وقارآباد ضلع: پرگی میں ٹی آر ایس پارٹی کا جھنڈا اور ڈنڈا چوری
شکایت پر تلاشی مہم میں پولیس نے لی ” ڈاگ اسکواڈ ” کی مدد
حیدرآباد/پرگی: 06۔اکتوبر (سحرنیوزڈاٹ کام)
اکثر قتل اور بڑے پیمانے پر چوری کی وارداتوں کا سراغ لگانے کے لیے پولیس کی جانب سے ” ڈاگ اسکواڈ ” کی مدد لی جاتی ہے اور مجرموں کا پتہ لگایا جاتا ہے۔
ضلع وقارآباد کے اسمبلی حلقہ پرگی کے بلدی حدود میں موجود ملے مونی گوڑہ کے مکین آج اس وقت حیران اور پریشان ہوگئے کہ ان کے حلقہ کی گلیوں میں ایک ڈاگ اسکواڈ اور نصف درجن ملازمین پولیس تلاشی مہم میں حصہ لیتے ہوئے دؤڑ رہے تھے۔

اس پولیس ڈاگ کے ساتھ دؤڑتے ہوئے ملازمین پولیس کے پیچھے بچے اور نوجوان بھی دؤڑ رہے تھے۔
چند لوگ یہ منظر دیکھ کر خوفزدہ ہوگئے کہ ضرور کوئی قتل کی واردات پیش آئی ہے یا پھر بڑے پیمانے پر چوری ہوئی ہے اور محکمہ پولیس کتے کی مدد سے قاتلوں یا چوروں کا پتہ لگانے میں مصروف ہے!!
مگر ایسا کچھ نہیں تھا!!
اصل حقیقت یہ تھی کہ پرگی کے بلدی حدود میں موجود ملے مونی گوڑہ میں ایستادہ ریاست تلنگانہ،ضلع وقارآباد کے چاروں اسمبلی حلقہ جات بشمول پرگی اسمبلی حلقہ اور بلدیہ پرگی میں برسر اقتدار ٹی آرایس پارٹی کا جھنڈا اور ڈنڈا گزشتہ رات نامعلوم افراد نے چوری کرلیا تھا۔

اس سرقہ کی شکایت مقامی ٹی آرایس قائدین نے پرگی پولیس اسٹیشن میں درج کروائی۔
پھر کیا تھا سب انسپکٹر پولیس پرگی کانتی کمار پاٹل کی قیادت میں پولیس فوری حرکت میں آگئی اور سوچا کہ برسراقتدار پارٹی کا جھنڈا اور ڈنڈا اس طرح چوری کرنے کی ہمت کس نے جُٹائی! اور فوری ڈاگ اسکواڈ طلب کرتے ہوئے علاقہ کی مکمل تلاشی لی گئی لیکن کوئی ثبوت وشواہد دستیاب نہیں ہوئے کہ ڈنڈا اور جھنڈا کس نے سرقہ کیا ہے؟
کتے کو بھی ناکامی حاصل ہوئی کہ اس نے بو سونگھ کر اتنا بڑا جرم کرنے والے کو پکڑ نہیں پایا!!
” ڈاگ اسکواڈ کے ذریعہ لی گئی تلاشی کا مکمل ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے۔”
اس واقعہ کے بعد عوام میں یہ تاثر پیدا ہوا کہ قتل اور چوری کی بڑی وارداتوں کا سراغ لگانے کے لئے ہی ڈاگ اسکواڈ کا استعمال نہیں کیا جاتا بلکہ برسر اقتدارپارٹی کا جھنڈا اور ڈنڈا چرانے والے مجرمین کو پکڑنے کے لئے بھی ڈاگ اسکواڈ کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں!!

