وقارآباد ضلع : تانڈور کے دفتر آر ڈی او پر اینٹی کرپشن بیورو کا دھاوہ، پانچ لاکھ روپئے کی رشوت لیتے ہوئے اے او اور سینئراسسٹنٹ گرفتار

وقارآباد ضلع : تانڈور کے دفتر آر ڈی او پر اینٹی کرپشن بیورو کا دھاوہ
پانچ لاکھ روپئے کی رشوت لیتے ہوئے اے او اور سینئراسسٹنٹ گرفتار

حیدرآباد/وقارآباد : 23۔ڈسمبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)

ریاست تلنگانہ کے کسی نہ کسی ضلع سے آئے دن محکمہ اینٹی کرپشن بیورو(اے سی بی) کی جانب سے رشوت خور سرکاری ملازمین کو رشوت لیتے ہوئےرنگے ہاتھوں دبوچ لیےجانے کی اطلاعات کے باؤجود سرکاری محکمہ جات میں رشوت کا چلن ہنوز جاری ہے۔چند رشوت خور عہدیدار اپنی روِش تبدیل کرنے تیار نہیں ہیں۔

کل ہی کریم نگر ضلع کے حضورآباد ٹاون میں دفتر آر ڈی او کے کلرک سندیپ کو محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے اس وقت جال بچھا کر رنگے ہاتھوں دبوچ لیا تھا جب وہ ایک کسان کے پاس سے 75 ہزار روپئے کی رقم بطور رشوت طلب اور قبول کررہا تھا۔اے سی بی عہدیداروں کے ہاتھوں پکڑے جانے کے بعد اس کلرک سندیپ کا رونے والا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔

وہیں آج وقارآباد ضلع کے تانڈور ٹاون میں موجود دفتر آر ڈی او (دفتر سب کلکٹریٹ) پر محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے دھاوہ منظم کرتے ہوئے اڈمنسٹریٹیو آفیسر (اے او A.O) اور سینئر اسسٹنٹ کو ایک اراضی کے معاملہ میں پانچ لاکھ روپئے کی رقم بطور رشوت طلب اور قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ہے۔

آج پیر کی شام دیر گئے انجام دی گئی اس کارروائی کی تفصیلات پرمشتمل پریس نوٹ آج رات دیر گئےمحکمہ اے سی بی نے جاری کرتےہوئے بتایا ہےکہ آج شام 45-6 بجے محکمہ اینٹی کرپشن بیورو حیدرآباد سٹی یونٹ۔I کےعہدیداروں نے دفتر آر ڈی او تانڈور پر دھاوہ منظم کرتے ہوئے وہاں برسر خدمت اڈمنسٹریٹیو آفیسر (اے او) وائی۔دانیا اور سینئر اسسٹنٹ مانک راؤ کو پانچ لاکھ روپئے بطور رشوت طلب اورقبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑلیا ہے۔

محکمہ اینٹی کرپشن بیورو نے بتایاہے کہ اڈمنسٹریٹیو آفیسر(اے او) وائی۔دانیا(اے ون)کےپاس سے رقم برآمد کرلی گئی اور ان دونوں کے ہاتھوں کے کیمیکل ٹسٹ حاصل کرلیے گئے جو کہ مثبت رہے۔محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کے مطابق ان دونوں نے کوڑنگل کے دودیال منڈل کی اراضی جس کا سروے نمبر 369 کو ایل ایف روڈ سے پٹہ لینڈ میں تبدیل کرنے کی غرض سے یہ رشوت طلب اور قبول کی تھی۔

محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کے پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس کارروائی کے بعد دفتر آر ڈی او تانڈور کے اڈمنسٹریٹیو آفیسر(اے او)وائی۔دانیا اور سینئر اسسٹنٹ مانک راؤ کو باقاعدہ گرفتار کرتےہوئے اسپیشل جج (ایس پی ایف و اے سی بی) کورٹ،نامپلی حیدرآباد کے سامنے پیش کیا گیا۔اس کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

محکمہ اینٹی کرپشن بیورو نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ملازم سرکار کی جانب سےسرکاری کام کی انجام دہی کے لیے رشوت طلب کیے جانے پر محکمہ اے سی بی کے ٹول فری نمبر 1064 پر اطلاع دیں تو ان بدعنوان عہدیداروں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔اور ساتھ ہی اطلاع دینے یا شکایت کرنے والوں کی شناخت پوشیدہ رکھی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں ” 

بھوپال میں محکمہ انکم ٹیکس کی کارروائی، ایک کار سے 40 کروڑ مالیتی 52 کلو سونا اور 11 کروڑ نقد رقم ضبط

چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی اور فلور لیڈر مجلس اکبر الدین اویسی اسمبلی میں سندھیا تھیٹر بھگڈر میں خاتون کی موت کا واقعہ اور اداکار الؔو ارجن کے برتاؤ پر انکشافات کرتے ہوئے۔ ⬇️