ریاستی وزیر کے ٹی آر سے بیرسٹر اسد الدین اویسی کی ملاقات، تانڈور کے مختلف مسائل کو حل کرنے کے لیے نمائندگی

ریاستی وزیر کے ٹی آر سے بیرسٹر اسد الدین اویسی کی ملاقات
 تانڈور ٹاؤن کے مختلف مسائل کو حل کرنے کے لیے نمائندگی
صدر مجلس تانڈور عبدالہادی شہری نے 15 مطالبات پرمشتمل یادداشت حوالے کی

وقارآباد/تانڈور: 12؍ستمبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

ریاستی وزیر بلدی نظم ونسق و آئی ٹی و صنعت کے۔تارک راما راؤ(کے ٹی آر) سے بیرسٹر اسد الدین اویسی،صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمان حلقہ حیدرآباد نے آج صدر مجلس اتحاد المسلمین تانڈور عبدالہادی شہری کے ساتھ پرگتی بھون،حیدرآباد میں ملاقات کی۔

اس ملاقات کے دؤران صدرمجلس بیرسٹر اویسی نے ریاستی وزیر کے ٹی آر سے تانڈورکے مختلف مسائل بالخصوص اقلیتوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی اور زیر تکمیل کاموں سے واقف کر واتے ہوئے مسائل کے حل کا مطالبہ کیا اور زیر تکمیل کاموں کو جلد مکمل کرنے کے لیے نمائندگی کی۔تانڈور کے ان مطالبات اور مسائل پرمشتمل یہ یادداشت صدر مجلس اتحادالمسلمین عبدالہادی شہری کی جانب سے تیار کی گئی تھی۔

صدرمجلس اتحاد المسلمین تانڈور عبدالہادی شہری نےبتایا کہ ریاستی وزیر کے ٹی آر سے اس ملاقات کے دوران صدرمجلس بیرسٹر اسدالدین اویسی نے ریاستی وزیر کے ٹی آر سےنمائندگی کی کہ قدیم تانڈور کےریلوے گیٹ کےلیےمنظورہ فلائی اوور بریج کےتعمیری کاموں کافوری آغاز کیا جائے جو برسوں سے زیر التواء ہے جس سے قدیم تانڈور کے مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

صدرمجلس تانڈور عبدالہادی شہری کےمطابق ساتھ ہی صدرمجلس و رکن پارلیمان بیرسٹر اسد الدین اویسی نےریاستی وزیر کے ٹی آر سے نمائندگی کی کہ تانڈور میں موجودمسلم وقف کامپلیکس کی توسیع کے لیے ایک کروڑ روپئے، قدیم عیدگاہ کی اراضی پر ہمہ مقصدی کامپلیکس کی تعمیر کے لیے 50؍لاکھ روپئے جاری کیے جائیں۔

اسی طرح حیدرآباد روڈ پر سروے نمبر 52 میں موجود سرکاری اراضی میں عیدگاہ اور قبرستان کے لیے فی کس 5؍ایکڑ اراضی منظور کی جائے اور عدالتی احکام کےمطابق کوٹ پلی میں موجود 4؍ایکڑ 2؍ گنٹوں پرمشتمل مسلم قبرستان کاموقف جوں کا توں برقرار رکھاجائے۔

صدر مجلس اتحاد المسلمین بیرسٹر اسد الدین اویسی نےریاستی وزیر کے ٹی آر سےنمائندگی کی کہ تانڈور میں موجود شکستہ حال اردو گھر و شادی خانہ کی مرمت اور اس کو قابل استعمال بنانے کے لیے 50؍لاکھ روپئے جاری کئے جائیں۔اندرانگر میں آنگن واڑی مرکز کےقیام کےلیے درکار اراضی منظور کی جائے۔اور ساتھ ہی اندرا نگر میں دو اردو گھر و شادی خانوں کی تعمیر کےلیے دو ایکڑ اراضی منظور کرتے ہوئے تعمیر کے لیے دو کروڑ روپئے جاری کیے جائیں تاکہ اندرا نگر کے 6 بلدی حلقوں کے 20 ہزار عوام کو سہولت حاصل ہو۔ 

صدر مجلس تانڈور عبدالہادی شہری نے بتایا کہ اس ملاقات کے دؤران صدر مجلس بیرسٹر اسد الدین اویسی نے ریاستی وزیر بلدی نظم نسق کے ٹی آر سے یہ نمائندگی بھی کی کہ تانڈور میں موجود تمام شکستہ اورخستہ حال سڑکوں کی مرمت کویقینی بنایاجائے،تانڈور کے تمام 36 بلدی حلقہ جات میں موجود مسائل کو حل کیا جائے اور ان بلدی حلقوں کو ترقی دی جائے۔

اور ساتھ ہی یہ نمائندگی بھی کی کہ اندرا چوک تا ریلوے اسٹیشن چند ماہ قبل شروع کیےگئےسڑک کی توسیع کےکاموں کا دوبارہ آغازکرتے ہوئے اس کو مکمل کیا جائے اور اس توسیع کی زد میں آنے والی عمارتوں کے مالکین کومناسب معاوضہ بھی دیا جائے۔جس پر ریاستی وزیر کے ٹی آر نے بتایا کہ اس کے لیے پہلے ہی 5 کروڑ روپئے جاری کر دئیے گئے ہیں اور ضرورت پڑنے پر مزید رقم جاری کی جائے گی۔

صدر مجلس تانڈورعبدالہادی شہری نے بتایاکہ ان تمام مطالبات کی سماعت کےبعد ریاستی وزیر کے ٹی آر نے ریاستی وزیر اطلاعات و معدنیات ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی،رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی سےفون پر بات کرتےہوئے تانڈور کے ان تمام مسائل کے حل کو ممکن بنانے کی ہدایت دی اور ساتھ ہی صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین بیرسٹراسد الدین اویسی کو تیقن دیا کہ ان تمام مسائل کے حل کے لیے درکار فنڈز کی اجرائی کو یقینی بنایا جائے گا۔

ریاستی وزیر کے ٹی آر نے بیرسٹر اویسی کو واقف کروایاکہ تانڈور کی ترقی کے لیے پہلے ہی بلدیہ تانڈور کو ایس ڈی ایف کے تحت 36کروڑ،ٹی یو ایف آئی ڈی سی کے پہلے مرحلہ کےتحت 31 کروڑ،دوسرے مرحلہ کےتحت 16 کروڑ اور پٹنا پرگتی(شہری ترقی ) اسکیم کے تحت 20 کروڑ روپئے جاری کیےجاچکے ہیں۔بعدازاں صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین بیرسٹر اسد الدین اویسی نے صدرمجلس اتحادالمسلمین تانڈور عبدالہادی شہری کے ذریعہ ان تمام مسائل اور مطالبات پر مشتمل تفصیلی یادداشت ریاستی وزیر کے ٹی آر کے حوالے کی۔