چندریان 3 کی کامیاب لینڈنگ، چاند کے تاریک کونے پر ہندوستان کا پرچم رؤشن ، چاند کے قطب جنوبی پر پہنچنے والا پہلا ملک بن گیا

چندریان 3 کی کامیاب لینڈنگ، چاند کے تاریک کونے پر ہندوستان کا پرچم رؤشن
ہندوستان چاند کے قطب جنوبی پر پہنچنے والا پہلا ملک بن گیا، سارے ملک میں جشن
وزیراعظم،چیف منسٹر تلنگانہ،بیرسٹر اویسی اور دیگر نے اسرو کے سائنسدانوں کو دی مبارکباد

حیدرآباد: 23۔اگست (سحر نیوز ڈاٹ کام/ڈیسک)

ہندوستان نے آج 23 اگست کی شام دنیا کی سائنسی تاریخ میں ایک نئی تاریخ رقم کرتےہوئے چاند کی سطح کےجنوبی قطب پرکامیاب طریقہ سے اپنے خلائی مشن چندریان3،  Chandrayaan-3 کے لینڈر وکرم کو چاند پر اتارنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔ اور یہ ملک کے 140 کروڑ عوام کے لیے فخریہ لمحات ہیں ساتھ ہی خلائی ادارہ ” انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن اسرو ISRO# "کےسائنسداں قابل مبارکبادہیں،جنہوں نے ملک کا سر فخر سے اونچا کر دیا ہے۔

اسی کےساتھ ہندوستان چاندکے اس حصے پر اپنے خلائی لینڈر وکرم کو اتارنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیاہے اور امریکہ،سابق سوویت یونین اور چین کے بعد چاند پر سافٹ لینڈنگ کرنے والا چوتھا ملک بن گیا ہے۔جس کے بعد پورے ملک میں جشن کا ماحول ہے۔

چندریان3 کے لینڈر وکرم نے آج منگل کی شام 5.44 بجے اپنی لینڈنگ کا عمل شروع کیا۔اس کےبعد 20 منٹ میں اس نےچاند کے آخری مدار سے 25 کلومیٹر کا سفر مکمل کرلیا۔چندریان3 کے لینڈر نے چاند پر اپنا پہلا قدم شام 6 بجکر 40 منٹ پر رکھا۔

اس سلسلہ میں خوشی اور فتح کے جشن سے سرشار اسرو کے ڈائریکٹر ایس۔سومناتھ نے کہا کہ اگلے 14 دن ہمارےلیے بہت اہم ہیں۔ پرگیان روور کو باہر آنے میں ابھی ایک  دن لگ سکتاہے۔انہوں نے کہا کہ پرگیان ہمیں چاند کے ماحول کے بارے میں معلومات فراہم کرے گا۔آج 23 اگست کو ہندوستان کے چاند مشن کےتحت چندریان کے چاند پر کامیابی کے ساتھ اترنے کے بعد لینڈر وکرم نے اپنا پہلا پیغام بھیجاکہ وہ اپنی منزل پر پہنچ گیا اور ہندوستان کو مبارکباد بھی دی۔اسرو کےسائنسدانوں کےمطابق اس مہم کے آخری مرحلے میں تمام عمل پہلے سے طئے شدہ منصوبوں کے مطابق درست طریقہ سے آگے بڑھے۔

چندریان3 کا خلائی مشن 14 جولائی کو ملک کی جنوبی تلگو ریاست آندھرا پردیش سے شروع ہواتھا اور 40 دن کےطویل سفر کے بعد یہ آج چاند کے قطب جنوبی پر اترا ہے۔اس لینڈرنے چاند کے مدار میں داخل ہونے سے قبل تقریباً دس دنوں تک زمین کے گرد چند چکر لگائے جس کے بعد یہ پہلے ٹرانس لونر اور پھر 5 اگست کو چاند کے مدار میں داخل ہونےمیں کامیاب ہواتھا۔17 اگست کو اس مشن کا آخری مرحلہ شروع ہوا تھا جب لینڈر پروپلشن ماڈیول سے الگ ہوا جو بعد میں اسے چاند کے قریب لے گیا تھا۔

بی بی سی اردو کی رپورٹ کےمطابق چاند پر کامیاب لینڈنگ کےبعد اس خلائی مشن سے 6 پہیوں والی ایک گاڑی چاند کی سطح پر اُترے گی اور وہاں موجود چٹانوں اور گڑھوں کے گرد گھومے گی۔اس دوران وہ وہاں جمع کیے جانے والے اہم ڈیٹا اور تصاویر کو واپس زمین پر تجزیے کے لیے بھیجے گی۔

چاند کی سطح پر اُترنے والی یہ گاڑی ایسے آلات لے کر گئی ہے جو چاند کی سطح کی خصوصیات،سطح کے قریب کے ماحول اور سطح کے نیچے کیا ہو رہا ہے جیسے معاملات کا مطالعہ کرنے کے لیے” نیکٹونک ایکٹوٹی "کے بارے میں معلومات جمع کرے گی۔چندریان۔3 مشن کے بڑے اہداف میں سے ایک ” پانی سے بننے والی برف ” کی تلاش ہے۔سائنسدانوں کا کہناہے کہ چندریان اس برف کی تلاش میں کامیاب رہتا ہے تو مستقبل میں چاند پر انسانوں کی رہائش میں مدد مل سکتی ہے۔

بی بی سی اردو کےمطابق ہندوستانی سائنسدانوں نے اپنی خلائی گاڑی اتارنے کےلیے چاند کے جس حصے کا انتخاب کیا ہے وہ اس سیارے کے قطب جنوبی کا دوردراز خطہ ہے اور مستقل طور پر سائے میں رہنے کی وجہ سے اسے”چاند کا اندھیرے والا حصہ”بھی کہا جاتا ہے۔چاند کا جنوبی قطب ابھی تک بڑی حد تک غیر دریافت شدہ ہے۔وہاں کی سطح کا رقبہ چاند کے شمالی قطب کے مقابلے میں بہت بڑا ہے۔

سائنسدانوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس بات کے غالب امکانات ہیں کہ چاند کا جو حصہ سائے میں ہے وہاں پانی کی موجودگی کے آثار ملیں۔اسرو نے اس سے پہلے بھی دو بار چاند کے جنوبی قطب کے لیے مشن روانہ کیا تھا جو کہ ناکام ہو گئے تھے تاہم چندریان۔3 کی اس خطے میں اُترنے کی کوشش آج کامیاب ہوگئی۔پورے ملک اور دنیا بھر میں موجود ہندوستانیوں نے آج چندریان 3 کی کامیاب لینڈنگ کے لیے خصوصی دعائیں کیں اورکئی شہروں میں پوجاپاٹ بھی کی گئی۔

وزیراعظم نریندرمودی جو کہ جنوبی افریقہ کے دورہ پر ہیں نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اسرو کے سائنسدانوں کو مبارکباد دی۔وزیر اعظم نریندرمودی نے قوم سےخطاب کرتےہوئے کہا کہ یہ ایک پرمسرت موقع ہے اور یہ صرف ہندوستان کی کامیابی نہیں بلکہ سب کی کامیابی ہے۔نریندر مودی نے کہاکہ آج ملک کےہر گھر میں جشن کاسماں ہے،میں بھی اس جشن میں اپنی قوم کےساتھ ہوں۔میں چندریان کی پوری ٹیم کو اور اس مشن میں کسی بھی طرح کی مدد کرنے والوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔میں ملک کے 140 کروڑ عوام کو مبارک دیتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہاکہ آج آپ سب کی محنت سے ہم اس مقام پر پہنچے ہیں جہاں آج تک دُنیا کا کوئی مُلک نہیں پہنچا۔ یہ مشن دیگر ممالک کے خلائی مشنز کی بھی مدد کرے گا۔یہ دن ہمیں ایک روشن مستقبل کی جانب لے کر جانے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ لمحہ ہندوستان کی طاقت کا ہے اور یہ ہندوستان میں نئی ​​توانائی، نئے شعور کا لمحہ ہے۔

چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھر راؤکے دفتر کی جانب سے تلگو اور انگریزی میں کیے گئے دو ٹوئٹ میں لکھاگیاہے کہ چیف منسٹر نے آج چاند پر Chandrayaan3 کے لینڈر ماڈیول کی کامیاب لینڈنگ پر خوشی کا اظہار کیا۔چیف منسٹر نے کہا کہ ہندوستان چاند کے جنوبی قطب پر کامیابی کے ساتھ لینڈر ماڈیول لگانے والا دنیا کا پہلا ملک بن کر ابھرا ہے۔

ہندوستان نے عالمی خلائی تحقیق کے میدان میں ایک نیا باب رقم کیا اور ایک نئی تاریخ رقم کی۔یہ وہ موقع ہےجس پر ہر ہندوستانی کو فخر کرنا چاہئے۔اس خوشی کے موقع پرچیف منسٹرنے انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن۔ISRO# سائنسدان،عملہ اور خلائی تجربے کی کامیابی میں شامل ہر فرد کو مبارکباد دی۔

چیف منسٹر کے۔چندر شیکھر راؤ نے کہاکہ یہ تمام ہندوستانیوں کے لیے جشن کا ایک بڑا دن ہے کیونکہ دیرینہ خواب آج پورا ہو رہا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ چندریان 3 کی کامیابی خلائی تحقیق اور اسرو کے ذریعہ کئے جانے والے مزید تجربات میں زبردست حوصلہ افزائی کرے گی۔چیف منسٹر نےخواہش ظاہر کی کہ اسرو خلائی تحقیق کےمیدان میں اسی جذبےکولےکر اپنی کامیابی کی کہانیاں جاری رکھے گا اور دنیابھر میں ہندوستان کی ساکھ کو بڑھا کر نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔

چندریان3 کی چاند کی سطح پر کامیاب لینڈنگ کے بعدسابق صدرکل ہند کانگریس و رکن پارلیمان راہول گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ” ٹیم اسروکے آج کے اہم کارنامے کے لیے مبارکباد،  چندریان 3 کی قمری جنوبی قطب پر اولین نرم لینڈنگ ہماری سائنسی برادری کی ذہانت اور دہائیوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔1962 سے، ہندوستان کاخلائی پروگرام مسلسل نئی بلندیوں کو چھورہا ہے اورخواب دیکھنے والوں کی نوجوان نسلوں کو تحریک دیتا ہے۔

صدر کل ہندمجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمان حلقہ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے چندریان کی کامیاب لینڈنگ کےبعد اپنےٹوئٹ میں لکھا ہے کہ” ٹیم اسرو کو مبارکباد،بحیثیت ہندوستانی ہمارے لیے یہ ایک قابل فخر لمحہ ہے۔ہندوستان کی سائنسی کامیابیوں کی طویل وراثت میں ایک اور زبردست اضافہ”

ان کے علاوہ ملک کی مختلف ریاستوں کے چیف منسٹرز، مرکزی و ریاستی وزرا،ارکان پارلیمان،مختلف پارٹیوں کے سیاسی قائدین، فلمی شخصیتوں کے بشمول مختلف شعبہ جات کی نامور شخصیتوں نے بھی اپنے ٹوئٹس کے ذریعہ اسرو اور ملک کو مبارکباد دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہو گا کہ دو سال قبل چندریان۔2 ناکام ہوگیاتھا اس وقت اسرو کے ڈائرکٹر کے۔سیون تھےجن کاتعلق تمل ناڈو سے ہے۔جبکہ آج اسرو کے ڈائرکٹر ایس سومناتھ ہیں جن کا تعلق ریاست کیرالا سے ہے۔میڈیا اطلاعات کے مطابق اس چندریان مشن میں خاتون سائنسداں ریتو کریدھال سریواستا کا بھی اہم رول ہے۔

آج جب اسرو کے یوٹیوب چینل پر چندریان کی لینڈنگ کا لائیو ٹیلی کاسٹ کیا جا رہا تھا اس وقت 70 لاکھ افراد اس کا نظارہ کر رہےتھے۔اسی دوران وزیر اعظم نریندر مودی اس لائیو ٹیلی کاسٹ میں جنوبی افریقہ سے جڑگئے اور قوم کے نام خطاب کیا۔ اس کے علاوہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھی چندریان۔3 کی لینڈنگ کا دلنشین اور فخریہ لائیو ٹیلی کاسٹ دیکھا گیا۔ 

اسی دؤران اپنا وطن ویب پورٹل کی رپورٹ کےمطابق چندریان3 کی کامیاب لینڈنگ والی اسرو کی ٹیم میں ریاست تلنگانہ کے متحدہ ضلع عادل آباد کے سائنسداں شیخ مزمل علی بھی شامل ہیں۔جو کہ مسلمانان تلنگانہ اور ہندوستانی مسلمانوں کے لیے قابل فخر ہے۔مزمل علی کا تعلق کاغذ نگر سے ہے۔ان کے والد جناب شیخ مخدوم علی، منڈل پریشد پرائمری اردو میڈیم اسکول،لکھارام،منڈل اوٹنور میں ٹیچر ہیں۔