آریان خان منشیات معاملہ کا نیا موڑ!!
اداکارہ انانیا پانڈے کو کل پوچھ تاچھ کے لیے حاضر ہونے این سی بی کی ہدایت
ممبئی:21۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام؍ایجنسیز)
ممبئی سے گوا جارہی کروز سے منشیات معاملہ میں گرفتار اداکار شاہ رخ خان کے 23 سالہ فرزند آریان خان کے معاملہ میں آج نیا موڑ آیا ہے!!
نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے آج دوپہر بعدممبئی میں فلم اداکارہ انانیا پانڈے کے مکان پر دھاوہ منظم کیا تھا۔انانیا پانڈے فلم اداکار چنکی پانڈے کی دختر ہیں۔
اور ان سے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی ٹیم نے دو گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کے بعد ان کا لیاپ ٹاپ اور موبائل فون اپنی تحویل میں لے لیا۔
انانیا پانڈے آج اپنے والد چنکی پانڈے کے ساتھ نارکوٹکس کنٹرول بیورو(این سی بی)کے دفتر میں پیش ہوئیں۔ جہاں ان کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔!!

سوشل میڈیا پر ایک ایسا ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انانیا پانڈے اپنے والد و فلم اداکار چنکی پانڈے کے ساتھ نارکوٹکس کنٹرل بیورو کے دفتر سے باہر نکل رہی ہیں۔
اداکارہ انانیا پانڈے کو ہدایت دی گئی ہے کہ مزید پوچھ تاچھ کے لیے وہ کل جمعہ 22 اکتوبر کو 11بجے دن دوبارہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو(این سی بی) کے دفتر میں حاضر ہوں۔
22 سالہ انانیا پانڈے 2019 میں فلمی دنیا میں داخل ہوئیں۔ انانیا پانڈے اور آریان خان فلمی اداکاروں کے بچوں کے ایک گروپ کا حصہ ہیں جو ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر رہتا آیا ہے۔جبکہ انانیا پانڈے اور آریان خان کی بہن سہانہ خان آپس میں دوست ہیں۔
میڈیا اطلاعات میں بتایا جارہا ہے کہ انانیا پانڈے کا نام مبینہ طور پر 2 اکتوبر کو ایک کروز پر پارٹی کے دوران ضبط کی گئی منشیات کے معاملہ میں ایک ملزم کی واٹس ایپ چیاٹ میں شامل ہے اس سلسلہ میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ انانیا پانڈے سے صرف اس لیے کہ پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے اور اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ ایک ملزمہ ہیں۔
یاد رہے کہ 2 اکتوبر کی رات شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان اور ان کے دوست ارباز مرچنٹ اور کئی دیگر افراد کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے عہدیداروں نے بھیس بدل کر ممبئی سے گوا جارہی کروز (کشتی) پر دھاوہ کے بعد گرفتار کیا تھا۔
وہیں آریان خان کے خلاف کیس مکمل طور پر ان کی واٹس ایپ چیاٹس پر مبنی ہے ان کے قبضہ سے منشیات دستیاب نہیں ہوئی تھیں اور نہ ہی ان کی طبی تشخیص میں منشیات کے استعمال کا انکشاف ہوا تھا۔
فلم اداکار شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان کی درخواست ضمانت کل تیسری مرتبہ ممبئی کی این ڈی پی ایس خصوص عدالت نے مسترد کردی تھی جو نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی تحویل کے بعد 8 اکتوبر سے ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں قید ہیں۔دوسری جانب خبررساں ادارہ اے این آئی کے مطابق ممبئی ہائی کورٹ آریان خان کی درخواست ضمانت کی 26 اکتوبر کو سماعت کرے گی۔
بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان بالآخر آج صبح اپنے بیٹے آریان خان سے ان کی گرفتاری کے 20 دن بعدممبئی کی آرتھر روڈ جیل پہنچ کر ملاقات کی۔شاہ رخ خان نے جیل میں زائد از 20 منٹ گزارے تاہم انہوں نے میڈیا سے کوئی بات نہیں کی۔

