شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان کو عدالت سے نہیں ملی ضمانت
جمعرات تک نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی تحویل میں رہیں گے
ممبئی:04۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام؍ایجنسیز)
ہفتہ کی رات ممبئی سے گوا جارہی کروز (کشتی) میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی ) کے عہدیداروں کی جانب سے دھاوہ اور پارٹی میں ڈرگس کی ضبطی کے ساتھ اداکار شارخ خان کے فرزند آریان خان(23سالہ) سمیت 8 افراد کو تحویل میں لیکر تفتیش کے بعد کل شام بشمول آریان خان تین افراد کی باقاعدہ گرفتاری کا اعلان کیا تھا جن میں مون مون دھنیچہ اور ایاز مرچنٹ بھی شامل ہیں۔
بعد ازاں ان تینوں گرفتار شدگان کو کل شام دیر گئے این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8(c) 20b, 35,27 کے تحت ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹین مجسٹریٹ کے مسٹر آر کے راجے بھوسلے کے سامنے پیش کیا گیا جہاں معزز جج نے آریان خان سمیت تینوں گرفتار شدگان کو آج 4 اکتوبر تک کے لیے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی تحویل میں دے دیا تھا۔
اسی دؤران شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان کے وکیل ستیش مانی شنڈے نے کہا تھا کہ آریان خان کی ضمانت کے لیے عدالت میں درخواست داخل کردی گئی ہے۔
جس کی سماعت آج ہوئی تاہم آریان خان کو آج عدالت سے کوئی راحت نصیب نہیں ہوئی اور عدالت نے ضمانت منظور نہ کرتے ہوئے انہیں جمعرات 7 اکتوبر تک نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی تحویل میں روانہ کردیا۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق عدالت میں ضمانت کی درخواست کی سماعت کے دؤران آریان خان پرسکون تھے جبکہ ان کے ساتھ ارباز مرچنٹ اور مون مون دھمیچا معزز جج کے فیصلے کے بعد نروس بریک ڈاؤن کا شکار ہوگئے۔
آریان خان کی درخواست ضمانت کی سماعت کے دؤران آج ان کے والد اداکار شاہ رخ خان اور ان کی ماں گوری خان عدالت میں موجود نہیں تھے۔
کل نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے عہدیداروں نے کہا تھا کہ کروز میں جاری پارٹی کے دؤران ہائی پروفائل چھاپے میں 13 گرام کوکین،21 گرام چرس اور ایم ڈی ایم اے کی 22 گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔این سی بی نے بتایا تھا کہ آریان خان کے خلاف لگائے گئے الزامات میں ممنوعہ مذکورہ اشیاء کی خریداری، قبضہ اور استعمال شامل ہیں۔

کل اتوار کو دن بھر شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان کے ساتھ دیگر سات افراد سے پوچھ تاچھ کی گئی تھی جن میں نوپور ساریکا،اسمیت سنگھ،من من دھمیچا،موہک جسوال،گومیت چوپڑہ،وکرانت چھوکر اور ارباز مرچنٹ شامل ہیں
نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی جانب سے تحویل میں لیے گئے جملہ آٹھ افراد میں سے آریان خان کے بشمول تین کا میڈیکل ٹسٹ کروایا گیا تھا۔

