ہائیکورٹ کے وکیل جوڑے کے بہیمانہ قتل کے خلاف ریاست میں وکلاء کا احتجاج
خاطیوں کی فوری گرفتاری، فاسٹ ٹریک عدالت کے ذریعہ سخت سزاء اور وکلاء کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد/رنگاریڈی، وقارآباد/تانڈور 18۔فروری ( سحر نیوز ڈاٹ کام )
تلنگانہ کےپداپلی میں کل دن دہاڑے سڑک پر ہائیکورٹ کے ایک وکیل جوڑے وامن راؤ اور گٹو ناگامنی کوراما گری کے مقام پر انتہائی بے رحمانہ انداز میں تیز ہتھیاروں سے حملہ کرتے ہوئے موت کے گھات اتاردئیے جانے کے غیر انسانی عمل کے خلاف شدید عوامی ردعمل پیدا ہوگیا ہے ہر طرف سے اس درندگی کوبھی شرمادینے والے واقعہ کی سخت مذمت کا سلسلہ جاری ہے ۔
ایسے میں اس بے رحمانہ قتل پرریاستی ہائیکورٹ نے سوموٹو کے تحت اس دوہرےقتل کے واقعہ کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے چیف جسٹس محترمہ ہیماکوہلی اور جسٹس بی وجئے سین ریڈی پرمشتمل بنچ نے کہا کہ ایڈوکیٹ جوڑے کے اس بیدردانہ قتل کے واقعہ نے ہم سب کو دہلا دیاہے۔ چیف جسٹس ہیماکوہلی اور جسٹس بی وجئے سین ریڈی پر مشتمل اس بنچ نے اس دوہرے قتل کے معاملہ کی موثر جانچ کی ہدایت بھی دی اور دن دہاڑے ہائیکورٹ کے وکیل جوڑے وامن راؤ اور انکی اہلیہ گٹو ناگامنی کے قتل پر تشویش ظاہر کی۔
دوسری جانب بی ایس پرساد ا یڈوکیٹ جنرل نے ہائیکورٹ کو یقین دلایا کہ اس قتل کے معاملہ میں خاطیوں کو بخشانہیں جائے گا اورقانون کے تحت انہیں سخت سزاؤں کو یقینی بنایا جائے گا۔عدالت نے ریاستی حکومت کو اس معاملہ میں رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی اب یکم مارچ کو اس معاملہ کی دوبارہ سماعت ہوگی۔

دوسری جانب اس وکیل جوڑے کے بہیمانہ قتل کے خلاف ریاست کے مختلف اضلاع میں وکلاء برادری نے اپنی خدمات کا بائیکاٹ کرتے ہوئے احتجاج منظم کیا۔
رنگاریڈی ضلع کورٹ کے وکلاء نے آج حیدرآباد ۔وجئے واڑہ ہائی وے پر سڑک پر بیٹھ کر احتجاج منظم کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وکیل جوڑے وامن راؤ اور انکی اہلیہ ناگامنی کے انتہائی درندگی کے ساتھ کیے گئے قتل میں ملوث خاطیوں کو فوری طورپر گرفتار کیا جائے اور انہیں سخت سزاؤں کو ممکن بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا اعادہ نہ ہو وکلاء نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد وکلاء برادری میں خوف پھیل گیا ہے اور وہ خود کو غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں۔
حکومت کا فرض ہے کہ وہ وکلاء برادری کو تحفظ فراہم کرے ۔وکلاء نے اعلان کیا کہ اس قتل کے واقعہ کیخلاف تلنگانہ کی عدالتوں میں وکلاء اپنی خدمات کا بائیکاٹ کررہے ہیں ۔

ضلع وقارآباد کے وقارآباد مستقر میں بھی وکیل جوڑے کے قتل کے خلاف آج وکلاء نے بار اسوسی ایشن وقارآبادکی قیادت میں عدالت میں اپنی خدمات کا بائیکاٹ کرتے ہوئے احتجاج کیا ۔اس موقع پر وکلاء برادری نے وکیل جوڑے وامن راؤ اور انکی اہلیہ ناگامنی کے قتل کی سخت مذمت کی اور اس قتل میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری اور انہیں سخت سزاء کا مطالبہ کیاان وکلاء نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وکلاء کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

ضلع وقارآباد کے تانڈور کی عدالت میں بھی آج بار اسوسی ایشن کے وکلاء اور اراکین نے پداپلی میں ہائیکورٹ کے وکیل جوڑے وامن راؤ اور انکی اہلیہ ناگامنی کے قتل کے خلاف احتجاج کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس قتل میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے اورحکومت فاسٹ ٹریک کورٹ قائم کرتے ہوئے انہیں قانون کے تحت جلد سزاء کو یقینی بنایا جائے۔
جس سے وکلاء برادری میں پھیلے عدم تحفظ کے احساس کا ازالہ ہو اور مستقبل میں ایسے واقعات کا اعادہ نہ ہو۔ساتھ ہی ان احتجاجی وکلاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس سلسلہ میں وکلاء کے تحفظ کے لیے ایک جدید قانون وضع کیا جائے ۔