وقارآباد ضلع : کوڑنگل میں اردو گھر و شادی خانہ کے تعمیراتی کاموں کے آغاز کا مطالبہ، مجلس اتحادالمسلمین کا احتجاج

وقارآباد ضلع: کوڑنگل میں اردو گھر و شادی خانہ کے تعمیراتی کاموں کے آغاز کا مطالبہ
مجلس اتحادالمسلمین کا راستہ روکو احتجاج، دفتر تحصیل تک احتجاجی ریالی

وقارآباد/کوڑنگل:24۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کوڑنگل،ضلع وقارآباد ایس بی گلشن کی قیادت میں کوڑنگل میں اردو گھر وشادی خانہ کے تعمیراتی کاموں کا فوری آغاز کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے راستہ روکو احتجاج منظم کیا گیا۔

صدر مجلس اتحادالمسلمین کوڑنگل ایس بی گلشن نے اس موقع پر الزام عائد کیا کہ کوڑنگل کے مسلمانوں کو انتخابات کے مواقع پر صرف ایک ووٹ بینک کی حیثیت سے استعمال کرلیا جاتا ہے اور مسلمانوں کو درپیش مسائل کے حل کے مواقع پرنمائندگیوں کے باؤجود انہیں مکمل طور پر نظرانداز کردیا جاتا ہے۔بعدازاں ایک ریالی کی شکل میں دفترتحصیل پہنچ کر ایک یادداشت تحصیلدار کوڑنگل کے حوالے کی گئی

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر مجلس اتحادالمسلمین کوڑنگل ایس بی گلشن نے الزام عائد کیا کہ حکومتیں تبدیل ہوتی رہتی ہیں لیکن کوڑنگل کے مسلمانوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے کوئی بھی پارٹی ترجیح نہیں دیتی۔انہوں نے کہا کہ کوڑنگل میں مقامی متوسط و غریب طبقہ کے مسلمان شادیوں اور دیگر تقاریب کے انعقاد کے لیے اردو گھر و شادی خانہ کے نہ ہونے کے باعث خانگی فنکشن ہالوں کے کرایہ ادا کرنے لئے مختلف مشکلات سے دوچار ہیں۔

صدر مجلس کوڑنگل ایس بی گلشن نے کہا کہ کوڑنگل میں مسلمانوں کی سہولت اور استفادہ کے لیے ایک اردو گھر و شادی خانہ کی تعمیر کے لیے ضلع کلکٹر وقارآباد،سابق رکن اسمبلی کوڑنگل ریونت ریڈی اور موجودہ ٹی آرایس رکن اسمبلی پی۔نریندرریڈی سے بارہا مرتبہ نمائندگی بھی کی گئی لیکن اس جانب کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔

صدر مجلس اتحادالمسلمین کوڑنگل ایس بی گلشن نے اس موقع پر انتباہ دیا کہ فوری طور پر کوڑنگل میں اردو گھر وشادی خانہ کی منظوری اور فوری تعمیراتی کاموں کا آغاز کیا جائے ورنہ آئندہ انتخابات میں مسلمان سبق سکھائیں گے۔