تلنگانہ میں شب برات،ہولی،اُگادی،رام نومی،مہاویر جینتی، گڈفرائی ڈے اور رمضان کے اجتماعات وریالیوں پر پابندی

ریاستی خبریں
تلنگانہ میں شب برات،ہولی،اُگادی،رام نومی،مہاویر جینتی،گڈفرائی ڈے اور رمضان کے اجتماعات و ریالیوں پر پابندی

حیدرآباد :27 مارچ(سحرنیوزڈاٹ کام)
ملک اور ریاست میں کوروناوائرس کی دوسری لہر کے دؤران بڑھتے ہوئے کوروناوائرس کے معاملات کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کے تحت آج
27 مارچ کی رات حکومت تلنگانہ نے منسٹری آف ہوم افیئرس حکومت ہند کی جانب سے 23 مارچ کو جاری کردہ رہنمایانہ خطوط پر عمل کرتے ہوئے
جی او،ایم ایس نمبر 69 جاری کرتے ہوئے ریاست میں تمام سیاسی ،سماجی اور مذہبی اجتماعات ریالیوں، جلسوں اور جلوسوں پر پابندی عائد کردی ہے۔

حکومت تلنگانہ کی جانب سے جاری کردہ G.O.MS.NO: 69

اس جی او میں کہا گیا ہے کہ 30 اپریل تک عیدین اوتہواروں مثلاً شب براءت،ہولی،اُگادی،رام نومی،مہاویر جینتی، گُڈ فرائی ڈے اور رمضان کے دؤران عوامی مقامات گراؤنڈس اور پارکس میں ریالیوں،عوامی اجتماعات،تقاریب،جلسوں اور جلوسوں پر مکمل پابندی عائد کی جارہی ہے۔

اس جی او میں انتباہ دیا گیا ہے کہ خلاف ورزی پر سیکشن 51 تا 60 ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005ء اورآئی پی سی کی دفعہ 188کے تحت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ سومیش کمار کی دستخط سے جاری کردہ اس جی او میں کہا گیا ہے کہ اس سلسلہ میں کارروائی کیلئے ریاست کے تمام ضلع کلکٹران،ضلع مجسٹریٹ،کمشنران و سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو احکامات جاری کردئیے گئے ہیں اور ہدایت دی گئی ہے ان احکامات پر سختی کیساتھ عمل آوری کی جائے۔

یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ ملک کی کئی ریاستوں بشمول مہاراشٹرا، گجرات ، مدھیہ پردیش ، راجستھان ،پنجاب میں کوروناوائرس کے بڑھتے متاثرین کو دیکھتے ہوئے ہفتہ کی رات سے پیر کی صبح تک کرفیوں اور لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔

یاد رہے کہ 25 مارچ کو ریاستی وزیر اعلیٰ کے سی آر نے ریاستی اسمبلی میں اعلان کیا تھا کہ ریاست میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا حکومت کو کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے کہا تھا کہ عوام احتیاطی اقدامات کے ذریعہ خود کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھ سکتی ہے جس میں ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلہ قائم رکھنا ،عوامی اجتماعات میں شرکت نہ کرنا شامل ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے