تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ سال اوّل کے امتحانات کا 25 اکتوبر سے آغاز
طلبہ کے لیے ماسک پہننا اور کوویڈ قواعد پرسختی کے ساتھ عمل کرنا لازمی
امتحانی مراکز پر تمام سہولتوں کی فراہمی کویقینی بنانے وزیرتعلیم سبیتااندرا ریڈی کی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد/وقارآباد: 21۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں 25 اکتوبر سے انٹرمیڈیٹ سال اوّل کے امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے اس سلسلہ میں آج ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے حیدرآباد سے پرنسپل سیکریٹری محکمہ تعلیمات سندیپ کمار سلطانیہ،کمشنر تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سید عمر جلیل اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ ریاست کے ضلع کلکٹران اور متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس منعقد کرتے ہدایت دی ہے کہ 25 اکتوبر تا 2 نومبر ریاست میں منعقد ہورہے انٹرمیڈیٹ سال اول کے امتحانات کے سلسلہ میں تمام ممکنہ اور سخت انتظامات کئے جائیں۔

وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ ان امتحانات کے اؤقات 9 بجے صبح تا 12بجے دوپہرتک رہیں گے تاہم طلبہ 30-8 بجے صبح ہی اپنے اپنے امتحانی مراکز پہنچ جائیں اس کے بعد طلبہ کو امتحانی مراکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ وزیرتعلیم نے کہا کہ چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے ہدایت دی ہے کہ بنا کسی دشواریوں اور پریشانیوں کے انٹرمیڈیٹ کے ان امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔
دفتر کلکٹریٹ وقارآباد میں وزیرتعلیم کی اس ویڈیو کانفرنس کا ایڈیشنل کلکٹر موتی لال،ایڈیشنل ایس پی ڈاکٹر ایم اے رشید،ضلعی عہدیدار انٹرمیڈیٹ شنکر نائیک کے علاوہ دیگر متعلقہ عہدیداروں نے مشاہدہ کیا۔

ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے ہدایت دی کہ پوسٹ آفس،ٹی ایس آرٹی سی،محکمہ پولیس،محکمہ مال،محکمہ صحت و طب اور محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں اور ملازمین کو جو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں ان میں کوتاہی یا تساہلی نہ برتی جائے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ پوسٹ کے ذریعہ موصول ہونے والے پرچہء سوالات کے حصول اور انہیں مکمل تحفظ کے ساتھ امتحانی مراکز تک پہنچانے میں کوتاہی نہ برتی جائے۔ساتھ ہی طلبہ کے لیے وقت پر آرٹی سی بسوں کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ بنا کسی دشواریوں کے طلبہ 30-8بجے صبح تک اپنے اپنے امتحانی مراکز تک پہنچ پائیں۔
ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے محکمہ پولیس کو ہدایت دی کہ امتحانی اؤقات کے دؤران امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 کا نفاذ عمل میں لایا جائے۔

وزیرتعلیم نے محکمہ صحت و طبابت کے عہدیداروں کو اس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ہدایت دی کہ امتحانات کے دؤران تمام امتحانی مراکز پر ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کا نظم کرے اور ساتھ ہی کوویڈ قواعد پر سختی کے ساتھ عمل آوری کو ممکن بنائے۔
محکمہ مال کے عہدیداروں کو وزیرتعلیم نے ہدایت دی کہ امتحانی اؤقات میں امتحانی مراکز کے قریب موجود زیراکس سنٹرس کو بند کروایا جائے اور امتحانی مراکز کے لئے محکمہ تعلیمات کی جانب سے نگران کار مقرر کئے جائیں۔
ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے کہا کہ امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبا و طالبات کے لیے کوویڈ قواعد کے تحت ماسک پہننا لازمی ہوگا،سینی ٹائزر کا استعمال کرنا ہوگا اور ساتھ ہی جسمانی فاصلہ پرسختی کے ساتھ عمل کرنا ہوگا۔

وزیر تعلیم نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ امتحانات کے آغاز سے قبل اور اختتام کے بعدامتحانی مراکز کے ٹیبلس،فرنیچر کو سینی ٹائز کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ طلبہ بناء کسی خوف اور تشویش کے پرسکون انداز میں ان امتحانات میں شرکت کرسکیں۔
یاد رہے کہ کوویڈ وبا کے باعث گزشتہ سال انٹرسال اول کے سالانہ امتحانات کو ملتوی کرتے ہوئے تمام طلبہ کو انٹرمیڈیٹ سال دوم میں پروموٹ کیا گیا تھا اور اس وقت حکومت نے کہا تھا کہ کوویڈ وبا میں کمی کے بعد ان امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔
اس سلسلہ میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے 24 ستمبر کو امتحانات کے انعقاد کی تواریخ کا اعلان کیا گیا تھا۔
انٹرمیڈیٹ امتحانات کا شیڈول اس لنک پر پڑھا جاسکتا ہے:-
تلنگانہ انٹر میڈیٹ سیکنڈ ایئر میں زیر تعلیم طلبہ کے انٹرسال اول کے امتحانات کا شیڈول جاری

