بیوی نے شوہر کا قتل کرکے نعش کو خشک باؤلی میں پھینک دیا
بیٹے کی گمشدگی پر ماں کی شکایت،پولیس تفتیش میں معاملہ سامنے آیا
حیدرآباد: 06۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
چھوٹی چھوٹی بات پر دن دہاڑے سڑکوں پر قتل کی وارداتیں،قاتلانہ حملے،ناجائز تعلقات اور معمولی گھریلو جھگڑوں پر شوہروں کے ہاتھوں بیویوں کا اور بیویوں کے ہاتھوں شوہروں کا قتل،جائداد کے معاملہ میں بھائی کے ہاتھوں بہن کا قتل،بیٹوں کے ہاتھوں ماں باپ کا قتل!
سماج میں بڑھتے ہوئے ان جرائم کا سوائے حساس طبیعت لوگوں کے کسی پر کوئی اثر نہیں پڑرہا ہے جو کہ خود سماج کے لیے خطرناک اور نقصاندہ ہے۔
ٹاملناڈو میں پولیس نے خشک باؤلی سے ایک نوجوان کی نعش برآمد کی ہے جس کی شادی چار ماہ قبل ہوئی تھی تفتیش کے بعد اس شخص کی بیوی نے اعتراف کرلیا کہ اسی نے اپنے شوہر کا قتل کرکے نعش کو 15 دن قبل اس خشک باؤلی میں پھینک دیا تھا۔
پیرونگالورگرام پنچایت،پودو کوٹے ضلع،کے موضع بورم میں پیش آئی اس واردات کی تفصیلات کے مطابق موضع کے ساکن پنڈیتورائی 29سالہ کی شادی چار ماہ قبل نندنی 23سالہ سے ہوئی تھی۔ایک ماہ ان دنوں کی زندگی خوشگوار گزری تاہم اس کے بعد سے ہر چھوٹی بات پر ان دونوں میں لڑائی جھگڑے ہونے لگے۔گھر کے ذمہ داران نے کئی بار مداخلت کی تاہم مسئلہ حل نہیں ہوا۔
اسی دؤران 20 ستمبر کو پنڈیتورائی اچانک لاپتہ ہوگیا اس کا موبائل بھی بند ہوگیا تھا ہر جگہ تلاش کے بعد مایوسی ہی ہاتھ لگی تو پنڈیتوارئی کی ماں میناکشی نے ادانا کوٹے پولیس اسٹیشن میں اپنے بیٹے کی گمشدگی کی شکایت درج کروائی۔
پولیس نے کیس درج رجسٹر کرکے تحقیقات کا آغاز کیا پولیس کا پہلا شک لاپتہ پنڈیتورائی کی بیوی نندنی کی طرف گیا تو اس کی تفتیش کی گئی جس کے بعد حقائق سامنے آئے۔
بیوی نندنی نے پولیس کو بتایا کہ 20 ستمبر کو جب مکان میں کوئی بھی موجود نہیں تھا تو اس کے شوہر پنڈیتورائی اور نندنی میں جھگڑا ہوا اور اس دؤران اس کے شوہر نے چاقو سے اس کا گلا کاٹنے کی کوشش کی تو اس نے وہاں دستیاب وزنی شئے سے اپنے شوہر کے سر پر ضرب لگائی جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔
چونکہ اس وقت مکان میں کوئی بھی موجود نہیں تھے تو نندنی نے اپنے شوہر پنڈیتورائی کی نعش کو مکان کے قریب موجود ایک خشک باؤلی میں پھینک دیا۔
نندنی کی نشاندہی پر پولیس اس خشک باؤلی سے اس کے شوہر پنڈیتورائی کی مسخ شدہ نعش برآمد کی اور نندنی کو گرفتار کرتے ہوئے مزید تحقیقات میں مصروف ہے۔

