپنے عقیدہ اور اپنی توحید سے ایک انچ بھی دستبردار نہیں ہوسکتا مولانا نے کہا کہ مسلمان اس ملک میں اپنی مکمل مذہبی شناخت کے ساتھ اور ملک کے وفادار شہری بن کر سر اٹھا کر زندگی گزارے گا۔
لہذا مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ پہلے اپنے گھروں میں اپنی مذہبی شناخت کو باقی رکھنے بلکہ اسے فروغ دینے کی فکر کریں اورتاکید کہ گلی گلی،کوچہ کوچہ اور گاؤں گاؤں مکاتب کے قیام کو یقینی بنائیں جو کہ اس وقت کی اہم ضرورت اور آئندہ نسلوں میں ایمان کی بقاء کے ضامن ہیں۔

قبل ازیں مولانا محمد مصدق القاسمی جنرل سیکریٹری دینی تعلیمی بورڈ تلنگانہ وآندھراپردیش نے اپنے خطاب میں موجودہ وقت میں آپسی مسلکی اختلافات کو مسلمانوں کے لئے انتہائی مضر قرار دیتے ہوئے ہر محاذ پر اتحاد کو ضروری قراردیا اور استفسار کیاکہ دیگر اقوام عالم اپنے مذہبی اختلافات کے باوجود مسلم قوم کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوسکتے ہیں تو مسلم قوم کیوں نہیں؟۔

مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے ضلع کےمسلمانوں کی دینی و سماجی صورت حال پر مشتمل تفصیلی رپورٹ پیش کی ۔ اس اجلاس کے شرکاء میں جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی کارکردگی پرمشتمل ڈھائی سالہ رپورٹ،ضلع وقارآباد کی آباد وغیر آباد مساجد کی تفصیلات پر مشتمل ایک فائل پیش کی گئی اور جمعیۃ کے تحت چلنے والے مکاتب کے معصوم بچوں نے بھی متاثر کن انداز میں اپنا”تعلیمی مظاہرہ "پیش کیا۔
اس اجلاس میں ڈاکٹر حافظ محمد عبدالسلام نائب صدر جمعیۃ علماء کی نظامت میں 24؍ جنوری کوتانڈور میں منعقد شدہ "تفہیم اسلام کورس مسابقہ "کے امتیازی طلباء میں گراں قدر نقد انعامات کے علاوہ ایوارڈس عطا کئے گئے اس مسابقے کے انعقاد،پرچوں کی جانچ اور تمام انتظامی امور میں جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے تمام اراکین نے انتھک کوششیں کیں۔

اجلاس کی کارروائی مولانا محمد اظہر الدین قاسمی معین خازن جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے چلائی۔مفتی محمد عبید قاسمی صدر دینی تعلیمی بورڈ ضلع وقارآباد،مولانا محمد سلیم ناظم مدرسہ فیض القرآن کشٹاپور،مولانا عبدالباسط رشادی صدر جمعیۃ علماء کوڑنگل،حافظ محمد نثار پرگی،محمدخورشید حسین امیر مشاورت مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈور،محمدفہیم خان مقامی امیر جماعت اسلامی ہند ،مولانا خلیل الرحمن محمدی صدر جمعیت اہل حدیث تانڈور ، مولانا قاضی محمدشکیل احمد نظامی سابق صدر اہلسنت والجماعت تانڈور،محمدخواجہ( پاشاہ بھائی) سابق امیر مشاورت مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈوراور دیگر معزیزین شہر بھی ڈائس پر موجود تھے۔