لکھیم پورواقعہ: پرینکا گاندھی گرفتار،اکھلیش یادو گھر میں بند
مرکزی وزیر کے بیٹے سمیت 14 افراد پرقتل کا کیس درج،اترپردیش میں الرٹ
مہلوک کسانوں کے خاندانوں کو فی کس 45 لاکھ اور سرکاری ملازمت،حکومت اترپردیش کا اعلان
نئی دہلی/لکھنو: 04۔اکتوبر (سحرنیوزڈاٹ کام)
اترپردیش کے لکھیم پوری کھیری میں کل احتجاجی کسانوں پر مرکزی وزیر اجئے مشرا کے بیٹے ابھئے مشرا کی جانب سے کار چڑھادئیے جانے کے واقعہ میں مرنے والوں کی تعداد جملہ 9 ہوگئی ہے،ان میں ایک مقامی صحافی بھی شامل ہیں۔کل سے اس واقعہ کی ہر طرف سے مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب لکھیم پور کھیری کے کل کے واقعہ کے بعد کسانوں کے غصہ کو کم کرنے کی غرض سے اترپردیش حکومت اور کسانوں کے درمیان آج ہونے والی بات چیت کے بعد چیف منسٹر اترپردیش آدتیہ ناتھ نے مہلوک کسانوں کے خاندانوں کو فی کس 45 لاکھ روپئے ایکس گریشا اور گھر کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔اور کل کے واقعہ میں ایک درجن سے زائد زخمی ہونے والے کسانوں کو فی کس دس لاکھ روپئے کا اعلان کیا ہے۔
اترپردیش حکومت نے کل احتجاجی کسانوں پر کار چڑھا دینے کے الزامات کا سامنا کررہے مرکزی وزیر کے بیٹے اشیش مشرا سمیت 14 افراد پر قتل کا کیس درج کرلیا ہے۔
اسی دؤران کل رات اس واقعہ میں مرنے والے کسانوں کے افراد خاندان سے ملاقات کی غرض سےلکھیم پور کھیری جارہیں جنرل سیکریٹری کانگریس و انچارج اتر پردیش پرینکا گاندھی کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ان کی گرفتاری کے موقع پر پولیس عہدیداروں سے پرینکا گاندھی کی بحث پر مشتمل ویڈیوس سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے ہیں۔
” پرینکا گاندھی اپنی گرفتاری کے وقت پولیس عہدیداروں سے بحث کرتے ہوئے (ویڈیو) "
پرینکا گاندھی کو اترپردیش کے سیتاپور میں گرفتار کرکے وہاں کسی مقام پر رکھا گیا ہے۔آج فیس بک،ٹوئٹر اور انسٹا گرام پر ایک ایسا ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں حراست میں رکھے گئے کمرے میں پرینکا گاندھی جھاڑو لگاکر اس کمرے کو صاف کررہی ہیں۔
” پرینکا گاندھی جھاڑو سے محروس رکھے گئے کمرے میں جھاڑو لگاتے ہوئے۔(ویڈیو)
وہیں پرینکا گاندھی کے بھائی و رکن پارلیمان راہول گاندھی نے پرینکا گاندھی کی ستائش کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "پرینکا میں جانتا ہوں تم پیچھے نہیں ہٹوگی،تمہاری ہمت سے وہ ڈرگئے ہیں،اس عدم تشدد کے ذریعہ انصاف کی لڑائی میں ہم ملک کے کسانوں کو جتاکر رہیں گے”۔
تاہم کسان تنظیموں کا مطالبہ ہے کہ مرکزی وزیر اجئے مشرا کو فوری کابینہ سے برخاست کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا جائے اور کل کے واقعہ میں ملوث مرکزی وزیر اجئے مشرا کے بیٹے ابھئے مشرا کو فوری گرفتار کیا جائے۔
کل کے واقعہ میں کسانوں کے ہلاک ہونے کے بعد سے اتر پردیش سمیت لکھیم پورکھیری میں شدید تناؤ کا ماحول ہے ۔حکومت اترپردیش اور پولیس انتظامیہ کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کانگریس،بی ایس پی،ایس پی،عام آدمی پارٹی سمیت دیگر کو لکھیم پور کھیری پہنچ کرمہلوک کسانوں کے افراد خاندان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔
زیادہ تر اپوزیشن قائدین کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔بیارکیڈ، گاڑیاں اور مختلف رکاوٹیں کھڑی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں پولیس کومیدان میں اتار اگیا ہے۔
لکھیم پورکھیری میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے انٹرنیٹ کی خدمات بند کردی گئی ہیں
وہیں لکھیم پورکھیری کے واقعہ کے بعد دہلی میں بھی زبردست حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں اورسنگھو،غازی پور سرحدوں کوبند کردیا گیا ہے۔
آج صبح سماجوادی پارٹی چیف و سابق چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو کی رہائش گاہ پر حالات پرتشد د ہوگئے تھے لکھیم پور کھیری روانہ ہونے والے اکھلیش یادو کا پولیس نے ان کے گھر پر بند کردیا جس کے خلاف اکھلیش یادو ۔ پارٹی قائدین اور کارکن احتجاج کرتے ہوئے سڑک پر بیٹھ گئے۔

بعد ازاں موجود سماج وادی پارٹی قائدین اور کارکن برہم ہوگئے اور احتجاج شروع کردیا اور پولیس کی گاڑی کو آگ لگادی گئی۔اس موقع پر اکھلیش یادو نے مطالبہ کیا ہے کہ مہلوک کسانوں کے افراد خاندان کو فی کس دو کروڑ روپئے دئیے جائیں ۔
” اترپردیش کے لکھیم پور کھیری میں کل اتوار کو پیش آنے والے واقعہ کی مکمل تفصیلات سحرنیوز ڈاٹ کام کی اس لنک پر پڑھی جاسکتی ہیں۔ "
یوپی کے لکھیم پور کھیری میں مرکزی وزیر کے بیٹے نے احتجاجی کسانوں پر کار چڑھادی!،8 ہلاک

