وقارآباد ضلع میں ایک کسان ندی کے سیلابی پانی میں بہہ گیا، دیگر دو کسان اپنی جان بچانے میں کامیاب

وقارآباد ضلع میں ایک کسان ندی کے سیلابی پانی میں بہہ گیا
دیگر دو کسان اپنی جان بچانے میں کامیاب

وقارآباد:02۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ کے وقارآبادضلع میں آج دوپہر ہونے والی شدید بارش کے باعث ضلع میں موجود تمام پراجکٹ،ندیاں اور تالاب لبریز ہوگئے ہیں۔ان میں سے بڑی مقدار میں زائد پانی کا اخراج جاری ہے۔خارج شدہ سیلابی پانی سڑکوں پر موجود چھوٹے بریجس کی سطح سے اوپر بہہ رہا ہے جس کے باعث کئی مواضعات کو آمدورفت مسدود ہوگئی ہے۔

ایسے میں اتفاقی طور پر تین کسان ندی کے سیلابی پانی میں گرگئے جن میں ایک کسان بہہ گیا ہے جبکہ دیگر دو کسان کسی طرح اپنی جان بچا کر کنارے پر آنے میں کامیاب ہوگئے۔

” اس واقعہ کا ویڈیو "

وقارآبادضلع کے مومن پیٹ منڈل کے تحت موجود موضع ٹیکولا پلی کی ندی میں پیش آئے اس حادثہ کی تفصیلات پولیس اور محکمہ ریونیو کے عہدیداروں کے مطابق ٹیکولا پلی موضع کے ساکن کسان کونڈا گلا انجیا،ستیہ نارائنا اور ناگیا آج صبح زرعی کاموں کی غرض سے کھیتوں کو روانہ ہوئے تھے۔

آج شام گھر واپسی کے دؤران ایاماں چیرؤ کے پشتے سے سیلابی پانی کا اخراج جاری تھا کہ اتفاقی طور پر یہ تینوں کسان بہتے ہوئے پانی میں گرگئے۔ناگیا کی پیٹھ پر جراثیم کش دوا کے چھڑکاؤ کی پلاسٹک سے تیار کردہ مشین رہنے کی وجہ سے وہ ڈوبنے سے محفوظ رہا اور کسی طرح تیر کر کنارے پر پہنچ گیا۔وہیں ستیہ نارائنا نامی کسان نے پانی میں بہتے ہوئے ندی میں موجود درختوں کا سہارا لیتے ہوئے اپنی جان بچائی اور وہ بھی بحفاظت کنارے پر پہنچ گیا۔لیکن بدقسمتی سے انجیا (55 سالہ) اس ندی کے سیلابی پانی میں بہہ گیا۔

اس واقعہ کی اطلاع مقامی افراد نے پولیس اور محکمہ ریونیو کے عہدیداروں کو دی۔جس کے بعد ڈی ایس پی وقارآباد ستیہ نارائنا پولیس جمعیت کے ساتھ جائےمقام پر پہنچ گئے۔جائےمقام کا مشاہدہ کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کیں۔چونکہ رات میں تلاشی مہم ممکن نہیں ہے۔اس لیے کل صبح ندی میں بہہ جانے والے کسان کی تلاشی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔