عبدالرزاق اردو گھر و شادی خانہ تانڈور کے چیئر مین نامزد
رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے کاغذات نامزدگی حوالے کیے
وقارآباد؍تانڈور : 18۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کی نمائندگی پر عبدالرزاق (اندرانگر) کو چیئرمین اردو گھر و شادی خانہ تانڈور نامزد کیا گیا ہے۔اس سلسلہ میں ضلع کلکٹر وقارآباد پوسومی باسو نے احکام جاری کیے ہیں۔
عبدالرزاق کے ساتھ اردو گھر و شادی خانہ تانڈور کی انتظامی کمیٹی میں محمد انورخان،اسلم بن اسد،محمد ابراہیم خان،رضیہ بیگم،عبدالرحمن ،وی۔کرشنا ( تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی) کو ارکان کی حیثیت سے اور تحصیلدار تانڈور کوبحیثیت کنوینر نامزد کیا گیا ہے۔اردو گھر و شادی خانہ کے چیئرمین اور تمام ارکان کی معیاد دو سال ہوگی۔
اس سلسلہ میں آج رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے نونامزد چیئرمین اردو گھر و شادی خانہ تانڈور عبدالرزاق اورارکان محمد انورخان،اسلم بن اسد ،محمد ابراہیم خان ،رضیہ بیگم ، عبدالرحمن کو کاغذات نامزدگی حوالے کرتے ہوئے مبارکبا د اور نیک خواہشات پیش کیں اور تیقن دیا کہ اردو گھر و شادی خانہ کی ترقی کے لیے وہ ہر ممکنہ تعاون دیں گے۔
اس موقع پر سابق رکن بلدیہ محمد عرفان،شاہی پورنرسملو ،سرینواس چاری،سنتوش گوڑ اور دیگرٹی آرایس قائدین موجود تھے۔بعد ازاں چیئر مین اردو گھر و شادی خانہ عبدالرزاق نے کہا ہے کہ وہ تانڈور کے اردو گھر و شادی خانہ کو قابل استعمال بنانے کے لیے تمام اقدامات کریں گے تاکہ اس میں بالخصوص غریب طبقہ کے افراد کے لیے معمولی خرچ پر شادیوں اور دیگر تقاریب کے انعقاد کی سہولت حاصل ہواور اردو زبان کی ترقی و ترویج کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ تانڈور کے اس اردو گھرو شادی شادی خانہ کا قیام 2009ء میں عمل میں لایا گیا۔ اور اس کے لیے آخری مرتبہ ستمبر 2016ء میں دوسالہ معیاد کے لیے بھی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کی معیاد 2018ء میں ختم ہوگئی تھی۔
اردو گھر و شادی خانوں کے قیام کا مقصد غریب مسلمانوں کی شادیوں اور دیگر تقاریب کے استعمال کی غرض سے عمل میں لایا گیا تھا تاکہ شادی خانوں کے اخراجات سے انہیں بچایا جاسکے۔
تاہم تانڈور کے اردو گھر و شادی خانہ کی ابتر حالت کے باعث اس میں تقاریب کا انعقاد نہ کہ برابر ہوگیا ہے اور نہ ہی اردو زبان کی ترقی و ترویج کے لیے کوئی موثر کام ہی کیا گیا!!ضرورت شدید ہے کہ اس اردو گھر و شادی خانہ کو تمام ضروری سہولتوں کے ساتھ قابل استعمال بنایا جائے تاکہ یہاں مختلف تقاریب کا انعقاد ممکن ہو۔