جل پلی بلدیہ کے وارڈ نمبر28 کے ضمنی انتخابات میں مجلسی امیدوار کے حق میں ٹی آرایس امیدوار دستبردار: سبیتا ریڈی

ریاستی خبریں
جل پلی بلدیہ کے وارڈ نمبر 28 کے ضمنی انتخابات میں مجلسی امیدوار کے حق میں ٹی آر ایس امیدوار دستبردار : سبیتا ریڈی

حیدرآباد:18۔اپریل (سحر نیوزڈاٹ کام)

ضلع رنگاریڈی کی بلدیہ جل پلی کے بلدی حلقہ 28 کیلئے منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس پارٹی نے اپنے امیدوار کو مجلسی امیدوار تحسین بیگم کے حق میں دستبردار کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایک پریس نوٹ کے ذریعہ ریاستی وزیرتعلیم مسز پی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے یہ اطلاع دی ہے۔

اس سلسلہ میں معتمد کل ہند مجلس اتحادالمسلمین و رکن اسمبلی یاقوت پورہ جناب احمد پاشاہ قادری نے آر کے پورم کیمپ آفس پہنچ کر آج ریاستی وزیر تعلیم مسز پی۔ سبیتا اندرا ریڈی سے ملاقات کی اور ان سے خواہش کی کہ ضلع رنگاریڈی کی جل پلی مجلس بلدیہ کے بلدی حلقہ 28 کیلئے مجلسی رکن بلدیہ محترمہ نازیہ بیگم کے انتقال کے باعث منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات میں اس بلدی حلقہ کی مجلسی امیدوار تحسین بیگم کو مجلس اتحادالمسلمین نے اپنا امیدوار بنایا ہے جو کہ رکن بلدیہ نازیہ بیگم مرحومہ کی بہو ہیں۔

معتمد کل ہند مجلس اتحادالمسلمین و رکن اسمبلی یاقوت پورہ جناب احمد پاشاہ قادری نے اس موقع پر ریاستی وزیر تعلیم مسز پی۔ سبیتا اندرا ریڈی سے خواہش کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ٹی آر ایس پارٹی مجلسی امیدوار تحسین بیگم کی تائید کرتے ہوئے ٹی آرایس پارٹی اپنے امیدوار کو اس مقابلہ سے دستبردار کروائے تاکہ تحسین بیگم کی کامیابی کی راہ بناء کسی مقابلہ یا ووٹوں کی تقسیم کے ہموارہو۔

جس پر ریاستی وزیر تعلیم پی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ انہوں نے اس تجویز کو ریاستی وزیر اعلیٰ کے سی آر اور کارگزار صدر پارٹی آرایس پارٹی و ریاستی وزیر کے ٹی آرسے رجوع کیا تو انہوں نے اس کی اجازت دیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ جل پلی بلدیہ کے بلدی حلقہ 28 سے ٹی آرایس پارٹی امیدوار کو مجلسی امیدوار تحسین بیگم کے حق میں دستبردار کروایا جائے ۔

ریاستی وزیر تعلیم مسز پی۔ سبیتا اندراریڈی کی اس اطلاع کے بعد معتمد کل ہند مجلس اتحادالمسلمین و رکن اسمبلی یاقوت پورہ جناب احمد پاشاہ قادری اور وزیر تعلیم سے ملاقات کرنے والے اس مجلسی وفد میں شامل صدر نشین بلدیہ جل پلی جناب عبداللہ بن احمد سعدی، مجلس اتحاد المسلمین کے ابتدائی صدرجناب احمد سعدی اور امیدوار بلدی حلقہ28 کے افراد خاندان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس فیصلہ انسانیت اور مرحومہ رکن بلدیہ کے افراد خاندان کیساتھ ہمدردی کے اظہارپر وزیر اعلیٰ جناب چندرشیکھرراؤ اورکارگزار صدرٹی آرایس پارٹی کے۔ تارک راما راؤ کے بشمول ریاستی وزیر تعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی سے تشکر کااظہا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے