تلنگانہ کے وزیر معدنیات وویک وینکٹ سوامی سے تانڈوراسٹون مرچنٹس
اورکواری اونرس اسوسی ایشن کے عہدیداروں کی نمائندگی
حیدرآباد/تانڈور:29۔مارچ(سحرنیوزڈاٹ کام)
وزیر معدنیات حکومت تلنگانہ گڈم وویک وینکٹ سوامی نے تیقن دیا ہے کہ وقارآباد ضلع کے تانڈور میں موجود شاہ آباد پتھر کی صنعت کو چھوٹی صنعتوں میں شامل رکھنے پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔
رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہر ریڈی کی قیادت میں تانڈور اسٹون مرچنٹس ویلفیئر اسوسی ایشن اور تانڈور منڈل کواری اونرس ویلفیئر اسوسی ایشن کے عہدیداروں کے ایک وفد نے ریاستی وزیر معدنیات گڈم وویک وینکٹ سوامی سے حیدرآباد میںملاقات کی اور انہیں تانڈور کی پتھر صنعت کو درپیش مختلف مسائل اور دشواریوں سے واقف کروایا۔
ریاستی وزیر معدنیات گڈم وویک وینکٹ سوامی کو بتایا گیاکہ تانڈور کی پتھر صنعت جسے حرف عام میں شاہ آباد پتھر کہا جاتا ہے سے 20؍تا 30؍ہزار افراد کا روزگار جڑا ہوا ہے جس میں بیوپاری ، مزدور ،لاری مالکین اور ڈرائیورس کے علاوہ دیگر شامل ہیں اور برسوں سے یہ صنعت چھوٹی صنعتوں میں شمار کی جاتی رہی ہے۔
لیکن اب اس صنعت کو بڑی صنعتوں میں شامل کیا گیا ہے جس سے مزید مختلف مسائل سے یہ صنعت دوچار ہوگئی ہے اوررائلٹی میں اضافہ بھی ایک بوجھ بن گیا ہے ۔وزیرمعدنیات گڈم وویک وینکٹ سوامی سے نمائندگی کی گئی کہ تانڈور کی پتھر صنعت کومزید نقصانات سے بچانے کی غرض سے اسے دوبارہ چھوٹی صنعتوں میں شامل کیا جائے اور ساتھ ہی رائلٹی کی فیس میں بھی کمی کی جائے ۔
تمام مسائل سے واقفیت کے بعد ریاستی وزیر معدنیات گڈم وویک وینکٹ سوامی نے مثبت تیقن دیاکہ اس معاملہ میںچیف منسٹر ریونت ریڈی سے موثر نمائندگی کرتے ہوئے اس مسئلہ کو جلد ہی حل کیا جائے گا ۔

ریاستی وزیر معدنیات سے ملاقات کرنے والے اس وفد میں صدر کواری اونرسویلفیئر اسوسی ایشن عبدالرؤف، صدر تانڈور اسٹون مرچنٹس ویلفیئر اسوسی ایشن یم اے نعیم افو، نائب صدور اوم پرکاش سومانی ،محمد انور پاشا،جنرل سیکریٹری سید زبیر پاشا اور دیگر شامل تھے۔
یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ 26 مارچ کو رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہر ریڈی نے ریاستی اسمبلی میں اسپیکر اسمبلی گڈم پرساد کمار کے اجلاس پر تانڈور کی پتھر صنعت کی حالت زار سے حکومت کو واقف کرواتے ہوئے کہا تھاکہ تانڈور کا پتھرشاہ آباد پتھر کے نام سے پورے ملک میں مشہور ہے جو کہ مکانات، کامپلیکس اور دیگر عمارتوں میں فلورنگ کی غرض سے استعمال کیا جاتا ہے ۔

تاہم چند سال سے ٹائلس اور دیگر اقسام کے پتھروں کی وجہ سے تانڈور کے پتھر کی صنعت شدید بحران کا شکار ہوگئی ہے۔رکن اسمبلی نے کہا کہ تانڈور میں موجود پتھر کی معدنیات اور صنعتوں سے جڑے ہوئے 30/ ہزار سے زائد مالکین اور مزدوروں کا روزگار بچانے کے لئے حکومت جی او جاری کرے کہ تلنگانہ میں تمام سرکاری عمارتوں کی تعمیر کے موقع پرفلورنگ کی غرض سے تانڈور کا پتھر استعمال کیا جائے جس سے تانڈور کے پتھر کی کھپت ہوگی اور پتھر صنعت سے وابستہ ہزاروں افرادکو راحت حاصل ہوگی اس طرح تانڈور کی شاہ آباد اسٹون انڈسٹری کوشدیدمعاشی بحران سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔

