حیدرآباد: نابالغ لڑکی پر جنسی حملہ کے ملزم کو سزائے عمر قید اور 20 ہزار روپئے کا جرمانہ
نام پلی فرسٹ کلاس ایڈیشنل خصوصی پوکسو عدالت کا اہم اورسنسنی خیز فیصلہ
حیدرآباد :12۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
حیدرآباد میں ایک نابالغ لڑکی پر جنسی حملہ کے ملزم کوتمام گواہوں، ثبوتوں اور شواہد کے بعد مجرم قرار دیتے ہوئے خصوصی پوکسو عدالت نے آج صادر کردہ اپنے ایک اہم اور سنسنی خیز فیصلہ میں ایک 13سالہ نابالغ لڑکی پر جنسی حملہ کے جرم میں ایڈلا رمیش 43 سالہ کو سزائے عمر قید کے ساتھ 20,000 روپئے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔
نام پلی فرسٹ کلاس ایڈیشنل خصوصی پوکسو عدالت کے معزز جج جسٹس بی۔سریش نے یہ ایڈلارمیش کے خلاف پوکسو قانو ن کے ساتھ آئی پی سی کی دفعات اور اٹراسٹی کے قوانین کے تحت یہ فیصلہ صادر کیا ہے۔
2018 میں حیدرآباد کے سیف آباد پولیس اسٹیشن میں لڑکی کی ماں کی جانب سے ایڈلا رمیش کے خلاف لڑکی پر جنسی حملہ کی شکایت درج کروائی گئی تھی۔جس کے بعد سے یہ مقدمہ پوکسو کی خصوصی عدالت میں زیر دؤراں تھا۔
16جون 2018 کو لڑکی کی ماں نے سیف آباد پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی اپنی شکایت میں الزام عائد کیا تھا کہ اس کی پہچان والا ایڈلا سریش اس کی 13 سالہ نابالغ لڑکی کو برلا مندر کے قریب لے کر گیا اور وہاں سے زبردستی لڑکی کو بشیر باغ میں موجود اپنے رئیل اسٹیٹ کے دفتر میں لے جاکر جنسی حملہ کیا۔اس شکایت کے بعد پولیس نے ایک کیس درج رجسٹر کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔
ایک نابالغ دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والی لڑکی پر جنسی حملہ کے خلاف پولیس نے اس وقت ایڈلا رمیش کو پوکسو قانون،آئی پی سی کی دفعات اور اٹراسٹی کی دفعہ کے تحت گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں روانہ کیا تھا۔
بعد ازاں پولیس نے اس کیس کی چارج شیٹ عدالت میں داخل کی تھی جس کے بعد یہ مقدمہ زیر سماعت تھا اس کیس میں پبلک پراسیکیوٹر درگا جی لڑکی کی جانب سے عدالت میں پیروی کررہے تھے۔
عینی شاہدین اور گواہوں کے بیانات کی بنیاد پر ایڈلا رمیش کا جرم ثابت ہونے کے بعد نام پلی فرسٹ کلاس ایڈیشنل خصوصی پوکسو عدالت کے معزز جج جسٹس بی۔سریش نے آج فیصلہ صادر کردیا ہے۔
ساتھ ہی معزز جج نے اپنے فیصلہ میں ایڈلا رمیش کو اپیل دائر کرنے کی سہولت بھی فراہم کی ہے۔
عدالت کے اس فیصلہ کے بعد لڑکی کے افراد خاندان نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے جنسی درندوں کے لیے اسی طرز کی سزائیں لازمی ہیں تاکہ سماج میں لڑکیاں بے خوف اپنی زندگی گزارسکیں۔

