وقارآباد میں چلتی ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش، ایک مسافر ٹرین اور پلیٹ فارم کے درمیان پھنس گیا : آر پی ایف نے بچالیا

وقارآباد میں چلتی ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش، مسافر ٹرین اور پلیٹ فارم کے درمیان پھنس گیا
آر پی ایف کی چوکسی، پلیٹ فارم کا ایک حصہ توڑ کر مسافر کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا

حیدرآباد/وقارآباد: 30۔جنوری
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)

اکثر مسافرین کو دیکھا جاتا ہےکہ وہ پلیٹ فارم پر ٹرین کے رکنے سےقبل ہی یا پھر ٹرینوں کے چلنے کے دؤران اپنی جان کو جوکھم میں ڈال کر ٹرین سے اترنے اور ان میں سوار ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔کبھی کبھار یہ حرکت اور غیر ذمہ داری خود ان کےلیے اور پلیٹ فارم پر موجود دیگر مسافرین کے لیے جان لیوا بھی ثابت ہوسکتی ہے۔

ایسا ہی ایک خوفناک واقعہ ریاست تلنگانہ کے وقارآباد جنکشن ریلوے اسٹیشن پر گزشتہ رات پیش آیاہے۔جب کرناٹک کے بیدر سے براہ وقار آباد بنگلورو جانے والی یشونت پور ایکسپریس پلیٹ فارم سے چلنا شروع ہوئی تو ایک مسافر اس رفتار پکڑتی ہوئی ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش میں اپنا توازن کھو بیٹھا اور یہ شخص گرنے کے بعد ٹرین اور پلیٹ فارم کے درمیان پھنس گیا۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھاجاسکتاہے کہ اس شخص کے پھنس جانے کے بعد ٹرین کی دو چار بوگیاں اس شخص کو گھسیٹ کر لے گئی تھیں۔

پلیٹ فارم پر یہ منظر دیکھ رہے لوگوں اور ریلوے پروٹیکشن فورس RPF# کے جوانوں کی چیخ و پکار پر ٹرین کے ڈرائیور نے چوکسی کا مظاہرہ کرتےہوئے ٹرین کو فوری روک دیا۔بعدازاں آر پی ایف اور ریلوے کے عہدیداروں کی جانب سے ایک گھنٹہ سے زائد کی لگاتار کوشش، بالآخر ٹرین اور پلیٹ فارم کے درمیان موجود پلیٹ فارم کے اس حصہ کو آہنی راڈوں کی مدد سے توڑ کر اس شخص کو بحفاظت باہر نکال کر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

سرکل انسپکٹر ریلوے پروٹیکشن فورس RPF# وقار آباد کے۔راجندر پرساد نے نمائندہ سحر نیوز کو بتایاکہ یہ واقعہ گزشتہ رات 8 بجے پیش آیا ہے۔انہوں نے اس حادثہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بیدر۔یشونت پور ایکسپریس وقارآباد ریلوے جنکشن پر کچھ دیر توقف کے دوران اپنا انجن تبدیل کرتے ہوئے اس کا رخ بدلتی ہے۔

گزشتہ رات اس ٹرین میں سوار ایک مسافر شاید کسی غرض سے ریلوے اسٹیشن کے باہر گیا ہواتھا۔جب وہ اسٹیشن واپس پہنچا تو ٹرین پلیٹ فارم سے چلنا شروع ہوگئی تھی لیکن یہ مسافر شخص نے چلتی ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش میں اپنا توازن کھوکر گرگیا، ٹرین اور پلیٹ فارم کے درمیان پھنس گیا۔اس مسافر کے بدن کا نصف حصہ پلیٹ فارم کے نیچے چلتی ٹرین کے درمیان تھا اور اس کے دونوں ہاتھ پلیٹ فارم پر گھسیٹے جا رہے تھے۔

سرکل انسپکٹر،ریلوے پروٹیکشن فورس وقارآباد کے۔راجندر پرساد نے بتایاکہ آر پی ایف کانسٹیبل پرشانت کمار کی اطلاع پر وہ فوری اس بوگی کے پاس پہنچ گئے جہاں یہ مسافر پھنس گیا تھا۔انہوں نے آر پی ایف کے دیگر جوانوں کی مدد سے بہت دیر تک اس مسافر کو باہر نکالنے کی کوشش کی لیکن یہ کوشش ناکام ثابت ہوئی۔بعد ازاں فیصلہ کیا گیاکہ ٹرین اور پلیٹ فارم کے درمیان کا حصہ توڑ کر اس شخص کو بحفاظت نکالا جائے۔

آر پی ایف کانسٹیبل سکھ درشن شرما نے آہنی راڈ (سبل) کی مدد سے لگاتار اورسخت محنت کرتے ہوئے دیگر ساتھیوں کی مدد سے پلیٹ فارم کے اس حصہ کو توڑا اور مسافر کو اس مقام سے بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔اس کے بعد ٹرین روانہ ہوگئی۔

پلیٹ فارم کے ایک حصہ کو توڑےجانے کےدوران پھنسے ہوئے اس خوفزدہ مسافر کوسرکل انسپکٹر ریلوے پروٹیکشن فورس وقارآباد کے۔راجندر پرساد حوصلہ اور ہمت دیتے رہے۔

اس حادثہ میں یہ مسافر معمولی طور پر زخمی ہوا ہے لیکن اس حادثہ کے بعد وہ بہت زیادہ خوفزدہ ہوگیا تھا جسے وقارآباد کے سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا۔اطلاعات کے مطابق اس شخص کو مزید بہتر علاج کی غرض سے حیدرآباد کے گاندھی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ بعدازاں اس شخص کی شناخت ستیش کےطور پر ہوئی ہے جوکہ رائچور کرناٹک کے ایک سماجی کارکن بتائے گئے ہیں۔ایک اور اطلاع میں بتایا جا رہا ہے کہ اس مسافر کا تعلق بیدر سے ہے۔!!