مہاراشٹرا : چیتا کا سر پانچ گھنٹوں تک برتن میں پھنسا رہا
محکمہ جنگلات کی ٹیم نے بچا لیا، طبی معائنہ کے بعد جنگل میں چھوڑ دیا گیا
ممبئی : 04۔مارچ
(سحر نیوز ڈاٹ کام/ایجنسیز)
مہاراشٹر کے دھولے ضلع کے ایک گاؤں میں ایک چیتا کا سر دھات کے برتن جسے عام زبان میں دیگچی کہا جاتا ہے میں پانچ گھنٹوں تک پھنسا رہا۔یہ واقعہ ہفتہ کی رات اس وقت پیش آیا جب یہ چیتا پانی اور غذاء کی تلاش میں ایک کھیت کے اس حصہ میں داخل ہوگیا جہاں گائے اور بھینس باندھی جاتی ہیں اور وہاں موجود ایک دیگچی میں اس نے اپنا سر اس دیگچی میں ڈال دیا لیکن بدقسمتی سے اس دیگچی کا منہ چھوٹا رہنے کی وجہ سے اس کا سر اس دیگچی میں پھنس گیا۔جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔
یہ واقعہ دھولےضلع کی ساکری تحصیل کے دھکشواڑ گاؤں میں پیش آیا۔ جہاں غذاء اور پانی کی تلاش میں یہ چیتا نصف شب کے بعد 2 بجے مقامی شخص کرشنا چورے کے کھیت میں واقع ایک گائے کے خانے میں داخل ہوگیا تھا۔
کھیت مالک کرشنا چورے اور مقامی افراد نے جب یہ منظر دیکھا تو حیران رہ گئے۔گاؤں کے سرپنچ کملاکر سبلے نے محکمہ جنگلات کو اس واقعہ کی اطلاع دی۔جس کے بعد محکمہ جنگلات کے عہدیداروں،جانوروں کے ٖڈاکٹر اور بچاؤ ٹیم گاؤں پہنچ گئی اور پانچ گھنٹوں کی کوشش کے بعد اس چیتا کو پہلے اسی حالت میں محکمہ جنگلات کی گاڑی میں موجود پنجرہ میں منتقل کیاگیا پھر ماہر کٹر کی مدد سے اس کے سر میں پھنسےہوئے دھاتی برتن کو احتیاط کے ساتھ کاٹ کر بحفاظت نکال لیا گیا۔
فارسٹ رینج آفیسرمحکمہ جنگلات کونڈی باڑی سویتا سوناو نے میڈیا کو بتایاکہ اس کے بعداس چیتا کو چندگھنٹوں تک محکمہ جنگلات کی نگرانی میں رکھا گیا تھا اور اس کے طبی معائنہ کے بعد اسے جنگل میں چھوڑ دیا گیا۔چیتا اپنے سر کو اس دھاتی برتن سے آزاد کروانے کی لگاتار کوشش کرتے ہوئے تھک گیاتھا اور اسے آکسیجن کی فراہمی کی ضرورت تھی۔اس چیتا کو بچانے کی غرض سے ویٹرنری ڈاکٹر نے فوری چیتا کو بڑی مقدار میں خوراک اور پانی دے کر اسے ذہنی اور جسمانی طور پر نارمل حالت میں لایا۔اس سارے آپریشن کے دؤران بڑی تعداد میں جمع ہجوم کو پولیس کی ایک ٹیم کی مدد سے کنٹرول کیا گیا۔
اس چیتا کو بچانے کی یہ مہم نوین کمار سنگھ، ڈپٹی کنزرویٹر آف فاریسٹ دھولے ضلع کی رہنمائی میں کی گئی جس میں فاریسٹ رینج آفیسر سویتا سوناو،محکمہ کے ایک ویٹرنری آفیسر، پولیس عہدیدار اور دھولے ضلع کے اعزازی وائلڈ لائف وارڈن اس ریسکیو آپریشن میں شامل تھے۔
” یہ بھی پڑھیں ”
حالات کو بدلنے کے لیے پہلے ہمیں اپنے آپ کو بدلنا ہوگا : مولانا محمد عبدالقوی صاحب کا خطاب
حیدرآباد ایئر پورٹ پر 6 کروڑ روپئے مالیتی 13 کلو 65 گرام سونا ضبط، تین گرفتار

