پکوان گیس سیلنڈر کی قیمت میں 25 روپئے کا اضافہ،چار ماہ میں عوام پر پانچویں مرتبہ اضافہ کا بوجھ

پکوان گیس سیلنڈر کی قیمت میں 25 روپئے کا اضافہ

چار ماہ میں عوام پر پانچویں مرتبہ اضافہ کا بوجھ

نئی دہلی: یکم۔جولائی (سحرنیوز ڈاٹ کام)
اشیائے ضروریہ سے لیکر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ اور آسمان چھوتی مہنگائی سے پہلے ہی سے پریشان عوام کو اچھے دنوں کا وعدہ کرنے والی حکومت نے پکوان گیس کی قیمت میں فی سیلنڈر 25.50 کا اضافہ کرتے ہوئے آج ایک اورجھٹکا دیا ہے اضافہ شدہ قیمت کا آج یکم جولائی سے ہی اطلاق ہوگا۔
یاد رہے کہ اچھے دنوں کی امید لگائے ہوئے عوام کو مرکزی حکومت نےچار ماہ کے دؤران پانچویں مرتبہ پکوان گیس کی قیمتوں میں پانچ مرتبہ اضافہ کرتے ہوئے زور کا جھٹکا دیا ہے اور ان چار ماہ کے دؤران پکوان گیس سیلنڈر پرجملہ 150 روپئے کا اضافہ کردیاگیا ہے۔
جاریہ سال 4فروری کو پکوان گیس کی قیمت میں 25 روپئے کا اضافہ کیا گیا تھاپھر دوبارہ 14 فروری کو پکوان گیس سیلنڈر کی قیمت میں فی سیلنڈر 50 روپئے کا اضافہ کیا گیا اس کے بعد 25 فروری کو بھی پکوان گیس کی قیمت میں مزید 25 روپئے اضافہ کا فرمان جاری ہوا تھا۔
پھر یکم مارچ کو پکوان گیس سیلنڈر کی قیمت میں مزید 25 روپئے کا اضافہ کیا گیا اب یکم جولائی کو حکومت نے مہنگائی کی چکی میں پِس رہے عوام کو مزید ایک جھٹکا دیتے ہوئے پکوان گیس کی قیمت میں مزید 25 روپئے 50 پیسے کا اضافہ کردیا ہے۔
آج پکوان گیس کی اضافہ شدہ قیمت کے بعد ملک کے دارالحکومت دہلی میں 14.2 کلوگرام کے حامل فی پکوان گیس کی قیمت 834.50روپئے ،چنئی میں 850.50 روپئے ،کولکاتا میں 835.50 روپئے ، ممبئی میں 834.50 روپئے اور حیدرآباد میں سب سے زیادہ 861.50 ہوگئی ہے۔
اس طرح پکوان گیس سیلنڈر کی قیمت میں اضافہ عوام کے گھریلو بجٹ کی کمر توڑنے کیلئے کافی ہے۔کیونکہ تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتیں پہلے ہی آسمان چھورہی ہیں۔
کمرشیل استعمال کیے جانے والے گیس سیلنڈرس پر بھی 76 روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے۔