حیدرآباد: دو چینی طالبات کی عصمت ریزی کے ملزم یمنی شہری کے خلاف پی ڈی ایکٹ،عدالتی تحویل میں روانہ  

حیدرآباد میں دو چینی طالبات کی عصمت ریزی اور جنسی زیادتی کا ملزم
یمنی شہری امجد شوقی  پی ڈی ایکٹ کے تحت عدالتی تحویل میں روانہ

حیدرآباد: 12۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

راچہ کونڈا پولیس کمشنریٹ کے حدود میں ایک یمنی شہری جو کہ طالب علم کے ویزا پر حیدرآباد میں مقیم ہے کو دو چینی طالبات کی عصمت ریزی اور جنسی زیادتی کے الزامات پر پی ڈی ایکٹ کے تحت تحویل میں لیا گیا ہے۔

ملزم امجد شوقی عبدالرقیب القدی جو کہ یمن کے شہر تعز Taiz کا رہنے والا ہے اور حیدرآباد کے ایک مشہور کالج میں بی سی اے (کمپیوٹر ایپلی کیشنز میں بیچلرز) کی تعلیم کے حصول کے لیے ہندوستان میں طالب علم کے ویزا پر مقیم ہے۔

جبکہ متاثرین ایک مقامی کالج میں پوسٹ گریجویشن کی طالبات ہیں اور وہ بھی طالب علم کے ویزا پر ہندوستان/حیدرآباد میں مقیم ہیں۔ملزم اور متاثرین ناچارام کے علاقے میں رہتے ہیں اس کے علاوہ مقامی پولیس کے مطابق ملزم اور متاثرین دوست بھی ہیں۔

متاثرین کی جانب سے پولیس میں درج کروائی گئی شکایت کے مطابق 25 جون 2021 کو یمنی شہری امجد نے متاثرین میں سے ایک کو اپنے فلیٹ پر بلایا اور اسے پینے کے لیے پھلوں کا رس دیا جس میں کچھ نشیلی ادویات شامل تھیں۔ جب وہ اسے پی کر نیم بے ہوش ہوگئی تو اس نے اس کے ساتھ زیادتی کی۔

اس کے بعد امجد شوقی نے متاثرہ کو دھمکی دی کہ اگر اس نے کسی کو اس واقعہ کی اطلاع دی تو اس کا نتیجہ ٹھیک نہیں ہوگا۔

دوسرے معاملہ میں راچہ کونڈا پولیس کے مطابق ملزم امجد شوقی نے ایک اور چینی لڑکی کا جنسی استحصال کیا اور جب اس نے مزاحمت کی تو اس نے اس کی گردن پکڑ کر اس کا سر دیوار سے ٹکرایا اس نے اس کے بائیں کندھے پر چوٹ بھی پہنچائی۔

جب دونوں متاثرین نے ان واقعات کی شکایت راچہ کونڈا پولیس کمشنریٹ حدود میں موجود ناچارام پولیس اسٹیشن میں درج کروائی تو عصمت دری اور چھیڑ چھاڑ کے دو کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے یمنی شہری ملزم امجد شوقی کو گرفتار کر کے عدالتی تحویل میں دے دیا گیا۔

عدالتی تحویل کے دؤران اسے 10 جولائی کو ہی سنٹرل جیل،چنچل گوڑہ میں رکھا گیا تھا۔تاہم آج کمشنر آف پولیس راچہ مسٹر کونڈا مہیش ایم بھاگوت نے ملزم کی مجرمانہ سرگرمیوں کو عوام اور خود یونیورسٹی کے حق میں خطرناک مانتے ہوئے اس پر پی ڈی ایکٹ لگاتے ہوئے چنچل گوڑہ جیل کو روانہ کردیا۔