تلنگانہ میں ملازمین بلدیہ کی رخصت منسوخ،عہدیداروں کو چوکس رہنے وزیر بلدی نظم ونسق کے ٹی آر کی ہدایت

تلنگانہ میں ملازمین بلدیہ کی رخصت منسوخ!،عہدیداروں کو چوکس رہنے وزیر بلدی نظم ونسق کے ٹی آر کی ہدایت

حیدرآباد:17۔اپریل(سحر نیوز ڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ میں جاری کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دؤران متاثرین کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر آج ریاستی حکومت نے ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے ملازمین بلدیہ کی رخصت کو منسوخ کردیا ہے!! اس سلسلہ میں وزیر بلدی نظم و نسق،آئی ٹی، اینڈ انڈسٹریز کے۔تارک راما راؤ(کے ٹی آر) کی جانب سے ایسی ہدایت جاری کیے جانے کی اطلاع ہے!!

 

وہیں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن سمیت ریاست کی تمام بلدیات کے عہدیداروں کو ریاستی وزیر کی جانب سے ہدایت دی گئی ہے کہ بلدیات میں موجود گاڑیوں اور ضرورت پڑنے پر کرایہ پر خصوصی گاڑیاں حاصل کرتے ہوئے جنگی خطوط پر بلدی حدود میں سوڈیم ہائپوکلورائیڈ کی پچکاری کی جائے اور اس کے لیے پٹنا پرگتی (شہروں کی ترقی) فنڈ سے استفادہ کیا جائے۔اور ساتھ ہی ریاستی وزیر نے بلدی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ چوکس رہیں اور بلدی حدود میں موجود تمام عہدیداران اور ملازمین بلدیہ خدمات پر موجودرہیں۔

ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق، آئی ٹی، اینڈ انڈسٹریز کے۔تارک راما راؤ۔

اطلاع ہے کہ ریاستی وزیر نے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ملازمین او رعہدیداران بلدیہ کی رخصت منسوخ کردیں!
اور ساتھ ہی ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے۔ تارک راما راؤ نے بلدی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں اور عوام میں اس سے تحفظ کیلئے مزید شعور بیدار کیا جائے۔

ریاستی وزیر کے ٹی آر نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ملازمین اور عہدیداروں کو کوویڈ ویکسین دئیے جانے کا کام کل تک صد فیصد مکمل ہوجائے گا اور ریاست کی دیگر تمام بلدیات کے ملازمین کو اندرون دو یا تین یوم کوویڈ ویکسین دئیے جانے کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔

بڑھتے ہوئے کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں اضافہ کے درمیان ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ۔تارک راما راؤ نے پرنسپل سیکریٹری میونسپل اڈمنسٹریشن اروند کمار آئی اے ایس، کمشنر اینڈ ڈائرکٹر میونسپل اڈمنسٹریشن ڈاکٹر ستیہ نارائنا اورکمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن لوکیش کمار آئی اے ایس سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ حالات کا جائزہ لیا۔

 

ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے۔ تارک راما راؤ نے ساتھ ہی ریاست کے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے ماسک کا استعمال لازمی طور پر کریں،سماجی فاصلہ کا خاص خیال رکھیں اور عوامی بھیڑ بھاڑ والے مقامات سے دور رہیں۔

ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے۔ تارک راما راؤ نے کہا کہ چونکہ کورونا وائرس سے لڑائی میں بلدی ملازمین سب سے آگے ہیں اس لیے ان تمام بلدی ملازمین اور عہدیداروں کو کوویڈویکسین دی جائے۔