تانڈور کی مور سوپر مارکیٹ میں چوری, کرناٹک کی گینگ کے تین سارق گرفتار, ایک فرار : ڈی ایس پی شیکھر گوڑ کی پریس کانفرنس

تانڈور کی مور سوپر مارکیٹ میں چوری، کرناٹک کی گینگ کے تین سارق گرفتار، ایک فرار
کوڑنگل میں بھی پانچ سرقہ کی وارداتیں انجام دی تھیں : ڈی ایس پی شیکھر گوڑ کی پریس کانفرنس

وقارآباد/تانڈور: 27۔اگست
(سحرنیوز ڈاٹ کام)

وقارآبادضلع کے تانڈور میں موجود مور سوپر مارکیٹ کا شٹر توڑ کر دو لاکھ 36 ہزار روپئے نقد رقم اور ایک موبائل فون کا سرقہ کرنے والی چار رکنی بین ریاستی سارقوں کی ٹیم کے تین سارقوں کو تانڈور پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔اس گینگ کا ایک اور سارق مفرور ہے۔

دفتر ڈی ایس پی تانڈور میں طلب کردہ پریس کانفرنس میں گرفتار شدہ سارقوں اوران کے قبضہ سے برآمد شدہ رقم اور دیگر اشیاکےساتھ میڈیا کے سامنے پیش کرتےہوئے ڈی ایس پی جی۔شیکھر گوڑ نےبتایاکہ تانڈور میں موجود مور سوپر مارکیٹ میں 21 اگست کی رات سرقہ کی واردات انجام دی گئی تھی اور نامعلوم سارق سبل کی مدد سے سوپر مارکیٹ کا شٹر توڑ کر اندر داخل ہوئے تھے اور وہاں گودریج الماری کا لاکر جس میں زائداز دو لاکھ 36 ہزار روپئے نقد رقم موجود تھی کے علاوہ ایک موبائل فون کا سرقہ کرلیا تھا۔

ڈی ایس پی نےبتایا کہ مینجئرنے مور سوپر مارکیٹ میں سرقہ کی شکایت تانڈور پولیس اسٹیشن میں درج کروائی تھی۔جس کےبعدسرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن) راجندر ریڈی کی قیادت میں پولیس نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔

تحقیقات کے دوران جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیاگیا اور ساتھ ہی سی سی ٹی وی کیمروں کےفوٹیج کامشاہدہ کیا گیا۔اور اس سرقہ کی واردات میں ملوث گلبر گہ ضلع،سیڑم تعلقہ کے موضع سلدار کوٹ کے ساکن نوین،کروا سرینواس اورسنجو کو گرفتار کرلیا گیا جنہوں نے تفتیش میں اس سرقہ کی واردات انجام دینے کا اعتراف کرلیا جبکہ اس گینگ کا چوتھا سارق ڈبہ سنجیوا فرار ہے جسے جلد ہی گرفتار کرلیا جائے گا۔

ڈی ایس پی جی۔شیکھرگوڑ نے بتایاکہ ان سارقوں کے قبضہ سے مور سوپر مارکیٹ سےسرقہ کی گئی رقم میں سے ایک لاکھ 70 ہزار روپئے نقد رقم ،سیل فون اور گودریج الماری کا لاکر برآمد کرلیا گیا۔ڈی ایس پی نے بتایا کہ نوین، کروا سرینواس،سنجو اور ڈبہ سنجیو پرمشتمل ٹولی نےقبل ازیں کرناٹک کے مدھول پولیس اسٹیشن کے حدود میں دو سرقہ کی واردتوں کے علاوہ وقارآباد ضلع کے کوڑنگل میں 26 اور 27 مئی اور 7 اور 9 جولائی کو سرقہ کی سلسلہ وار پانچ سرقہ کی وارداتیں انجام دیتےہوئے نقد رقم،چاندی کے زیور،لیاپ ٹاپ،موبائل فونس کےعلاوہ کپڑوں کاسرقہ کرلیا تھا۔

ڈی ایس پی جی۔شیکھر گوڑ نے بتایا کہ بالآخر اس ٹولی کو گرفتار کرتے ہوئے ان سرقہ کی وارداتوں کے دوران سرقہ کیے گئے لیاپ ٹاپ،سیل فونس اور کپڑے بھی ان کےقبضہ سے برآمد کرلیےگئے ہیں۔ساتھ ہی سرقہ کی وارداتوں کے لیے استعمال کی جانے والی ان کی دو موٹریکلیں بھی پولیس نے ضبط کی ہیں۔

ڈی ایس پی شیکھر گوڑنےاس سرقہ کی وارداتوں میں ملوث گینگ کو تیز رفتار تحقیقات کے ذریعہ گرفتارکرنے پر سرکل انسپکٹر پولیس راجندر ریڈی، سب انسپکٹر پولیس عبدالرؤف،پولیس جوانوں محمد امجد،محمدسبیل اور دیگر ٹیم کے ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئےجلد ہی انہیں ریوارڈ دینے کااعلان کیا۔اس پریس کانفرنس میں سرکل انسپکٹر پولیس راجندر ریڈی، سب انسپکٹر پولیس عبدالرؤف اور دیگر موجود تھے۔

 

یہ بھی پڑھیں ” 

اتر پردیش : خاتون ٹیچر کی جانب سے ایک مسلم طالب علم کو ہندو طلباء کے ذریعہ تھپڑ مارنے کی ہدایت : دردناک ویڈیو وائرل

 

ایم ایل سی ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی نے راج بھون میں بحیثیت وزیر حلف لیا، وزیر اعلیٰ تلنگانہ نے وزیر معدنیات کا قلمدان سونپا