ریاست تلنگانہ میں اب”ماسک” پہننا لازمی،ورنہ قانونی کارروائی:جی او جاری
حیدرآباد :27 مارچ (سحر نیوزڈاٹ کام)
ملک اور ریاست میں بڑھتے ہوئے کورونامعاملات کے پیش نظر ملک کی کئی ریاستوں بشمول مہاراشٹرا، گجرات،مدھیہ پردیش،راجستھان ،پنجاب اور دیگر ریاستوں میں ہرہفتہ کی رات سے پیر کی صبح تک کرفیوں اور لاک ڈاؤن نافذ کیا جارہا ہے۔
ایسے میں دو دن قبل وزیراعلیٰ تلنگانہ کے ۔چندرا شیکھر راؤ نے اسمبلی میں اعلان کیا تھا کہ ریاست میں دوبارہ لاک ڈاؤن زیر غور نہیں ہےتاہم کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے ریاست میں تعلیمی اداروں، ہاسٹلس، گروکل اسکولس،اقامتی اسکولس کو بند کردئیے جانے کا سخت فیصلہ لیا گیا تھا جو کہ عومی مفاد میں بہتر ہے۔
ساتھ ہی وزیر اعلیٰ کے۔چندرا شیکھر راؤ نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ احتیاطی اقدامات کے ذریعہ ہی کورونا وائرس سے تحفظ حاصل کرسکتے ہیں وزیر اعلیٰ نے عوام کو مشورہ دیا تھا کہ وہ عوامی مقامات پر سماجی دور کا خاص خیال رکھیں اور ماسک کا استعمال لازمی طورپر کریں۔

اسی دؤران آج 27 مارچ کو حکومت تلنگانہ نے جی او،ایم ایس نمبر69 جاری کرتے ہوئے ریاست میں تمام سیاسی ، سماجی اور مذہبی اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے۔
اسی کیساتھ حکومت تلنگانہ نے آج ہی 27 مارچ کو ایک اور G.O.MS.:NO : 68 جاری کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ میں عوامی مقامات،کام کی جگہوں اور پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم میں سفر کے دؤران ” ماسک ” پہننے کو لازمی قرار دے دیا ہے۔
اس جی او میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ماسک کا استعمال انتہائی فائدہ مند اور ضروری ہے۔
اور انتباہ دیا گیا ہے کہ ریاست میں ان احکام کی خلاف ورزی پر سیکشن 51 تا 60 ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005ء اورآئی پی سی کی دفعہ 188اور دیگر قانونی دفعات کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اور اس جی او پر سختی کیساتھ عمل آوری اور عوام کی جانب سے خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کیلئے ریاست کے تمام ضلع کلکٹران،ضلع مجسٹریٹ ، کمشنران پولیس،سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے بشمول متعلقہ عہدیداروں کو احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ملک اور ریاست میں کورونا وائرس کی بڑھتی وبا کو دیکھتے ہوئے اب عوام پر بھی لازم ہے کہ وہ اس وباء سے تحفظ کیلئے تمامتر احتیاطی اقدامات کو خود پر لازمی کرلیں۔ گھر سے باہر جاتے وقت ماسک کا استعمال ضرور کریں،باہر سے گھر پہنچنے کے بعد سینی ٹائزر کے استعمال کیساتھ ساتھ اپنے ہاتھوں کو کسی اچھے صابن سے دھوتے رہیں، بھیڑ بھاڑ والے عوامی مقامات سے خود کو رکھیں اور ساتھ ہی عوام کیساتھ آزادانہ میل ملاپ سے احتیاط کریں۔ کیونکہ احتیاط کو علاج سے بہتر کہا گیا ہے۔اور ساتھ ہی لازمی ہے ریاست میں اس جی او پر مکمل عمل آوری کیلئے عوام سرکاری انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں ورنہ قانونی کارروائی کیساتھ ساتھ بھاری جرمانے بھی ادا کرنے پڑسکتے ہیں !!

