کے ٹی آر تلنگانہ کے انتخابات میں آپ کی پارٹی کو کیوں شکست ہوئی معلوم ہے؟
چیف منسٹر کرناٹک سدرامیا کا کے ٹی آر کے ایک ویڈیو ٹوئٹ پر سخت جوابی حملہ
حیدرآباد : 19۔ڈسمبر
(سحرنیوز/سوشل میڈیا ڈیسک)
گزشتہ دنوں تلنگانہ اسمبلی میں وزیراعلیٰ ریونت ریڈی اور پہلی مرتبہ اپوزیشن میں بیٹھی بی آر ایس پارٹی کے کارگزار صدر و سابق وزیر کے ٹی آر کے درمیان ہونےوالی نوک جھونک کے کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔کانگریسی قائدین اور وزیراعلیٰ کےحامیوں نےسوشل میڈیا پر ان ویڈیوز کےساتھ اورکمنٹس میں لکھاکہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نےکے ٹی آر کو دھو دیا۔جبکہ کے ٹی آر اور بی آر ایس پارٹی کےقائدین اور حامیوں نے بھی سوشل میڈیا پر لکھا کہ کے ٹی آر نے جم کر ریونت ریڈی کو آئینہ دکھایا۔
ایسے میں آج ایکس ” X ” (سابقہ ٹوئٹر) پر کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدرامیا نے کے ٹی آر کے ایک ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے ان پر سخت حملہ کیا ہے۔جو کہ سوشل میڈیا پر دونوں جانب کے قائدین اور حامیوں کے درمیان موضوع بحث بن گیا ہے۔
دراصل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے۔ویڈیو کےمطابق وزیراعلیٰ کرناٹک سدرامیا کرناٹک کی اسمبلی میں کہہ رہےہیں کہ الیکشن کے وقت ووٹ حاصل کرنےکے لیے رائے دہندوں سے کئی وعدے اور اعلانات کیے جاتے ہیں تو کیا سب مفت دیا جائے۔؟ اس کےلیے پیسے کہاں سے لائیں؟ ہم بھی چاہتے ہیں کہ جو وعدے کیے ہیں ان کو پورا کریں اور وہ سب کچھ د یں جن کا انتخابات کے موقع پر عوام سے وعدہ کیا گیا تھا لیکن اس کے لیے حکومت کے پاس رقم موجود نہیں ہے۔!!
اس غیر مصدقہ اور وائرل شدہ ویڈیو کو کارگزار صدر بی آر ایس پارٹی سابق ریاستی وزیرکے ۔تارک راما راؤ(کے ٹی آر) نے اتر آندھرا ناؤ نامی ایک ایکس X اکاؤنٹ سے شیئر کرتے ہوئے ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ” کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کا کہناہےکہ انتخابی وعدے/گیارنٹیز پوری کرنے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔کیا انتخابات میں عوام کو کامیابی سےدھوکہ دینے کےبعد تلنگانہ کےلیے بھی یہی مستقبل کاسانچہ ہے؟کیا آپ کوعجیب وغریب بیانات دینے سے پہلے بنیادی تحقیق اور منصوبہ بندی نہیں کرنی چاہئے؟ "
کے ٹی آر کی جانب سے ری۔ٹوئٹ کیے گئے اس ویڈیو کو ری۔ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کرناٹک سدرامیا نے سخت لفظوں میں جواب دیتے ہوئےلکھا ہے کہ” کے ٹی آر تلنگانہ کے انتخابات میں آپ کی پارٹی کو کیوں شکست ہوئی معلوم ہے؟کیوں کہ آپ کو یہ تک نہیں معلوم کہ کونسا ویڈیو مصدقہ ہے اور کونسا ویڈیو فیک ہے ! اپنے اس ٹوئٹ میں وزیراعلیٰ کرناٹک سدرامیا نے بی جے پی پارٹی کے ایکس اکاؤنٹ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھاہےکہ یہ فیک Fake# اور ایڈیٹڈ Edited# ویڈیوز بناتےہیں اور آپ کی پارٹی ان کو پھیلاتی ہے۔اور اس سے ایک بار پھر ثابت ہوتا ہے کہ بی آر ایس بی جے پی کی بی۔ٹیم ہے۔”
” یہ بھی پڑھیں ”
لوک سبھا اور راجیہ سبھا سے مختلف اپوزیشن جماعتوں کے 78 ارکان پارلیمان معطل، جملہ 92 ارکان کی معطلی

