قوم کو دوبارہ مضبوط بنانے کے لیے اخلاقی اصلاح، محنت اور خود انحصاری کو فروغ دینا ناگزیر: ممتاز امریکی ماہرِ نفسیات ڈاکٹر محمد قطب الدین ابو شجاع کا خطاب

قوم کو دوبارہ مضبوط بنانے کے لیے اخلاقی اصلاح، محنت اور خود انحصاری کو فروغ دینا ناگزیر
اسمارٹ اسکلز ٹیکنیکل اکیڈمی ،حیدرآبادکاافتتاحی پروگرام
ممتازامریکی ماہرِ نفسیات ڈاکٹر محمد قطب الدین ابو شجاع کا خطاب

حیدرآباد: 4۔فروری (سحرنیوزڈاٹ کام /پریس نوٹ)

ممتازامریکی    ماہرِ نفسیات ڈاکٹر محمد قطب الدین ابو شجاع نے کہا ہے کہ قوم کو دوبارہ مضبوط بنانے کے لیے اخلاقی اصلاح، محنت اور خود انحصاری کو فروغ دینا ناگزیرہے۔انہوں نے بالخصوص نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے زوردیا کہ ہنر مندی اور ہاتھ سے کام کرنے کا جذبہ ہی معاشی خود کفالت کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ رزق عطا کرتا ہے، مگر اس کے لیے شرط یہ ہے کہ انسان محنت کرے اور دیانت داری کو اپنا شعار بنائے۔

ممتازامریکی ماہرِ نفسیات ڈاکٹر محمد قطب الدین ابو شجاع اسمارٹ اسکلز ٹیکنیکل اکیڈمی حیدرآبادکے افتتاحی پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ امریکہ سے تشریف لائے ممتاز ماہرِ نفسیات ڈاکٹر محمد قطب الدین ابو شجاع اپنا پُراثر اور فکر انگیز خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ قوموں کی تعمیر محض نعروں اور تقاریر سے نہیں بلکہ کردار، اخلاق اور عملی محنت سے ہوتی ہے۔

ڈاکٹر قطب الدین نے اس موقع پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی انسان کے دل میں قوم کے لیے درد، انسانیت کے لیے تڑپ اور اصلاح کی بے چینی موجود ہو تو وہ ایک غیر معمولی انسان ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خدمتِ خلق ہی دین اسلام کی اصل روح ہے اور رسولِ اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمیں یہی سبق دیتی ہے کہ انسانوں کے دکھ درد میں شریک ہونا ہی حقیقی دینداری ہے۔انہوں نے سماجی برائیوں پراپنے خطاب میں تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فضول خرچی، نمود و نمائش، رشتہ داروں اور ہمسایوں کے حقوق سے غفلت نے معاشرے کو کمزور کر دیا ہے۔

ڈاکٹر قطب الدین ابو شجاع اپنے خطاب میں اسمارٹ اسکلز ٹیکنیکل اکیڈمی کے قیام کو ایک مثبت اور انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے منتظمین کو مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ نوجوانوں کو باعزت روزگار، اخلاقی تربیت اور سماجی خدمت کی طرف راغب کرے گا۔

اس افتتاحی تقریب میں چیئرمین اینڈ ٹرسٹی ٹیم این جی اوز کوآپریٹیو ٹرسٹ حیدرآباد جناب احمد ارشد حسین، نیشنل پریزیڈنٹ ٹیم این جی اوز انڈیا جناب الیاس شمسی اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔ پروگرام کا انعقاد حیدرآباد اسکل ڈیولپمنٹ ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام عمل میں آیا۔ آخر میں ڈاکٹر قطب الدین ابو شجاع نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس ادارے کو کامیاب فرمائے اور اسے معاشرے میں علم، ہنر، اخلاق اور انسانیت کے فروغ کا ذریعہ بنائے۔