تلنگانہ راؤنڈ اپ : آج 12 ڈسمبر کی اہم خبریں :-
وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کا مجلس کے نومنتخب ارکان اسمبلی کے ساتھ پرانے شہر کے مسائل پر جائزہ اجلاس
عوام میری عیادت کے لیے ہسپتال نہ آئیں : کے سی آر کی ویڈیو پیغام کے ذریعہ اپیل
الیکشن کمیشن نے سابق ڈی جی پی تلنگانہ انجنی کمار کی معطلی کے احکام واپس لے لیے
حیدرآباد، سائبر آباد اور راچہ کونڈا پولیس کمشنران کے تبادلے
شاہنواز قاسم چیف منسٹر تلنگانہ کے سیکریٹری مقرر
حیدرآباد : 12۔ڈسمبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کا مجلس کے نومنتخب ارکان اسمبلی کے ساتھ پرانے شہر کے مسائل پر جائزہ اجلاس :-
اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے پانچ دن بعد وزیراعلیٰ تلنگانہ اینمولہ ریونت ریڈی نے ایک پیشرفت کے ذریعہ کل ہندمجلس اتحادالمسلمین کے نومنتخب 7 ارکان اسمبلی کے ساتھ قائد مقننہ و رکن اسمبلی حلقہ چندرائن گٹہ اکبر الدین اویسی کی قیادت میں ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔دستیاب اطلاعات کے مطابق چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ محترمہ شانتی کماری کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداربھی اس اجلاس میں موجود تھے۔
وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے اس اجلاس میں پرانے شہر حیدرآباد کے مسائل،جاریہ ترقیاتی اور زیر التواء کاموں کی مکمل تفصیلات قائد مقننہ و رکن اسمبلی حلقہ چندرائن گٹہ اکبر الدین اویسی سے حاصل کی۔یہ پہلا موقع ہے کہ ریاست کے وزیراعلیٰ نے پرانے شہر حیدرآباد کے عوام کو درپیش مسائل اور اس کی ترقی کے اقدامات کے لیے پرانے شہر کے ارکان اسمبلی کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا۔
حالیہ سابق وزیراعلیٰ کے سی آر کا ہسپتال کے بستر سے عوام کے نام ویڈیو پیغام :۔
اپنے کولہے کی ہڈی میں فریکچر کے آپریشن کےبعد حیدرآباد کے سوماجی گوڑہ میں موجود یشودھا ہسپتالمیں زیر علاج اور تیزی سےروبہ صحت ہورہے حالیہ سابق وزیراعلیٰ تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے آج ہسپتال کے بستر سے ایک منٹ 53 سیکنڈ پرمشتمل ایک ویڈیو پیغام جاری کرتےہوئے حیدرآباد کےعلاوہ ریاست کےمختلف مقامات کے بی آر ایس پارٹی قائدین، کارکنوں اور اپنے حامیوں سے اپیل کی ہےکہ وہ ان کی عیادت کے لیے ہسپتال نہ آئیں۔
سابق وزیراعلیٰ نے ان کے چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرتےہوئے کہاکہ ہسپتال میں بڑی تعداد میں ان کے حامیوں اور پارٹی کارکنوں کے آنے کےباعث ہسپتال میں زیرعلاج مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اورساتھ ہی اس سے انفیکشن پھیلنے کا خطرہ بھی ہے۔اپنے ویڈیو پیغام میں سابق وزیراعلیٰ کے سی آر نے کہاہےکہ وہ روبہ صحت ہورہے ہیں اور ان کے تئیں ان کے حامیوں کی محبت اور فکر کے لیے وہ ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے مکمل صحتیاب ہونے کے بعد ضرور تمام سے ملاقات کریں گے۔
https://www.facebook.com/KalvakuntlaChandrashekarRao/videos/6773377162788421
یاد رہے کہ دو دن قبل نو منتخب وزیر اعلیٰ تلنگانہ ریونت ریڈی نے ہسپتال پہنچ کر سابق وزیراعلیٰ کے سی آر کی عیادت کی تھی۔بعد ازاں کل سابق وزیراعلیٰ آندھرا پردیش نارا چندرا بابو نائیڈو کے علاوہ فلم اداکار چرنجیوی،پرکاش راج اور آج مجلس کے قائد مقننہ اکبر الدین اویسی کے علاوہ دیگر کئی شخصیتوں نے ہسپتال پہنچ کر سابق وزیراعلیٰ کے سی آر کی عیادت کی اور ان کی جلدصحتیابی کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔
الیکشن کمیشن نے سابق ڈی جی پی تلنگانہ انجنی کمار کی معطلی کے احکام واپس لے لیے :۔
الیکشن کمیشن نے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ انجنی کمار کی معطلی کے اپنے احکام آج واپس لے لیے ہیں۔یہ فیصلہ انجنی کمار کی درخواست نظر ثانی کے جائزہ کے بعد کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ 3 ڈسمبر کو ووٹوں کی گنتی اور کانگریس کی اکثریت حاصل کرنے کی جانب بڑھنے کے دوران اس وقت کے ڈی جی پی انجنی کمار نے دیگر دو عہدیداروں سنجے کمار جین اور مہیش ایم بھاگوت کےساتھ ریونت ریڈی سےملاقات کرتےہوئے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے اور گلدستہ پیش کیا تھا۔

اس ملاقات کے فوری بعد الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے انجنی کمار کی معطلی کا حکم جاری کیاتھا۔اور ان کے ساتھ موجود دیگر دو عہدیداروں کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کی تھی۔انجنی کمار کی معطلی کے بعد ریاست کے سینئر آئی پی ایس عہدیدار روی گپتاکو ڈی جی پی تلنگانہ کی زائد ذمہ داری تفویض کی گئی تھی۔
حیدرآباد ، سائبر آباد اور راچہ کونڈا کے کمشنران پولیس کے تبادلے :-
آج حکومت تلنگانہ نے دارالحکومت حیدرآباد میں موجود تین پولیس کمشنریٹ کے کمشنران پولیس کے تبادلے عمل میں لائے ہیں۔اس سلسلہ میں جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ نے تبادلوں کے احکام جاری کر دئیے ہیں۔
حیدرآباد کے کمشنر آف پولیس کی حیثیت سے کے۔سرینواس ریڈی کا تقرر عمل میں لایا گیا ہے،جو ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس، آرگنائزیشنس و لیگل کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ جبکہ کمشنرآف پولیس سائبرآباد کے طور پر اویناش موہنتی کو کمشنر پولیس سائبرآباد تقررعمل میں لایا گیا ہے جو سائبرآباد کے جوائنٹ کمشنر آف پولیس (ایڈمن) کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
اسی طرح پولیس کمشنر راچہ کونڈا پولیس کمشنریٹ کے طور پر سدھیر بابو کا تقرر عمل میں لایا ہے،جو ایڈیشنل کمشنر آف پولیس، ٹریفک، حیدرآباد کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

جبکہ موجودہ کمشنر پولیس حیدرآباد سندیپ شانڈلیا کو تلنگانہ اسٹیٹ اینٹی نارکوٹکس بیورو TSNAB#کے ڈائرکٹر کےطور پر مقرر کیا گیاہے۔وہیں سائبر آباد اور راچہ کونڈا کے موجودہ پولیس کمشنران اسٹیفن رویندرا اور ڈی ایس چوہان کو دفتر ڈی جی پی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔اس سلسلہ میں آج 12 ڈسمبر کو چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ محترمہ شانتی کماری نے احکام جاری کر دئیے ہیں۔
شاہنواز قاسم چیف منسٹر تلنگانہ کے سیکریٹری مقرر :۔
وزیراعلیٰ تلنگانہ ریونت ریڈی کے سیکریٹری کی حیثیت سے شاہنواز قاسم آئی پی ایس کاتقررعمل میں لایا گیاہے۔شاہنواز قاسم آئی جی حیدرآبادرینج کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔اس سلسلہ میں آج 12 ڈسمبر کو دفتر چیف منسٹر سے احکام جاری کردئیے گئے ہیں۔

” یہ بھی پڑھیں "
تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ، حج کمیٹی، اردو اکیڈیمی اور اقلیتی فینانس کارپوریشن کے صدور عہدوں سے برخاست


