کرناٹک میں اب ڈرون کے ذریعہ ہوگی ادویات اور دیگر ضروری طبی اشیاء کی منتقلی
بنگلور:05۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)
ملک میں کرناٹک ایسی پہلی ریاست بننے کا اعزاز حاصل کرنے جارہی ہے جہاں ڈرون کے ذریعہ ادویات،ویکسین،سینی ٹائزر کے علاوہ دیگر اہم طبی اشیاء بہت ہی کم وقت میں پہنچائی جائیں گی پہنچائی جائیں گی اور ساتھ ہی یہ ڈرونس”سینی ٹائزیشن” کیلئے بھی استعمال کیے جائیں گے۔چیف منسٹر کرناٹک مسٹر ایڈی یورپا کی موجودگی میں گزشتہ ہفتہ اس ڈرون سرویس کا کامیاب عملی تجربہ کیا گیا۔
یہ ڈرون 35 تا 40 کلو وزنی ادویات،ویکسین کے علاوہ سینی ٹائزر اور دیگر ضروری طبی اشیاء لیکر بلاء کسی رُکاوٹ منتخبہ مقامات تک پہنچیں گے۔
یاد رہے کہ ریاست کرناٹک کوروناوائرس سے شدید متاثر ہوئی ہے اورحکومت نے کوروناوائرس کی چین کو توڑنے کی غرض سے دو ہفتوں کیلئے 27 اپریل کی رات 9 بجے سے ریاست میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔
اس لاک ڈاؤن کے دؤران صبح 6 بجے تا 9 بجے تین گھنٹوں کیلئے عوام کو اشیائے ضروریہ کی خریدو فروخت کی اجازت ہےاور اسکے بعد دس بجے دن سے تمام کاروباری اور تجارتی ادارے بند کردئیے جارہے ہیں پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم بھی مکمل بندہے۔
حکومت کو یقین ہے کہ اس لاک ڈاؤن کے ذریعہ کوروناوائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکتا ہے۔
ادویات، ویکسین،سینی ٹائزر اور دیگر ضروری اشیاء کی ضرورت کی اطلاع کے فوری بعد کم وقت میں ان ڈرونس کے ذریعہ متعلقہ مقام تک یہ اشیاء فوری طورپر پہنچائی جائیں گی۔
ڈائرکٹوریٹ جنرل آف سیول ایوی ایشن نے حال ہی میں انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کو ویکسین اور دیگر طبی اشیاء کی منتقلی کیلئے ڈرونس کے استعمال کے تجربہ کی اجازت دی تھی۔
ان ڈرونس کی جانب سے ضروری طبی اشیاء کی منتقلی کے تجربہ کے بعد ملک کی دیگر ریاستیں بھی ڈرنس کے استعمال کو ترجیح دیں گی۔
اس تجربہ کے بعد بنگلورسٹی کارپوریشن بھی شہر میں سینی ٹائزیشن کیلئے ان ڈرونس کے استعمال پر غور کررہا ہے۔

