مرکزی حکومت تلنگانہ کو نظر انداز کررہی ہے،پدم شری ایوارڈس کی اجرائی اور سیاحت کی ترقی پر نمائندگی بے اثر: اسمبلی میں کے سی آر

مرکزی حکومت ریاست تلنگانہ کو نظر انداز کررہی ہے
پدم شری ایوارڈس کی اجرائی اور سیاحت کی ترقی کے لیے نمائندگی بے اثر
ریاستی اسمبلی اجلاس میں چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ کا خطاب

حیدرآباد :04۔اکتوبر(سحرنیوزڈٖاٹ کام)

چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے مرکزی حکومت پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ ریاست تلنگانہ کو نظرانداز کررہی ہے اور ریاست کے ساتھ سوتیلانہ سلوک کیا جارہا ہے۔

آج ریاستی اسمبلی میں بات کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے کہا کہ بالخصوص ریاست تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے تمام شعبہ جات میں موجود ماہرین کو پدماشری ایوارڈ دینے کے معاملہ میں تلنگانہ کو یکسر نظر انداز کیا جارہا ہے۔
چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤنے کہا کہ اس معاملہ میں وہ اپنے حالیہ دورہ دہلی کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ سے نمائندگی کرچکے ہیں۔چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے استفسار کیا کہ کیا تلنگانہ میں پدماشری ایوارڈ حاصل کرنے کے حقدار موجود نہیں ہیں؟

ریاستی اسمبلی میں سوال جواب کے وقفہ دؤران ریاستی وزیر سیاحت و انڈومنٹ سرینواس گوڑ کی جانب سے رامپا مندر سے متعلق ایک رکن کے سوال کا جواب دینے کے فوری بعد اپنے خطاب میں چیف منسٹر کے۔چندرا شیکھرراؤ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں بشمول تاریخی منادر کے کئی آبشار،ذخائرآب اور سیاحتی مقامات موجود ہیں تاہم ان کی ترقی کے لیے نمائندگی کے باوجود مرکزی حکومت ریاست تلنگانہ میں سیاحت کوترقی دینے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کررہی ہے۔

چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے کہا کہ ریاست میں چھوٹے ایرپورٹس کے قیام اور ان کی ترقی کےاقدامات کے لیے ساڑھے چھ سال قبل مرکزی حکومت سے نمائندگی کی گئی تھی تاہم آج تک کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔

چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھر راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کی تہذیب اور یہاں کا کلچرتاریخی ہے یہاں متعدد تاریخی عمارتوں کے علاوہ مختلف سیاحتی مقامات موجود ہیں اور یہاں ہر شعبہ جات کے ماہرین موجود ہیں انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں بھی 58 سال تک تلنگانہ کو نظرانداز کیا گیا تھا اب بھی وہی روش جاری ہے۔

چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے انکشاف کیا کہ دوما کونڈا قلعہ کے وارثین نے ان سے ملاقات کرتے ہوئے قلعہ کو حکومت کی نگرانی میں دینے کی پیشکش کی ہے۔