تلنگانہ میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی برداشت نہیں کی جائے گی،گاندھی ہسپتال کا واقعہ افسوسناک
مجرمین کو فاسٹ ٹریک کورٹ سے سزاء کو یقینی بنایا جائے گا، پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ہنگامی اجلاس
وزیر داخلہ محمدمحمود علی اور وزیر آبکاری سرینواس گوڑ کا بیان
حیدرآباد: 17۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام/پریس نوٹ)
ریاستی وزیر داخلہ محمدمحمود علی اور ریاستی وزیر آبکاری سرینواس گوڑ (جن کا تعلق حلقہ اسمبلی محبوب نگر سے ہے) نے انتباہ دیا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی اور غیر شائستہ عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔اور خواتین پر جنسی حملوں میں ملوث مجرمین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
وزیر داخلہ کے دفتر سے جاری کردہ پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ حال ہی میں گاندھی ہسپتال میں پیش آئے اجتماعی عصمت ریزی واقعہ پر وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے منگل کواپنے دفتر واقع لکڑی کا پُل میں ایک اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس طلب کیا۔
جس میں کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار،ایڈیشنل پولیس کمشنر محترمہ شیکھا گوئل، نارتھ زون ڈی سی پی کلمیشور، سپرنٹنڈنٹ گاندھی ہاسپٹل راجہ راؤ اور دیگر شریک تھے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے اس شرمناک واقعہ کی تفصیلات سے واقفیت حاصل کرنے کے بعد کہا کہ یہ واقعہ انسانیت سوز اور قابل مذمت ہے جس میں درندوں نے گاندھی ہسپتال میں زیر علاج شخص سے ملنے آئی ایک معصوم خاتون (جس کا تعلق ضلع محبوب نگر سے ہے) کو ہسپتال کے احاطہ میں جنسی زیادتی کا شکار بنایا اور اس معاملہ کی شکار ایک اورخاتون لاپتہ ہے۔
وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے اجلاس میں موجود پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اس طرح کے جرائم ایک بہتر سماج میں ہرگز ناقابل قبول ہیں ،اس قسم کے جرائم میں ملوث مجرمین کے ساتھ نرمی نہیں برتی جانی چاہئے، ایسے مجرموں کو سخت سزاء دئیے جانے پر ہی عوام میں جرائم کی انجام دہی کے تئیں خوف پیدا ہوتا ہے اور یہ مجرمین کے لیے ایک سبق ہوتا ہے۔
وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے کہا کہ حکومت تلنگانہ اس طرح کی غیر انسانی حرکتوں اور خواتین کے خلاف حملوں کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں بالخصوص خواتین کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جاتی ہے تاکہ خواتین میں عدم تحفظ کا احساس پیدا نہ ہو اور خواتین کے تحفظ کے معاملہ میں ریاست کی اپنی ایک پہچان ہے جس کا دیگر ریاستوں میں بھی تذکرہ ہوتا ہے۔
وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے کہا کہ گاندھی ہسپتال والے کیس کی تما م زاویوں سے تحقیقات کی جائیں گی اس کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے اس کیس کو فاسٹ ٹریک کورٹ سے رجوع کیا جائے گا تاکہ خاطیوں کو جلد سے جلد سخت سزاء کا فیصلہ ہو اور متاثرہ خواتین کو انصاف حاصل ہو۔
۔۔۔۔۔
” حیدرآباد کے گاندھی ہسپتال میں پیش آئے اس شرمناک واقعہ کی تفصیلی خبر ” سحر نیوز ڈاٹ کام " کی اس لنک پر پڑھی جاسکتی ہے "
گاندھی ہسپتال میں دو بہنوں کو یرغمال بنا کر چار دنوں تک اجتماعی عصمت ریزی کا شرمناک واقعہ!؟