احمد آباد ایئر پورٹ شدید بارش کے بعد سیلابی پانی سے بھر گیا، مسافر گھٹنوں تک گہرے پانی میں سے گزرنے پر مجبور، ویڈیوز وائرل

احمد آباد ایئر پورٹ شدید بارش کے بعد سیلابی پانی سے بھر گیا
مسافر گھٹنوں تک گہرے پانی میں سے گزرنے پر مجبور، ویڈیوز وائرل
احمد آباد اور جونا گڑھ میں سیلابی صورتحال، مزید بارش کی پیش قیاسی

احمد آباد: 23۔جولائی
(سحرنیوزڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)

گجرات کے احمد آباد میں موجود سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئر پورٹ گزشتہ دو دنوں سے ریاست میں جاری مسلسل بارش کے بعد ہفتہ کی رات گھٹنوں تک پانی سے بھرگیا۔کانگریسی قائدین سمیت کئی سوشل میڈیا صارفین نے ٹوئٹر کےعلاوہ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایسی ویڈیوز شیئر کی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایئر پورٹ پانی سے بھر گیا ہے،رن وے اور ٹرمینل کے علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

ایئر پورٹ پر پانی جمع ہوجانے کی وجہ سے مسافروں کو اپنی پروازوں کے لیے وقت پر پہنچنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ حکام نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ اپنی پروازوں کے بارے میں اپنی ایئر لائنز سے چیک ان کریں۔

دوسری جانب ہفتہ کے دن گجرات کےجنوبی اور سوراشٹرا کے علاقوں کے کئی اضلاع میں موسلادھار اورشدید ترین بارش ہوئی، جس سے شہری علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ڈیموں اور ندیوں میں پانی کی سطح بڑھنے کی وجہ سے کئی دیہاتوں کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

نیشنل ڈیفنس ریسپانس فورسز (NDRF#) کی ٹیم نے ہفتہ کو علاقے کے جوناگڑھ ضلع میں بچاؤ آپریشن کیا۔ریسکیو آپریشن میں NDRF# کی ٹیموں نے عام لوگوں تک پہنچ کر شہر کے سیلاب زدہ اور پانی سے بھرے علاقوں سے انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

گجرات کے جوناگڑھ میں،ہفتہ کی شام 4 بجے تک 8 گھنٹوں میں 219 ملی میٹر بارش ہونے کے بعد درجنوں کھڑی کاریں اور مویشی سیلابی پانی میں بہہ گئے۔لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے لیے کمر تک گہرے پانی میں جاتےہوئے دیکھا گیا۔ جبکہ ان میں سے کئی ایک کو لوگوں نے بچا لیا کیونکہ وہ پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ رہے تھے۔

https://twitter.com/sanjay_desai_26/status/1683007938712207361

نوساری اور جوناگڑھ موسلا دھار بارش کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں شامل ہیں جس کی وجہ سے کئی رہائشی علاقوں اور بازاروں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ایس ای او سی نے میڈیا کو بتایا کہ دیو بھومی دوارکا،بھاو نگر،بھروچ،سورت، تاپی، ولساڈ اور امریلی کےبشمول دیگر اضلاع میں ہفتہ کو شدید بارش ہوئی۔

مرکزی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے آئندہ تین دنوں کے دوران جنوبی گجرات،سوراشٹرا اور کچھ کے کئی دیگر اضلاع میں شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔مرکزی محکمہ موسمیات نےماہی گیروں کو بھی متنبہ کیا ہے کہ وہ 22 جولائی سے 26 جولائی تک شمالی گجرات کے ساحل پر نہ جائیں کیونکہ اس مدت کے دوران طوفانی موسمی حالات کے غالب رہنے کا امکان ہے۔

وہیں متعلقہ عہدیداروں نے عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور چوکس رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ یا ہنگامی صورتحال کی صورت میں کنٹرول روم سے رابطہ کریں۔عوام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ ڈیموں اور آس پاس کے علاقوں میں نہ جائیں۔ عہدیداروں نے بتایاکہ موسلا دھار بارش کی وجہ سے ممبئی۔احمد آباد قومی شاہراہ پر نوساری کے قریب سیلاب کی وجہ سے ٹریفک جام ہوگیا ہے۔

ایک واقعہ میں ایک باپ اور بیٹا سیلابی پانی میں غرق ہوکربہہ گئےجب ان کی کار دادرا اور نگر حویلی ضلع کے سلواسا قصبہ کے قریب بہہ گئی۔ دونوں جمعہ کی رات اس وقت تیز رفتار پانی کی زد میں آگئےجب وہ ایک نشیبی پل کو عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔کل ہفتہ کی دوپہر ایک ریسکیو ٹیم نے کار اور ان کی لاشیں برآمد کیں۔

کانگریس کے قومی رابطہ کار دیپک کھتری نے احمد آباد ہوائی اڈے کے ٹرمینل کے باہرسیلابی پانی سےبھری ہوئی سڑک کا ایک ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئےلکھاہےکہ”بی جے پی کے 28 سال کی حکمرانی کے بعدگجرات کے احمدآباد ہوائی اڈے کا یہ حال ہے۔یہ نریندرمودی کی ماڈل ریاست ہے۔

ایک ٹوئٹر صارف Punit Juneja@ نےاحمدآباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئر پورٹ ٹرمینل کی ایک ویڈیو شیئرکرتےہوئےلکھا ہے کہ ” یہ اڈانی کے زیر انتظام ایئر پورٹ،احمد آباد، گجرات ہے۔”

ایک اور ٹوئٹر صارف Yashraj Upadhyay@ نے ایک اور ویڈیو ٹوئٹ کرتےہوئےلکھاہےکہ یہ احمد آباد ایئر پورٹ کےٹرمینل 1 کامنظر ہے۔

احمد آباد میں شدید بارش اور سیلابی صورتحال کے مزید ویڈیوز یہاں دیکھے جاسکتے ہیں "

 

https://twitter.com/sanjay_desai_26/status/1682774901680390146

https://twitter.com/sanjay_desai_26/status/1682772802091511808

 

یہ بھی پڑھیں "

تلنگانہ میں مزید چار دنوں تک شدید ترین بارش کی پیش قیاسی، ریاست کے 21 اضلاع کے لیے ریڈالرٹ جاری

 

وقارآباد کے قریب موجود تلنگانہ کے اوٹی اننت گیری ہلز پر بارش کے دوران دلکش نظارے، آبشار جاری، سیاحوں کا ہجوم